وانا میں سیکورٹی فورسز نے محسود علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا‘بیت اللہ محسود نہ ملا:
وانا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین06 فروری2008) جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے محسود علاقوں کا کنٹرول حاصل کرکے انہیں عسکریت پسندوں سے خالی کرالیا ہے تاہم بیت اللہ محسود سمیت کسی عسکریت پسند کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی اور اس علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بیت اللہ محسود کے علاقے تک آپریشن مکمل کرلیا ہے۔کارروائی کے دوران عمارات کو نقصان پہنچا اور دونوں جانب سے بھاری جانی نقصان ہواہے تاہم سیکورٹی فورسز اورعسکریت پسندوں کی جانب سے جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔مقامی افراد کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بند رہا اور فورسز نے کوٹ کئی کے علاقوں تک گشت کیا۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عسکریت پسند علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کارروائی کے بعد مکین ،نوازکوٹ اور اسپن کئی زاغزئی میں واقع اپنے کیمپوں میں واپس چلی گئی ہیں۔ آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے محسود قبائل کے ہزاروں خاندانوں کی واپسی کے لیے قبائلی عمائدین سے رابطہ شروع کردیا گیا ہے ۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں سخت سرد موسم کے باعث شدت پسندوں کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدت پسندوں کے آخری ٹھکانے کی تباہی تک ان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے