شاہ محمود قریشی کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات ، مہمند ایجنسی حملے پر احتجاج۔امریکہ کی واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش۔اپ ڈیٹ:
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جون۔2008ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیرس میں اپنی امریکی ہم منصب کونڈولیزا رائس سے ملاقات کی اور مہمند ایجنسی میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پرپاکستانی عوام اور اراکین پارلیمنٹ کے جذبات سے انہیں آگاہ کیا ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مہمند ایجنسی میں اتحادی طیاروں کی بمباری کی مذمت کرتا ہے ، اور اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں ۔ اس موقع امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا کہ امریکی حکومت کو پاکستانی علاقے میں جانی نقصان پر افسوس ہے ۔اور اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے کونڈولیزا رائس کو بتایا کہ اتحادی فوج کی اس کارروائی سے پاکستان کے عوام اور اراکین پارلیمنٹ کے جذبات انتہائی برہم ہیں اور اس کارروائی سے ایک غلط پیغام ملا انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجی معمول کے مطابق علاقے میں موجود تھے اور اتحادی فوج کے فضائی حملے میں معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں ، علاوہ ازیں ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ امور کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زوردیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھایا جانا چاہیئے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے