شمالی وزیرستان میں بم دھماکے سے5 سیکیورٹی اہل کار جاں بحق اور4زخمی ہوگئے‘عسکری ترجمان:
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار29 نومبر2007 تازہ ترین) شمالی وزیرستان میں بم دھماکے سے پانچ سیکیورٹی اہل کار جاں بحق اورچارزخمی ہوگئے ۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدرمقام میران شاہ سے تقریباً تیس کلومیٹر دور سڑک کے کنارے نصب بم اس وقت پھٹ گیا جب سیکیورٹی فورسز کا قافلہ وہاں سے گذر رہا تھا ۔ دھماکے میں پانچ سیکیورٹی اہل کار جاں بحق او ر چار زخمی ہوگئے ۔ میجر جنرل وحید ارشد نے اس سلسلے میں مزید تفصیل نہیں بتائی حکام کے مطابق دھماکے میں دو گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں ہیں۔ ان دھماکوں میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی بھی کی جس میں میرانشاہ اور تحصیل میرعلی میں کئی مشکوک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ جوابی کارروائی میں توپخانے کا بھی استعمال کیاگیا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان تازہ دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے میر علی میرانشاہ اور بنوں میرعلی شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے یادرہے کہ شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان نے دو دن پہلے دھمکی دی تھی کہ وہ عنقریب ہی ایک بڑا حملہ کرنے والے ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے