باجوڑ ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی،17عسکریت پسند ہلاک:
با جو ڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر۔2008ء) باجوڑ ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی تعداد سترہ ہو گئی جبکہ چار زخمی ہیں۔ باجوڑ ایجنسی کے علاقے چینار، چہار منگ، کوہی، بابڑہ اور ہاشم میں گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ دن بھر کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی تعداد سترہ ہو گئی۔ آپریشن میں چار عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ۔ادھر سالارزئی قبائل کے امن لشکروں نے عسکریت پسندوں کے متعدد مکانات نذر آتش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ امن لشکر کا کہنا ہے کہ تحصیل سالارزئی میں عسکریت پسندوں کو پناہ نہیں دی جائے گی۔ باجوڑ ایجنسی کے مختلف علاقوں میں ہیلی کاپٹروں سے پمفلٹ گرائے گئے ۔ ان پمفلٹس میں عوام سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں حکومت کی مدد کی اپیل کی گئی ہے ۔دوسری جانب تحصیل سالارزئی کے علاقے پشت میں گرینڈ جرگہ ہوا۔ جس میں ارکان قومی اسمبلی شہاب الدین خان، ملک فضل کریم خان اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ باندہ اور غونڈئی میں عسکریت پسندوں کے خلاف کل سے دوبارہ کارروائی شروع کی جائے گی۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے