شمالی وزیرستان میںبغیرپائلٹ امریکی طیارےکامیزائل حملہ،10افرادجاںبحق،12زخمی،پاک فوج نے کارروائی نہیںکی،ترجمان پاک فوج۔اپ ڈیٹ:
میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2نومبر۔2007ء)شمالی وزیر ستان ایجنسی مکان پر میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے جبکہ بارہ افراد زخمی ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق میزائل میرانشاہ کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل کے ایک مشکو ک مکان پر داغا گیا ۔ مقامی افراد نے مکان کے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر میرانشاہ ہیڈاکوارٹر پہنچا دیا ہے اور زخمیوں میں دو کی حالت نازک ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے کا عینی شاہدین کے حوالے سے کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ امریکی طیارے نے شمالی وزیرستان میں پرواز کے دوران میزائل فائر کیا ہے اور تین مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔برطانوی نیو زایجنسی کے مطابق پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈانڈے درپہ خیل میں پاک فوج نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے تاہم علاقے میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے ۔
افغانستان میں اتحادی فوج نے پاک افغان بارڈر پر پاکستان میں دراندازی کی کوشش میں سینئر کمانڈر مولوی عبدالمنان سمیت متعدد طالبان کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ، اتحادی فوج کے ترجمان میجر کرس بیلچر نے اپنے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ طالبان کمانڈر مولوی عبدالمنان اور متعدد دیگر طالبان کو مشرق افغانستان میں پاک افغان بارڈر پر اس وقت ہلاک کیا جب وہ پاکستان داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ مولوی عبدالمنان کی ہلاکت طالبان کیلئے ایک بڑا دھچکا اور اتحادیوں کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے ، اتحادی افواج کے مطابق مئی 2007ء میں سینئر طالبان کمانڈر مولا داد خان کے بعد مولوی عبدالمنان طالبان کی کمانڈ کررہے تھے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے