ہنگو میں تورااڑی اوردیگرمضافاتی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا گن شپ ہیلی کاپٹروں سے جنگجووٴں کے مشتبہ ٹھکانوں پرشیلنگ، متعدد مکانات مسمار ہوگئے ۔خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں متحارب گروہوں میں امن فارمولہ طے کرنے کے لئے جے یو آئی (ف) کے لشکر اسلام اور انصار اسلام سے مذاکرات، جرگہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے ،امن جرگہ سربراہ مولانا شجاع الملک:
ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2008ء)ہنگو میں توراورئی اوردیگرمضافاتی علاقوں میں سیکورٹی فورسزنے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے جنگجووٴں کے مشتبہ ٹھکانوں پرشیلنگ کی ،جس سے متعدد مکانات مسمار ہو گئے ۔تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔زرایع کے مطابق علاقے میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔مقامی آبادی محفوظ مقام کی جانب منتقل ہو گئی ہے ۔ دوسری جانب زرگری، شیناوری، چپری، ناریاب اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن کے دوران تعاون کیلئے زرگری میں مقامی افراد نے 25 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے ۔جبکہ ڈی سی او آفس میں علمائے کرام، جرگہ اراکین اور حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ادھر خیبر ایجنسی کے علاقہ تیراہ میں جاری لڑائی بند کرانے اور امن فارمولہ طے کرنے کے لئے جمیعت علماء اسلام (ف) کے مصالحتی جرگہ اراکین کے لشکر اسلام اور انصار الاسلام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ امن جرگہ کے سربراہ اور جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا شجاع الملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا ہے کہ جرگہ کامیابی سے آگے بڑھ رہاہے اور دونوں تنظیموں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات حوصلہ افزاء رہے ہیں۔مولانا شجاع الملک نے بتایا کہ جرگہ کے کچھ ممبران ان کی سربراہی میں انصارالاسلام کے امیر قاضی محبوب الحق اور دیگر رہنماؤں سے مذاکرات کے لئے تیراہ روانہ ہوگئے ہیں جبکہ امن جرگہ کے کچھ ممبران باڑہ میں لشکر اسلام کے نمائندوں سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام باڑہ میں نامعلوم مقام پر ہونے والے جرگے نے مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ روز مکمل کیا تھا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے