باجوڑ ایجنسی کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملوں میں جاں بحق آٹھ افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، آئی ایس پی آر کی نیٹو کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تردید:
ڈمہ ڈولا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2008ء)باجوڑ ایجنسی کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں گزشتہ روز جاسوس طیارے کے میزائل حملوں میں جاں بحق ہونے والے آٹھ افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے ۔ ان افراد میں تین کم سن بچے بھی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے تین کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے ۔ دوسری جانب تحریک طالبان کے ترجمان مولوی عمر نے حملوں کی مذمت کی ہے ۔ ترجمان طالبان کاکہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کو سبو تاڑ کرنا ہے اور تحریک طالبان حکومت کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میزائل حملے تحریک کے ہمدردتاج محمدملا اور مولوی حسن کے گھرپر کئے گئے اور ان کا بھرپور جواب دیا جا ئے گا۔ ادھر آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان میں ان خبروں کی تردید کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے نیٹو فورسز کی جانب سے کئے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹو طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی ۔ گزشتہ روز باجوڑایجنسی کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں میزائل حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت بیس افرادجاں بحق ہوگئے تھے ۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق بغیرپائلٹ کے امریکی طیارے نے دو مکانات پر میزائل داغے ۔ باجوڑ سے نمائندہ کے مطابق طالبان کے ایک مقامی ترجمان سالار محسود نے کہا ہے کہ امریکہ کے بغیر پائلٹ طیارے نے مولوی اسماعیل کے مدرسے پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں بیس سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ سرحد حکومت نے بھی ان حملوں کی مذمت کی ہے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے