امریکہ میں وہیل چیئر پر بیٹھے ملزم نے بینک لوٹ لیا

بدھ 1 جولائی 2015 20:35

امریکہ میں وہیل چیئر پر بیٹھے ملزم نے بینک لوٹ لیا

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) امریکی شہر نیو یارک کی پولیس ایک ایسے مشتبہ ملزم کی تلاش میں ہے، جو بظاہر معذور ہونے کی وجہ سے ایک وہیل چیئر پر بیٹھا تھا لیکن اس نے نہ صرف ایک مقامی بینک کو لْوٹا بلکہ فرار ہونے میں بھی کامیاب رہا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق واقعہ پیر انتیس جون کے روز پیش آیا۔ پولیس کے بیان کے مطابق وہیل چیئر پر بیٹھا ہوا یہ مسلح شخص نیو یارک کے علاقے کوئنز میں سانتاندربینک کی ایک برانچ میں داخل ہوا۔

بینک کے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج کے مطابق یہ ملزم سہ پہر کے وقت اس بینک میں داخل ہوا۔ اس نے ایک تحریری پیغام کے ذریعے ایک کاوٴنٹر پر کیشیئر کو آگاہ کیا کہ وہ مسلح ہے اور تمام نقدی اس کے حوالے کر دی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

بینک کیشیئر نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے خاموشی سے وہ سارا کیش ملزم کے حوالے کر دیا جو اس کے پاس موجود تھا۔ پولیس کے مطابق متعلقہ کیشیئر کے پاس اس وقت قریب 1200 ڈالر موجود تھے جن کے ساتھ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملزم کی عمر بظاہر تیس برس کے لگ بھگ تھی۔ اس نے سرمئی رنگ کی عموما جوگنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایک ایسی ’سوَیٹ شرٹ‘ پہن رکھی تھی، جو ہْوڈی کہلاتی ہے۔اس بینک ڈکیتی کے بارے میں نیو یارک کے مقامی میڈیا نے لکھا ہے کہ ملزم نے کیشیئر سے نقدی لے کر جیب میں ڈالی اور اپنی وہیل چیئر کو دھکا لگاتا ہوا عمارت سے باہر نکل گیا جبکہ کسی نے دوڑ کر اس کا پیچھا کرنے کی کوشش نہیں کی

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu