وانا میں میزائل حملے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، تفصیلات آنے میں48گھنٹے لگیں گے، دفتر خارجہ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک عرصہ سے ریٹائر ہو چکے ہیں ایٹمی معاملات سے کوئی تعلق نہیں پاکستان کی ایٹمی تنصیبات محفوظ ہیں،صدر مشرف بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونگے ، بگرام جیل میں کوئی پاکستانی خاتون قید نہیں ہے،پریس بریفنگ:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2008ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وانا میں ہونے والے میزائل حملے کی سرکاری طور پر ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی علاقہ تک رسائی تک نہ ہونے کی وجہ سے تفصیلات آنے میں48گھنٹے لگیں گے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ریٹائر ہوئے ایک عرصہ ہو چکا ہے اسلئے ایٹمی معاملات یا ایٹمی پھیلاؤ سے ان کا کوئی تعلق نہیں وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں پیش رفت کی توقع ہے بگرام جیل کے متعلقہ حکام نے بتایا ہے کہ وہاں کوئی پاکستانی خاتون قید نہیں ہے پیر کو دفتر خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ محمد صادق نے بتایا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے پہلے سرکاری دورے پر امریکہ گئے ہیں جس کے دوران امریکی حکام سے مختلف موضو عات پر تبادلہ خیال ہوگا اور توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں پاک امریکہ تعلقات میں پیش رفت ہوگی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کے باہر بم دھماکے کے حوالے سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پاکستان کو فراہم نہیں کیے گئے ایک اور سوال پر انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات نے بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں تاہم اس بارے میں ابھی تک شواہد نہیں ملے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا باب بند ہو چکا ہے انہیں ریٹائر ہوئے ایک عرصہ ہو گیا ہے اس لئے ایٹمی معاملات یا ایٹمی پھیلاؤ سے ان کا اب کوئی تعلق نہیں ہے میڈیا میں ان کے حوالے سے شائع ہونے والے بیانات اور خبروں کا تعلق مقامی معاملات سے ہے جبکہ پاکستان کے ایٹمی تنصیبات پوری طرح محفوظ ہیں ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی بگرام جیل میں پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے قید ہونے کی خبروں پر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا تھا جس پر ہمیں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ جیل میں کوئی پاکستانی خاتون قید نہیں ہے تاہم پاکستان اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے واشنگٹن میں کام کرنے والے پاکستانی صحافی نیئر زیدی کی امریکہ میں حراست سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ صحافی کی بیوی کے حوالے سے اخبارات میں خبریں شائع ہوئی ہیں تاہم میڈیا میں پہلی بار ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں ہم ان کے خاندان سے ہر ممکن تعاون کریں گے بھارت امریکہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس حوالے سے موقف نہایت واضح ہے ہم عالمی برادری سے اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایٹمی شعبے میں تعاون کے خواہش مند ہے وانا میں افغانستان سے میزائل حملے اور ہلاکتوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس واقعے کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی اور سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی آئندہ48گھنٹے میں تفصیلات سامنے آجائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ صدر پرویز مشرف چینی حکومت کی دعوت پر 8اگست کو بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے دنیا کے مختلف ممالک کے رہنما افتتاحی یا اختتامی تقریب میں شریک ہورہے ہیں صدر مشرف اس موقع پر ان عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ ان کی چینی قیادت سے بھی ملاقات ہوگی انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا35رکنی دستہ بیجنگ اولمپکس میں شرکت کررہا ہے انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کی اس اہم تقریب میں شرکت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے نتیجہ میں چین کے ساتھ پاکستان کے روایتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے