وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو جنوبی وزیرستان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ ۔علاقے سے فوج واپس بلائی جارہی ہے نہ دہشت گردوں سے مذاکرات ہوں گے ۔آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مئی۔2008ء)وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں جنوبی وزیرستان میں سلامتی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اسلام آباد میں ہونے والی اس بریفنگ میں پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی ، وفاقی وزیر شیری رحمن ، وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمن ملک ، آئی ایس آئی کے سربراہ ندیم تاج اور دیگر سینئر فوجی حکام بھی شریک ہوئے ۔ وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں قیام امن کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا جس کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے خاندان واپس اس علاقے میں پہنچ رہے ہیں ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام کی اکثریت محب وطن اور امن پسند ہے ۔انہوں نے اس موقع پر تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ جنوبی وزیرستان میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے قریبی رابطہ رکھا جائے ۔اس موقع پر افواج پاکستان کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیراعظم کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان سے فوج کا انخلاء نہیں ہورہا بلکہ ایک طویل آپریشن کے بعد فوج اپنی پوزیشن کو مستحکم کررہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج کی کسی ایک بٹالین کو بھی واپس نہیں بلایا جارہا اور نہ ہی دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر سے مذاکرات کئے جارہے ہیں ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے