شمالی وزیرستان میں غیر ملکی امن وامان خراب کر رہے ہیں،گورنر سر حد:
خبیرایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر۔2007ء) سرحد کے گورنر علی محمد جان اورکزئی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں موجود غیر ملکی امن و امان خراب کر رہے ہیں اور قبائلی علاقوں میں جہاں ضرورت پڑی فوجی آپریشن کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں سرحد کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ خیبر ایجنسی کے علاقے شاہ کس میں لیوی ٹریننگ سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سرحد نے کہا کہ حکومت قبائیلی علاقوں میں امن امان کے قیام کے لئے کوششیں کررہی ہے۔ اور اس مقصد کے لئے وزیرستان میں مذاکرات کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جہاں ضرورت پڑی ملٹری آپریشن بھی کیا جائے گا۔ گورنر علی محمد جان اورکزئی نے کہا کہ پہلی مرتبہ قبائیلی علاقوں کے لئے باہر سے ترقیاتی فنڈز آرہے ہیں۔ 2015 تک قبائیلی علاقوں میں 124 ارب روپے تعلیم، صحت، لائیواسٹاک، زراعت اور دوسرے شعبوں کی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں امن معاہدہ پر پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی ہے اور وہاں سے غیر ملکیوں کو ہر صورت نکالا جائے گا۔ گورنر سرحد کا کہنا تھا کہ سوات میں امن کے قیام کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں سرحد کابینہ کے لئے تمام سیاسی جماعتیں کوششیں کررہی ہیں اور چند دنوں میں اس کا اعلان کردیا جائے گا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے