ریچھ کی جسامت کے ہوسکتے ہیں ایلین

جمعرات 21 مئی 2015 15:21

ریچھ کی جسامت کے ہوسکتے ہیں ایلین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی2015ء) کائنات کے دیگر سیاروں پر آباد مخلوق (ایلین) کے حوالے سے کئی نظریات مقبول ہیں اور ہالی وڈ کی فلموں میں بھی انہیں مختلف جسامت اور خدوخال میں پیش کیا گیا ہے۔ تاہم حقیقت میں وہ کس طرز کے خدوخال کے مالک ہیں، اس بارے میں کوئی حتمی نظریہ موجود نہیں ہے۔ حال ہی میں ایک سائنسدان نے یہ انکشاف کیا ہے کہ ایلین یا دیگر سیاروں کی مخلوقات کا اگر وجود ہوا تو وہ تقریباً ریچھ کی جسامت کے برابر ہوں گے اور ان کا وزن لگ بھگ 300 کلو گرام ہو گا۔

یونیورسٹی آف بارسلونا کے فرگس سمپسن نے اپنے تجزیے میں یہ بھی بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر کسی بھی آباد سیارے پر ایلینز کی تعداد تقریباً پانچ کروڑ ہوسکتی ہے۔ لائیو سائنس کے مطابق ان کی یہ تحقیق بےايس کے اصول پر مبنی ہے، یہ دراصل ریاضی کی ایک شاخ ہے جسے بےايسين اسٹیٹس اسٹکس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

فرگس سمپسن یونیورسٹی آف بارسلونا کے انسٹیٹیوٹ آف کاسموس سائنس پر پوسٹ ڈاکٹورل ریسرچر ہیں، انہوں نے اپنی تحقیق میں نادیدہ سیاروں میں مخلوقات کی موجودگی کا اشارہ دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان سیاروں میں بسنے والے ایلینز کی جسمانی ساخت اس سے یکسر مختلف ہوسکتی ہے، جس کا پہلے تصور کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی تحقیق میں لکھا ہے کہ ’’توقع ہے کہ زمین کے جیسے سیارے کی دریافت سے نظامِ شمسی سے باہر زندگی کی دریافت کا بہت بڑا موقع فراہم ہوگا۔‘‘

Browse Latest Weird News in Urdu