کرم ایجنسی میں متحارب قبائل فائر بندی پررضامندہوگئے ۔ مورچے پیرتک ایف سی کے حوالے کردیں گے:
کرم ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔ 2008ء)کرم ایجنسی میں متحارب گروپ فوری طور پر فائر بندی اور اپنے مورچے ایف سی کے حوالے کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق مشیر داخلہ رحمن ملک کی ہدایت پر سرحد حکومت نے فوری اقدامات کیے جس کے تحت ریجنل کوآرڈینیشن آفیسر کوہاٹ نے قبائلی عمائدین سے چار گھنٹے تک جرگہ کیا۔ جرگہ کے شرکا نے فوری طور پر فائر بندی کے ساتھ ساتھ اپنے مورچے پیرتک ایف سی کے حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق پارہ چنار میں امن برقرار رکھنے کے لئے آئندہ دو تین روز میں قبائلی عمائدین کا گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائے گا ۔ کرم ایجنسی سے نمائندے کے مطابق لوئر اور اپر کرم کے متعدد علاقوں میں متحارب گروہوں کی جانب سے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال تاحال جاری ہے تاہم چند گھنٹوں میں فائر بندی کا امکان ہے ۔اس سے پہلے لوئراور اپر کرم میں قبائلی تصادم میں سات افرادہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوگئے تھے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے