Aik Anar So Bimar - Article No. 1320

Aik Anar So Bimar

ایک انار سو بیمار - تحریر نمبر 1320

آج ماجد بہت خوش تھا۔اس کے ابو رنگین ٹی وی جو لارہے تھے۔پورے محلے میں اس وقت رنگین ٹی وی کسی کے گھر بھی نہیں تھا ماجد اپنے دوستوں کو رنگین ٹی وی کے بارے میں بتا رہا تھا۔

بدھ 17 مئی 2017

اطہر اقبال:
آج ماجد بہت خوش تھا۔اس کے ابو رنگین ٹی وی جو لارہے تھے۔پورے محلے میں اس وقت رنگین ٹی وی کسی کے گھر بھی نہیں تھا ماجد اپنے دوستوں کو رنگین ٹی وی کے بارے میں بتا رہا تھا۔
”یار ماجد رنگین ٹی وی میں تصویر تو بڑی خوبصورت لگتی ہوگی؟“ماجد کے ایک دوست نے پوچھا۔
” اور کیا․․․․ بہت خوبصورت تصویر لگتی ہے۔
ابو کہہ رہے تھے کے ٹی وی مہنگا بھی بہت ہے“۔ابھی ماجد اپنے دوستوں کو بتا ہی رہا تھا کہ اس کے ابو ایک ٹیکسی میں رنگین ٹی وی رکھ کر لے آئے۔محلے میں خوب شور مچ گیا۔ سب ایک دوسرے کو ماجد کے گھر رنگین ٹی وی آنے کی اطلاع دے رہے تھے۔ماجد کے گھر رنگین ٹی وی کیا آیا محلے کے سب چھوٹے بڑے اس کے گھر کسی نہ کسی بہانے سے آنے لگے۔

(جاری ہے)

ماجد کے دوست تو ہر وقت اس کے گھر ہی رہتے اور خوب مزے سے پاؤں پھیلا کر رنگین ٹی وی دیکھتے اور بہت خوش ہوتے۔


ماجد کے ابو نے جب اپنے گھر میں اتنا رش دیکھا تو وہ اپنی بیگم سے کہنے لگے” لو بھئی،گھر میں رنگین ٹی وی کیا آگیا ساتھ میں محلے والے بھی لے آیا وہ بھی اتنے سارے!!“
”پورے محلے میں صرف ہمارے گھر ہی تو رنگین ٹی وی آیا ہے“ماجد کی امی نے خوش ہوتے ہوئے کہا۔
”ہاں تم ٹھیک کہتی ہو” ایک انار سو بیمار۔“ ماجد کے ابو نے بھی ہنستے ہوئے کہا اور کسی کام سے باہر چلے گئے۔

Browse More Urdu Literature Articles