خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں اتحادی فوج کے لئے سامان کی ترسیل کرنے والاکنٹینر ڈرائیور اور کلینر سمیت اغوا کرلیا گیا:
لنڈی کوتل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔2008ء)خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں مسلح افراد نے اتحادی فوج کے لئے سامان کی ترسیل کرنے والے کنٹینر کو ڈرائیور اور کلینر سمیت اغوا کرلیاہے ۔ ا س سے پہلے طور خم میں بھی اتحادی فوج کے کنٹینروں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے تھے ۔ واقعے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی تھی ۔ ادھر کرم ایجنسی میں زیریں کرم کے علاقے بل یامین میں دو گروہوں میں جاری مسلح تصادم روکنے کے لئے فورسز نے کارروائی کی جس میں متحارب گروہوں کے مورچوں کو توپخانے سے نشانہ بنایا گیا۔ آج لڑائی میں مزید دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ۔گزشتہ روز سے جاری لڑائی میں ہلاک شدگان کی تعداد چھ ہو گئی ہے ۔ آٹھ افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب اورکزئی ایجنسی کے علاقے گلدرہ میں دو گروہوں میں تصادم کے بعد انتظامیہ نے فائر بندی کرادی ہے ۔ لڑائی میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔ علاقے میں قیام امن کے لئے قبائلی مشران کا جرگہ ہفتہ کو ہوگا۔ ادھر سوات میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے مالاکنڈ ڈویڑن کے عمائدین پر مشتمل سترہ رکنی امن جرگہ سوات پہنچ گیا ہے ۔ سیکیورٹی فورسز نے رات بھر کبل اور مٹہ کے بالائی علاقوں میں شر پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔ سوات میں آج صبح سات سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میں وقفہ دیا گیا ہے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے