Tharparkar ,rait Ke Teelon Se Sarsabz O Shadabi Tak - Article No. 2131

Tharparkar ,rait Ke Teelon Se Sarsabz O Shadabi Tak

تھرپارکر،ریت کے ٹیلوں سے سرسبز و شادابی تک - تحریر نمبر 2131

تھر کے باسی بہت مہمان نواز لوگ ہیں،یہ آپ کو تھر میں جہاں کہیں بھی دیکھیں خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں،یہ لوگ تھر کے لیے بہت حساس ہیں،تھر میں ہندوآبادی اکثریت میں ہونے کے باجود وہاں کے مسلمان اور ہندوبرادریوں میں امن،بھائی چارہ اور محبت کا رشتہ قائم ہے

Shahrukh Sheikh شاہ رخ شیخ بدھ 4 ستمبر 2019

ہم تھرپارکر کی حدود میں داخل ہوئے جہاں سڑک کی دونوں جانب چندماہ قبل ریت کے ٹیلوں اور دور دور تک ریگستانی علاقہ تھا وہاں آج ہر طرف ہریالی ، لہلہاتے درخت اور سبزہ ہے،حالیہ بارشوں نے تھر کے باسیوں میں زندگی کی ایک نئی امید پیدا کردی ہے ،جس کی وجہ سے تھری کھیتی باڑی کرسکتے ہیں ،فصلیں اگاسکتے ہیں ،اور اپنا روزگار چلاسکتے ہیں۔ تھرپارکر کی مرکزی سڑک پر سفر کرنے کے دوران راستے میں آپ کوتھری اپنے جانورچرواتے ہوئے نظرآئیں گے،جبکہ کئی سالوں سے قحط اور پیاس کا شکار تھر کے مویشی برساتی پانی کے باعث جمع ترائی (پانی کے تالاب )سے پانی پیتے ہوئے ملتے ہیں ،کبھی تو اونٹ بھی دیکھنے کو مل جاتے ہیں،کیونکہ بارش ابھی تازہ ہوئی تھی تو تھر کے چھوٹے بچے راستے بھر پرآ پ کو پولیتھین کی تھیلیاں لے کر کھڑے ملیں گے جن میں تازہ سفید 'کھمبھیاں' (Mushroom) ہوتی ہیں جو فقط بارش کے موسم میں اگتی ہیں اور ان کا سالن بہت لذیذ بنتا ہے۔

(جاری ہے)

تھر کا صحرا لاکھوں کلومیٹرز میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ دنیا کا 17واں بڑا صحرا ہے اور Subtropical Desert کے حوالے سے 9ویں نمبر پر آتا ہے۔ اس کا بڑا حصہ یعنی تقریباً 85 فیصد انڈیا کی طرف ہے اور 15 فیصد کے لگ بھگ ہمارے پاس ہے۔ تھر میں بے شمار این جی اوز کام کررہی ہیں،تھر میں تھر کول منصوبہ بھی اپنی مثال آپ ہے،جس سے امید کی جارہی ہے کہ تھر بدلے گا پاکستان،ابھی حال ہی میں تھرپارکر کے شہر اسلام کوٹ میں کراچی کی معروف یونیورسٹی کی جانب سے ایک انجینئرنگ یونیورسٹی کا بھی اعلان کیاگیاہے۔
مرکزی سڑک سے لنک روڈ پر آنے کے بعد 'بھالوا' ہے اور وہ کنواں ہے جس سے عمر ماروی کی مشہور لوک داستان وابستہ ہے۔ کہتے ہیں کہ یہ وہ کنواں ہے جہاں سے عمر نے ماروی کو اٹھایا تھا اور عمرکوٹ کے قلعے میں قید کر دیا تھا۔ اب ماروی کے کنویں کو محکمہ ثقافت کی طرف سے چار دیواری دے کر محفوظ کیا گیا ہے۔ آپ جب اس چار دیواری کے اندر جاتے ہیں تو وہاں کے مقامی فنکار اپنے ساز و آواز سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
کنویں میں ابھی تک پانی ہے جسے لوگ استعمال کرتے ہیں۔ ہم جب اسلام کوٹ سے گوڑی مندر اور بھالوا دیکھنے کے لیے نکلے تو وہ ہی شاندار ریت کے ٹیلے اور ان ٹیلوں پر لوگوں کے بنے ہوئے مخصوص قسم کے گھر (مقامی طور پر اس کو 'چوئنرو' کہتے ہیں، جو مقامی گھاسوں سے ہی بنتا ہے، خاص کر اس کی چھت ایک جھاڑی 'کِھپ' (Broom Brush) سے ڈھانپی جاتی ہے۔ ننگرپارکر ہماری منزل تھا ،جہاں آپ پہنچتے ہیں تو جھونپڑی نما دکانیں اور چند پختہ دکانیں آپ کا استقبال کرتی ہیں،ننگرپارکر کو سیاحتی شہر بھی کہا جاسکتا ہے اس کی وجہ شہر کی خوبصورتی اور صاف ستھری سڑکیں ہیں، شہر میں ضروریات زندگی کی ہر چیز دستیاب ہے، ننگرپارکر میں کارونجھر جبل کے نام سے پہاڑ واقع ہے ،ننگر پارکر پورے تھر میں اپنی الگ ہی پہچان رکھتاہے،کارونجھرجبل نامی پہاڑ کے دامن میں پانی تالاب ہے ،جبکہ پہاڑ پر جانے سے قبل آپ کو چند حکیم جڑی بوٹیاں لیے بھی اپنی دکان سجائے بیٹھے ملیں گے جن کے بقول یہ جڑی بوٹیاں کارون جھر جبل سے نکالی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔
کارون جھر جبل کی چوٹی پر چڑھنے کے بعد آپ کو دور دور تک سبزہ ہی سبزہ دیکھنے کو ملتا ہے،جبکہ فضاؤں میں موروں کی آوازآپ کو سحر زدہ کردیتی ہے۔ تھر کے باسی بہت مہمان نواز لوگ ہیں،یہ آپ کو تھر میں جہاں کہیں بھی دیکھیں خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں،یہ لوگ تھر کے لیے بہت حساس ہیں،تھر میں ہندوآبادی اکثریت میں ہونے کے باجود وہاں کے مسلمان اور ہندوبرادریوں میں امن،بھائی چارہ اور محبت کا رشتہ قائم ہے،جوہرکسی کے دکھ ،سکھ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں،تھر میں دورے کے دوران ہم نے یہ بھی دیکھا کہ ہم جس علاقے یا گاؤں میں داخل ہوتے تو وہاں رشتہ حب الوطنی دیکھنے کو ملتا ،جھونپڑی نما دکانوں اور کچے گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم لہراتے ہوئے ملے ،جو اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ تھر کے عوام مشکل وقت میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے اور اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

Browse More Urdu Literature Articles