پارہ چنار، الیکشن آفس کے قریب خود کش دھماکہ،40افراد جاں بحق، 110 زخمی ، دھماکے میں 40افراد جاں بحق، تقریباً 97 زخمی ہوئے ہیں ،اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی فدا محمد ۔اپ ڈیٹ:
اسلام آباد/پارہ چنار (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2008ء) کرم ایجنسی کے علاقے پارہ چنار کے حلقہ این اے 37 ٹرائبل ایریا 2میں امیدوار ریاض حسین شاہ کے الیکشن آفس کے باہر خود کش دھماکے میں 40 افراد جاں بحق اور110زخمی ہوگئے ، صوبہ سرحد کے علاقے پارہ چنار میں ہفتہ کو عیدگاہ مارکیٹ میں قائم انتخابی دفتر کے قریب کار بم دھماکہ ہوا ، جس میں40 افراد کے جاں بحق اور110زخمی ہوگئے ، دھماکے کے بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پارا چنار منتقل کر دیا گیا ۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی اور بڑی تعداد میں لوگ ہسپتال میں خون کے عطیات دینے کے لئے پہنچ گئے ، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ علاقے میں بجلی بھی بند ہوگئی ۔پارہ چنار پولیٹیکل انتظامیہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ ایک انتخابی دفتر کے باہر کھڑی گاڑی میں ہوا۔ حلقہ این اے 37 سے آزاد امیدوار ڈاکٹر ریاض حسین شاہ نے بتایا کہ پارہ چنار میں دھماکہ ان کے دفتر کے باہر ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ، انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دفتر عید گاہ مارکیٹ میں دوسری منزل پر ہے اور یہ ایک مصروف جگہ ہے لیکن یہ قابل مذمت ہے اور میں اللہ کے فضل و کرم سے خیریت سے ہوں۔ ایک نجی ٹی وی نے پولیٹیکل ایجنٹ ظہیر الاسلام کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے میں 37افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ادھر وزارت داخلہ کے تر جمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خود کش دھماکہ تھا جس میں 37افراد جاں اور 90سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان جاوید اقبال چیمہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان دہشت گردوں کی کارروائی ہے جو انتخابی عمل کو خراب کر نا چاہتے ہیں انہوں کہاکہ پارہ چنار میں حلقہ این اے 37کے امیدوار ریاض حسین شاہ کے انتخابی جلسے کے بعد لوگ کھانے کیلئے جمع تھے کہ ایک گاڑی میں سوار خود کش حملہ آور نے اپنی گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس میں 37افراد جاں بحق اور90 سے زائد افر اد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جاوید اقبال چیمہ نے سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ تمام صوبائی حکام کو ہدایت جار ی کی گئی ہے کہ پولنگ افسر سے رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹا جا سکے انہوں نے کہاکہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ بغیر شناخت کے کسی بھی شخص کو پولنگ اسٹیشن میں داخل نہ ہونے دیا جائے ایک سوال کے جوا ب میں ترجمان وزار ت داخلہ نے کہاکہ ہسپتال اور علاقے کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور تمام ضروری چیزیں سڑک کے ذریعے بھجوا دی گئی ہیں اور مزید امداد فضا کے ذریعے آج صبح روانہ کر دی جائے گی ۔دریں اثناء وزیر داخلہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل حامد نواز نے کہا ہے کہ سانچہ پارہ چنار قابل مذمت ہے اس سانحہ میں 37افرادجاں بحق اور 90سے زائد زخمی ہوئے ہیں ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارہ چنار میں شیعہ سنی فسادات کی وجہ سے ایسے واقعات رونما پہلے بھی ہوئے ہیں یہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے جس میں 37افراد جاں بحق اور 90سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کرم ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ فدا محمد نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دھماکے میں 40افراد جاں بحق، تقریباً 97 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیٹکل ایجنٹ نے بتایا کہ ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو انتخابی دفتر کے سامنے کھڑی فلائنگ کوچ کے ساتھ ٹکرا دیا۔ واضح رہے کہ قبائلی علاقے میں سیاسی جماعتوں کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے لیکن آزاد امیدوار اپنے آپکو مختلف سیاسی جماعتوں سے منسلک کر کے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کرم ایجنسی گزشتہ ڈیڑھ سال سے فرقہ ورانہ فسادات کی زد میں رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک و زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں اور حال ہی میں یہاں پر سنی اور شیعہ مسالک کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے