افریقی ملک ایتھیوپیا سے قدیم دور کے انسان کی ایک نئی نوع کی باقیات ملی ہیں ٗ سائنسدانوں کا دعویٰ

ہم نے دانتوں اور اوپری اور نچلے جبڑے کا تفصیلی جائزہ لیا ٗ ہمیں واضح فرق نظر آیا ٗ میوزیم کے کیوریٹر ڈاکٹر یوہینس ہیل سلاسی کی گفتگو

جمعرات 28 مئی 2015 19:13

افریقی ملک ایتھیوپیا سے قدیم دور کے انسان کی ایک نئی نوع کی باقیات ملی ہیں ٗ سائنسدانوں کا دعویٰ

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی۔2015ء)سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں افریقی ملک ایتھیوپیا سے قدیم دور کے انسان کی ایک نئی نوع کی باقیات ملی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایتھیوپیا کے علاقے آفار سے ملنے والی ان باقیات میں جبڑے کی ہڈیاں اور دانت شامل ہیں جو 33 سے 35 لاکھ سال پرانے ہیں۔اس تحقیق کو نیچر نامی جریدے میں شائع کیا گیا سائنسدانوں نے اس نئی نسل کو جو سائنسی نام دیا ہے اس کا مطلب آفاریوں کی زبان میں قریبی رشتہ دار بنتا ہے۔

یہ باقیات چار افراد کی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ لنگور اور انسان دونوں کی ملی جلی شکل کے حامل تھے یہ انسانی باقیات ایتھیوپیا کے علاقے آفار سے ملی ہیں تحقیق کے سرخیل اور کلیولینڈ میں نیچرل ہسٹری میوزیم کے کیوریٹر ڈاکٹر یوہینس ہیل سلاسی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان دانتوں اور اوپری اور نچلے جبڑے کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہمیں واضح فرق نظر آیا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق جہاں اس نئی نوع کے انسانوں کے جبڑے مضبوط تھے وہیں ان کے دانت اب تک ملنے والی تمام قدیم انسانی باقیات کے مقابلے میں بہت چھوٹے تھے ان باقیات کے دور کے تعین کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ زمین پر اس زمانے میں پائی جانے والی چار انسانی انواع میں سے ایک تھی ان انواع میں سب سے مشہور لوسی تھے جو 29 سے 38 لاکھ سال قبل زمین پر پائے جاتے تھے اور ابتدائی طور پر انھیں آج کے انسان کا جدِامجد سمجھا جاتا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu