ہنگو ،زرگڑی میں شہید ہونے والے پندرہ سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ، علاقے میں سخت کشیدگی، فورسز کے گشت میں اضافہ کردیا گیا۔اپ ڈیٹ:
ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2008ء)ہنگو کے علاقے زرگڑی میں شہید ہونے والے پندرہ سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو بھیجی جارہی ہیں جبکہ مقامی افراد نے سیکورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ گزشتہ روز شہید ہونیوالے سیکورٹی فورسز کے قافلے پرمقامی طالبان کی فائرنگ میں شہید ہونیوالے پندرہ اہلکاروں کی لاشیں آج مقامی جرگے کے حوالے کی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق طالبان ایک زخمی سیکورٹی اہلکار کو اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار طالبان سے فرار ہوکر بحفاظت سیکورٹی کیمپ پہنچ گیا۔ طالبان نے شہید اہلکاروں کے لاشیں دینے سے انکار کردیا تھا ۔ جس کے بعد مقامی عمائدین پر مشتمل جرگے نے طالبان سے مذاکرات کے بعد لاشیں وصول کیں ۔ لاشوں کو سول اسپتال ہنگو لایا گیا۔ علاقے میں سخت کشیدگی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے دو افراد کی نماز جنازہ ادا کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ عمائدین کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے بعد سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والوں کے ساتھ کوئی ہمدری نہیں کی جائے گی ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے