خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم میں 13افراد ہلاک ۔مہمند ایجنسی میں مقامی طالبان نے شاہ گروپ کے 2مغوی کمانڈروں کو قتل کردیا، 120یرغمالی تاحال طالبان کی قید میں:
وادی تیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2008ء)خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم میں مزید تیرہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لشکر اسلام اور انصار الاسلام کے درمیان لڑائی جاری ہے ۔ دونوں گروپ ایک دوسرے کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں۔ دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر قبضے کے متضاد دعوے بھی کیے ہیں۔علاقے میں مسلسل لڑائی کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئی ہے ۔ ادھر مہمند ایجنسی میں مقامی طالبان نے شاہ گروپ کے دو مغوی کمانڈروں کو قتل کردیا ہے ۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شاہ گروپ کے یرغمال کمانڈر شاہ خالد اور نائب کمانڈر قاری عبید کو قتل کیا جن کی لاشیں تاحال طالبان کی پاس ہیں ۔ مقامی طالبان کے ترجمان ڈاکٹر اسد نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ شاہ گروپ کے مزید ایک سو بیس افراد طالبان کی قید میں ہیں ۔ ادھر شاہ گروپ کے مزید دو افراد کی لاشیں ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال غلانئی لائی گئی ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے