جنوبی وزیرستان، بارودی سرنگ کے دھماکے میں 8فوجی اہلکار زخمی ،زخمیوں کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں منتقل کردیا گیا:
وانا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اگست۔2008ء)جنوبی وزیرستان میں فوجی قافلے میں شامل ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں آٹھ فوجی زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں منتقل کردیا گیا ۔ مقامی انتظامیہ نے کہاہے کہ پیر کو شام پانج بجے کے قریب ٹانک سے وانا جانے والے فوجی قافلے میں شامل ایک گاڑی تنائی کے مقام پر بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ حکام کے مطابق دھماکے میں گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق دھماکے کے بعد فوج نے وانا ٹانک شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیاگیااور کسی کو بھی آنے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے سے پہلے وانا ٹانک شاہراہ پر سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے تھے۔ ٹانک سے وانا تک سڑک پر جگہ جگہ سکاوٴٹس فورس کے اہلکار موجود تھے۔ یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں28جولائی 2008ء کو اعظم ورسک کے علاقے میں ایک مکان پر میزائل حملے کے بعد ملا نذیر گروپ کے مقامی طالبان نے حکومت سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ اس حملے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ملا نذیر کا کہنا تھا کہ حملہ میں ایک معلم سمیت چھ بے گناہ اور چھوٹے طالب علم ہلاک ہوگئے تھے۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے