وزیر اعظم کے طالبان سے بات چیت کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ، ترجمان تحریک طالبان پاکستان:
باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2008ء) وزیراعظم کے طالبان سے بات چیت کرنے اور قبائلی علاقہ سے ایف سی آر کے ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اوروزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکہ کے ساتھ اتحاد ختم کر کے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا تعاون ختم کرے اور امریکہ سے صاف کہیں کہ تم جانے القاعدہ طالبان جانے ہم اپنے ملک کو مزید میدان جنگ بنانے کیلئے تیار نہیں ہے ، ان خیالات کا اظہار تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر نے ایک نامعلوم مقام سے فون پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے عوام کی توقعات کے مطابق اپنا راستہ اختیار کیا ہے اور طالبان سمیت پاکستان کے تمام عوام ان سے یہی توقع رکھتے ہیں اور کہا کہ وزیر اعظم نے عوامی توقعات کے مطابق کام شروع کیا ہے انہوں نے کہا کہ اب وقت آیا ہے کہ پاکستان میں پائیدار امن وامان قائم ہو انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے قبائلی علاقوں سے ایف سی آر قانون ختم کرنے کا اعلان خوش آئند اور ایک اچھا قدم ہے اور ہم اس کی مکمل حمایت اور خیر مقدم کرتے ہیں ، انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ان انقلابی اقدامات کے ساتھ ایک اور قدم بھی اٹھائیں اور امریکہ کے ساتھ جاری اتحاد ختم کرے اور ان سے صاف صاف کہیں کے طالبان القاعدہ امریکہ اور افغانستان جانے ہم مزید اپنے ملک میں خون خرابا برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر مشرف کو پارلیمنٹ کے ذریعے برطرف کر کے ان کے جاری پالیسی ختم کرے اور کہا کہ وزیرستان سے لے کر صوات تک تحریک طالبان پاکستان حکومت کے ساتھ امن وامان کی بحالی میں مکمل تعاون کرینگے انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے سابقہ پالیسی ختم کر کے ملک مفاد میں پالیسی اختیار کرینگے اور پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کے طرف لے جائیں گے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے