عورت 30 سال تک ناکارہ بم کو گلدان کے طور پر استعمال کرتی رہی مگر بم ناکارہ نہیں تھا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 4 اکتوبر 2015 14:10

عورت 30 سال تک ناکارہ بم کو گلدان کے طور پر استعمال کرتی رہی مگر بم ناکارہ نہیں  تھا

وارکس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4اکتوبر۔2015ء) عورت اس وقت حیران رہ گئی جب اسے پتہ چلا کہ جس بم کو وہ 30 سال سے گلدان کے طور پر استعمال کررہی ہے وہ ناکارہ نہیں بلکہ بالکل ٹھیک ہے۔ کیتھرائن رالنزکو یہ شیل 15 سال کی عمر میں کھیتوں میں دبا ہوا ملا تھا۔وہ اسے محفوظ سمجھ کر 30 سال تک اسے گلدان کی طرح استعمال کرتی رہی، اس میں اپنے پسندیدہ پھول سجاتی رہی مگر ایک ٹی وی ڈاکیومنٹری دیکھ کر اسے اندازہ وہا کہ وہ بارود کے ڈھیر پر بیٹھی ہے۔

کیتھرائن نے وزارت دفاع کے ماہرین کو بلایا ، جنہوں نے حفاظت سے بم میں سے دھماکہ خیز مواد نکال کر خالی خول واپس کیتھرائن کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے اتھرسٹون، وارکس سے تعلق رکھنے والی کیتھرائن کو بتایا کہ یہ بم اب بھی 20 میٹر کے علا قے میں موجود ہر کسی کو ہلاک کر سکتا تھا اور پورے گھر کو زمین بوس کر سکتا تھا۔

(جاری ہے)

کیتھرائن نے کہا کہ یہ بم ایک طرح سے اس کے گھر خاندان کا حصہ بن گیا تھا۔

اس نے بتایا کہ وہ اسے یونیورسٹی لے کر جاتی تھی، اس میں پلاسٹک کے پھول لگاتی تھی اور اس کے گرد ناچتی تھی۔ کیتھرائن نے ٹی وی پر ایک ڈاکیومنٹری دیکھی ، جس میں جرمنی کے گرائے ہوئے اُن بموں کے بارے میں بتایا گیا تھا جو پھٹے نہیں۔ یہ پروگرام دیکھ کر اس نے پولیس کے نان ایمرجنسی نمبروں پر کال کی اور پولیس کو پہلے کہہ دیا کہ میری بات تحمل سے سننی ہے، ایمرجنسی کی کوئی بات نہیں۔

اس کے بعد اس نے انہیں بم کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ کیتھرائن نے پولیس کو اس ”گلدان “ کا ایک فوٹو بھجوا دیا، جسے دیکھتے ہی ایک گھنٹے کے اندر ایک پولیس والا اس کے گھر پہنچ گیا۔اس کے بعد پولیس والے اس بم کو وزارت دفاع لے گئے، اس کا معائنہ گیا اور اس میں سے دھماکہ خیز مواد نکال کر کیتھرائن کو واپس کر دیا اور کہا کہ اب بے شک اس میں پھول سجاتی رہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu