Ibrat Haasil Karna - Article No. 1695

Ibrat Haasil Karna

عبرت حاصل کرنا - تحریر نمبر 1695

شیر، بھیڑیا اور لومڑی اکٹھے مل کر شکار کو نکلے ان کو شکار میں نیل گائے، جنگلی بکرا اور خرگوش ہاتھ آئے۔

جمعرات 3 مئی 2018

شیر، بھیڑیا اور لومڑی اکٹھے مل کر شکار کو نکلے ان کو شکار میں نیل گائے، جنگلی بکرا اور خرگوش ہاتھ آئے۔ شیر نے دیکھا کہ بھیڑیا اور لومڑی بھی اس شکار میں اپنے حصے کی خوائش رکھتے ہیں۔ اس نے ان کی نیتیوں کو بھانپ کر پہلے بھیڑئیے کو بلایا کہ وہ انصاف سے تقسیم کرے۔ بھیڑئیے نے کہا بادشاہ سلامت آپ بڑے ہیں۔ نیل گائے آپ کا حصہ جنگلی بکرا درمیانہ ہے وہ میرا حصہ۔

جب کہ خرگوش لومڑی کا حصہ ہے۔ شیر نے کہا میرے آگے تیری کیا ہستی ہے کہ میرے ہوتے ہوئے تو انصاف کرے۔ اس نے بھیڑئیے کو قریب بلا کر اس زور سے پنجہ مارا کہ وہ فوراً ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اس نے لومڑی کو بلایا اور تقسیم کرنے کو کہا۔ لومڑی نے با ادب ہو کر کہا جناب تقسیم کیسی یہ نیل گائے آپ کے صبح کا ناشتہ۔ جنگلی بکرا دوپہر کو اور خرگوش رات کو تناول فرما لیجئے گا۔

شیر اس سے خوش ہوا اور اس کی انصاف پسندی کی داد دیتے ہوئے اس سے پوچھا کہ یہ انصاف کی تقسیم تم نے کہاں سے سیکھی۔ لومڑی نے کہا: ”جناب بھیڑئیے کے انجام سے۔“۔ چنانچہ شیر نے خوش ہو کر وہ تینوں شکار لومڑی کو دے دئیے۔
درسِ حیات:دوسروں کے انجام سے عبرت حاصل کرنا عقلمندوں کا سیوہ ہے۔ یہ ان کو انجامِ بد سے بچا لیتا ہے۔
(حکایات رومیؒ سے اقتباس)

Browse More Urdu Literature Articles