سرحد اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچا کر جنرل مشرف کو مضبوط بنانے والے قائدین وزیرستان میں فوجیوں اور شہریوں کا قتل عام بند کرائیں، شاہ عبدالعزیز ،وزیرستان میں کھیلی جانیوالی آگ کی ہولی بند نہ کی گئی تو یہ پورے ملک میں پھیل جائیگی، ایم ایم اے کے رہنما کی صحافیوں سے گفتگو:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما اور مستعفی رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز مجاہد نے کہا ہے کہ صوبہ سرحد کی اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچا کر صدر جنرل پرویز مشرف کو مضبوط کرنے والے ایم ایم اے کے قائدین کو چاہئے کہ وہ وزیرستان میں شہریوں کے قتل عام اور سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر پراسرار طور پر خاموشی کو ختم کریں اور جنرل پرویز مشرف کو روکیں کہ وہ امریکی خوشنودی کیلئے اپنی عوام اور فوجی جوانوں کا قتل عام بند کرے، جن لوگوں نے مشرف کو ریلیف دیا وہی اس آپریشن کے بند کروانے کے ذمہ دار بھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پارلیمنٹ لاجز میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں دونوں اطراف سے پاکستانی جاں بحق ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں آگ کی جو ہولی کھیلی جا رہی ہے اگر اس کو بروقت بند نہ کیا گیا تو یہ پورے پاکستان میں پھیل جائیگی، جس کی لپیٹ سے تمام طبقہ جات متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ وزیرستان میں ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں، سینکڑوں عورتیں اور بچے زخمی ہو چکے ہیں، امریکی خوشنودی کیلئے جو فوجی جوانوں اور عوام کو آگ میں دھکیلا جا رہا ہے یہ انتہائی خطرناک ہے۔ طاقت اور گولی کا استعمال کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوا کرتا۔ ایم ایم اے کے قائدین کو چاہئے کہ مجاہدین کے نام پر ووٹ لیکر ان مجاہدین کا ہی قتل عام نہ کروائیں۔ اور اس آگ کو ٹھنڈا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور مقامی عمائدین کے ساتھ ملکر مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کا حل نکالیں اور فوری طور پر جنگ بندی کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ایسا نہیں کرینگے تو کل عوام کو منہ نہیں دکھا سکیں گے۔ انہوں نے صدر جنرل پرویز مشرف سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ نظم و ضبط میں بندھے ہوئے مجبور فوجی جوانوں کا قتل بھی بند کروائیں اور عوام و فوج کو آپس میں لڑا کر لاشوں کے انبار لگا کر امریکی خوشنودی کا کاروبار بند کریں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے