قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لئے مقامی انتظامیہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے ، امریکی سفیر کا خیبر ایجنسی میں فاٹا سیکرٹریٹ حکام سے خطاب:
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2008ء)پاکستان میں متعین امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹر سن نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے اور قبائیلی علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لئے مقامی انتظامیہ کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کاعزم رکھتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبر ایجنسی کے علاقہ شاہ کس میں لیوی کے تربیتی مرکز کے دورے کے موقع پر فاٹا سیکریٹریٹ کے حکام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ لیوی اہلکاروں کے تربیتی مرکز کی تعمیر اورتربیتی آلات سے لیس کرنے کے لئے ستاون لاکھ دس ہزارڈالر فراہم کرے گا ۔قبل ازیں گورنر ہاوس پشاور میں گورنر سر حد اویس احمد غنی سے ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے قبائیلی علاقوں اور پاکستان بھر میں یو ایس ایڈ کے زیر انتظام اعانت بشمول صحت کے شعبے میں دو کروڑ ڈالر مالیت کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر قبائیلی علاقوں میں صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے مفاہمت کی چار یاداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے