بیوی نے شوہر پر شادی سے پہلے دئیے گئے چیک کی ادائیگی کے لیے مقدمہ کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 11 فروری 2016 17:02

بیوی نے شوہر پر شادی سے پہلے دئیے گئے چیک کی ادائیگی کے لیے مقدمہ کر دیا

ایک عرب خاتون، جس کا تعلق مشرقی ٹاؤن ال عین سے ہے ، نے گھریلو جھگڑے کے بعد اپنے شوہر کو عدالت میں گھسیٹ لیا ہے۔ خاتون کا مطالبہ تھا کہ اس کا شوہر 13سال پہلے شادی سے پہلے دئیے ہوئے چیک کے بدلے ایک لاکھ درہم کی ادائیگی کرے۔ عدالت نے شوہر کو جعلی چیک دینے پر عدالت طلب کر لیا۔ شوہر کے وکیل نے نہایت چالاکی سے عدالت کو قائل کیا کہ اس کے موکل نے کوئی جرم نہیں، عدالت نے بھی وکیل کے دلائل تسلیم کرتے ہوئے شوہر کو باعزت بری کر دیا۔


عربی اخبار الخلیج کے مطابق شوہر نے 13 سال پہلے اپنی ہونے والی بیوی کو ایک لاکھ درہم کا چیک دیا۔ مذکورہ شوہر شادی سے پہلے اسی خاتون کے ساتھ اپنی منگنی توڑ چکے تھے، مگر غلطی کا احساس ہونے پر پھر ان کے پاس واپس آگئے۔ اس خاتون نے مطالبہ کر دیا کہ ان کا پل میں تولہ پل میں ماشہ مزاج کا ہونے والا شوہر شادی کرنے کی گارنٹی کے طور پر1لاکھ درہم کا چیک ادا کرے۔

(جاری ہے)

شادی کے بعد دونوں کے تین بچے بھی ہوگئے، اس دوران خاتون نے بھی شوہر کو یقین دلا دیا کہ اس نے اس کا دیا ہوا چیک پھاڑ دیا ہے تاہم حالیہ دنوں میں ہونے والے گھریلو تنازعے کے بعد خاتون چیک نکال لائی اور شوہر کو عدالت میں گھسیٹ لیا۔
شوہر کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ شوہر نے شادی کرنے کی گارنٹی کے طور پر بیوی کو چیک دیا تھا، ورنہ اس نے بیوی سے کوئی رقم ادھار نہیں لی تھی، شادی ہوبھی چکی۔ جج نے وکیل کے دلائل تسلیم کرتے ہوئے شوہر کو باعزت بری کر دیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu