ہنگو میں آپریشن ختم کردیا گیا،مزید کسی کارروائی کا فیصلہ ضلع انتظامیہ اور صوبائی حکومت کرے گی۔آئی ایس پی آر۔ہنگو میں جرگہ اراکین اور حکام کے درمیان مذاکرات بغیرکسی پیش رفت کے ختم ہوگئے ، فریقین کل دوبارہ بات چیت کریں گے۔سوات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت 3افراد ہلاک ،6زخمی ، سیکورٹی فورسز نے کبل کے قریب ہزارہ کا محاصرہ کرلیا، علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ:
ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2008ء)ہنگو میں شدت پسندوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ختم کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب جرگہ ارکان اور حکام کے درمیان جاری بات چیت بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگئی ہے ، فریقین کل صبح دوبارہ مذاکرات کریں گے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگو میں شدت پسندوں کیخلاف آپریشن ختم کردیا گیا ہے ۔ بیان کے مطابق آئندہ کسی کارروائی کا فیصلہ ضلع انتظامیہ اور صوبائی حکومت کرے گی۔ادھر سوات کے علاقے کبل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے تحصیل کبل کے علاقے ہزارہ کا محاصرہ کرکے غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کبل کے قریب منجہ کے علاقے سے آنے والی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس تین افراد ہلاک اور چھہ زخمی ہوئے ، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ ادھر سیکیورٹی فورسز نے سوات کے علاقے ہزارہ میں کرفیو نافذ کردیا ہے ۔ جبکہ علاقے سے ملنے والے تین بموں کو بھی ناکارہ بنادیاگیا ہے ۔اس سے قبل تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان نے کہا تھاکہ سرحد حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد مقامی طالبان مختلف علاقوں میں مورچہ زن ہیں۔ مسلم خان کے مطابق ان مورچوں پر پچاس کمانڈرز تعینات کردئیے گئے ہیں۔ اور بیت اللہ محسود کا حکم ملنے پر کارروائیاں شروع کردی جائیں گی۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے