سانحہ کراچی میں بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں، اس کا الزام کسی ایک پر نہیں لگ سکتا بلکہ یہ سوچ کا قصور ہے، چوہدری شجاعت ، وزیرستان کے مسئلے کا حل فوجی نہیں بلکہ سیاسی حل نکالنے کی کوشش کر نی ہوگی، نجی ٹی وی سے گفتگو:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ کراچی میں بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں اور اس کا الزام کسی ایک پر نہیں لگ سکتا بلکہ یہ سوچ کا قصور ہے جو گزشتہ پانچ سالوں میں پیدا ہوئی ہے اور اس کو تبدیل کر نے کی ضرورت ہے، وزیرستان کے مسئلے کا حل فوجی نہیں بلکہ سیاسی حل نکالنے کی کوشش کر نی ہوگی انہوں نے یہ بات لاہور میں پریس کانفرنس اور ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ کراچی کا واقعہ بہت افسوس ناک ہے یہ ایک خوفناک واقعہ ہے اور کبھی پہلے اتنی بڑی تعداد میں بے گناہ لوگ نہیں مارے گئے یہ خود کش تھا یا نہیں اس بحث میں نہیں پڑنا چاہیے انہوں نے کہاکہ کسی ایک آدمی پر الزام نہیں لگ سکتا بلکہ یہ سوچ کا قصور ہے جو پانچ سالوں میں پیدا ہوئی ہے اور اس سوچ کو تبدیل کر نے کی ضرورت ہے سب کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا اور اس سوچ کو درست کر نے کی کوششیں کر نا ہوگی جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے تین نام صدر کو دیئے ہیں جن میں ایک ادارے کے سربراہ کا نام بھی آتا ہے جس پر چوہدری شجاعت حسین نے نجی ٹی وی کے معروف کمپیئر ڈاکٹر شاہد مسعود سے کہاکہ ان تینوں ناموں کا آپ کو علم ہے آپ خود کیوں نہیں بتا دیتے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ وزیر ستان کا فوجی حل نہیں بیٹھ کر بات کر نی ہوگی ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کا 1986ء میں لاہور میں جو استقبال ہوا وہ کراچی سے بڑا استقبال تھا حکومت نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی تھی انہوں نے کہاکہ اب الیکشن مہم ٹی وی چینل کے ذریعے چلے گی اب انتخابات میں ریلیاں نکالنے کی بجائے، جلسے منعقد کر نے کی اجازت ہو نی چاہیے تاکہ جلسوں میں سکیورٹی کے صحیح انتظامات کئے جائیں ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ حکومت کے خلاف آیا تو حکومت کے پاس اسمبلیوں کی مدت ایک سال بڑھانے اور اسمبلیاں توڑنے کے آئینی آپشن موجود ہیں صدر کا انتخاب چاروں اسمبلیوں نے کیا پیپلز پارٹی نے بھی الیکشن کے عمل میں حصہ لیا چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ وہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو ٹیلیفون کر کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کریں گے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے