Qudrat Ka Sabaq - Article No. 1278

Qudrat Ka Sabaq

قدرت کا سبق - تحریر نمبر 1278

ایک شخص اپنے دوست کے ساتھ ایک نیم صحرائی علاقے میں گیا اتنے میں آندھی کے آثار ظاہر ہوئے دوست نے بتایا کہ اس علاقے میں بڑی ہولناک قسم کی آندھی آتی ہے وہ اتنی تیز ہوتی ہے کہ بڑی بڑی چیزوں کو اڑا کر لے جاتی ہے اور

پیر 17 اپریل 2017

ایک شخص اپنے دوست کے ساتھ ایک نیم صحرائی علاقے میں گیا اتنے میں آندھی کے آثار ظاہر ہوئے دوست نے بتایا کہ اس علاقے میں بڑی ہولناک قسم کی آندھی آتی ہے وہ اتنی تیز ہوتی ہے کہ بڑی بڑی چیزوں کو اڑا کر لے جاتی ہے اور آثار بتا رہے ہیں کہ اس وقت اسی قسم کی آندھی آ رہی ہے اس لئے آپ اپنے بچاؤ کی تدبیر کریں آندھی قریب آ گئی تو وہ شخص ایک درخت کی طرف بڑھا تاکہ اس کی آڑ لے سکے دوست نے اُس شخص کو درخت کی طرف جاتے ہوئے دیکھا تو چیخ پڑا اس نے کہا آپ درخت کے نیچے ہرگز نہ جائیے اس آندھی میں بڑے بڑے درخت گر جاتے ہیں اس لئے اس موقع پر درخت کی پناہ لینا بہت خطرناک ہے ۔

اس نے کہا اس آندھی کے مقابلے میں بچاؤ کی ایک ہی صورت ہے اور وہ یہ ہے کہ آپ کھلی زمین پر اوندھے منہ ہو کر لیٹ جائیں اُس نے دوست کے کہنے پر عمل کیا اور زمین پر منہ نیچے کر کے لیٹ گیا۔

(جاری ہے)

آندھی آئی اور بہت زور کے ساتھ آئی وہ بہت سے درختوں اور ٹیلوں تک کو اڑا کر لے گئی لیکن یہ سارا طوفان اوپر سے گزرتا رہا اور زمین کی سطح پروہ محفوظ پڑے رہے کچھ دیر کے بعد جب آندھی کا زور ختم ہوا تو وہ اٹھ گئے اس شخص نے محسوس کیا کہ دوست کی بات بالکل درست تھی آندھیاں اٹھتی ہیں تو ان کا زور ہمیشہ اوپر رہتا ہے زمین کے نیچے کی سطح اس کی براہ راست زد سے محفوظ رہتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آندھی میں کھڑے ہوئے درخت تو اکھڑ جاتے ہیں مگر زمین پر پھیلی ہوئی گھاس بدستور قائم رہتی ہے ایسی حالت میں آندھی سے بچاؤ کی سب سے زیادہ کامیاب تدبیر یہ ہے کہ وقتی طور پر اپنے آپ کو نیچا کر لیا جائے یہ قدرت کا سبق ہے جو بتاتا ہے کہ زندگی کے طوفانوں سے بچنے کا سادہ طریقہ یہ ہے کہ جب آندھی اٹھے تو وقتی طور پر اپنا جھنڈا نیچا کر لوکوئی شخص اشتعال انگیز بات کہے تو تم اس کی طرف سے اپنے کان بند کر لو کوئی تمہاری دیوار پر کیچڑ پھینک دے تو اس کے اوپر پانی بہا کر اسے صاف کر دو جب تم ایسا کر لو گے تو حالات کی بڑی سے بڑی آندھی بھی تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی۔

Browse More Urdu Literature Articles