’’ تبدیلی سرکار کا خواب ‘‘

Tabdeeli Sarkar Ka Khawab

Ahtesham Ul Haq Shami احتشام الحق شامی اتوار 8 مارچ 2020

Tabdeeli Sarkar Ka Khawab
تبدیلی سرکار نے پنجاب میں پانچ خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے کی منظوری دی ہے لیکن یہ حقیقت جانے بغیر کہ جب ملک میں شرح سود تیرہ فیصد سے زائد ہو، جو خطے میں سب سے زیادہ ہے،کون بے وقوف بینکوں سے مہنگے قرضے لے کر ان اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے گا ؟ جب ملک میں نیب سرکار کا بول بالا ہو گا تو کون شریف آدمی اپنا پیسہ جیب سے باہر نکالے گا ؟ ۔


کوئی ان گدھوں کو بتائے،شرح سود میں اضافے سے سرمایہ کاری میں اضافہ کے بجائے کمی واقع ہوتی ہے ۔ اقتصادی زونز محض اعلان کرنے سے آباد نہیں ہوتے ۔ ان کی آباد کاری کے لیئے کاروباری طبقے کے لیئے ماحول کو ساز گار بنانا اور شرح سود کم سے کم کرنا اولین شرط ہے ۔ اگر نواز شریف دور میں سرمایہ کاری بڑھی تو اس کی بنیادی وجہ شرح سود میں کمی تھی،جنوری دو ہزار اٹھارہ تک ملک میں شرح سود محض چھہ فیصد تھی ۔

(جاری ہے)

کارخانے،فیکٹریاں اور ملیں چل رہی تھیں جس باعث مہنگائی بھی محض دو فیصد تھی اور اقتصادی زونز آباد تھے ۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ شرح سود کو بڑھانے کے اعلان کے ساتھ ہی ملک کے معاشی افلاطوں نے بھی باضابطہ اپنے ایک اعلامیئے میں اعتراف کیا ہے کہ مذکورہ عمل سے سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوگی اور نجی شعبے کا کاروبار کرنا مشکل ہوجائے گا اور تاویل یہ پیش کی ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کے پیش نظر شرح سود میں اضافہ کیا گیا،لیکن یہ واضع کرنا گوارا نہیں کیا کہ آخر مہنگائی اور روپے کی قدر کی وجوہات کیا ہیں ۔


اقتصادیات اور معاشیات کا ایک ادنی طالب علم بھی حیران کھڑا ہے کہ جب برملا اس حقیقت کا اعتراف بھی کیا جا رہا ہے کہ شرح سود میں اضافے سے سرمایہ کاری کم ہوگی، نئی صنعتیں اور کارخانے لگانا مشکل ہوجائے گا، تو پھر پہلے سے بھاری شرح سود میں مسلسل اضافہ کیوں کیا جارہا ہے اور نئے اقتصادی زونز قائم کرنے کی منظوری کس بنیاد پر دی جا رہی ہے؟ ۔

کوئی اس وزیرِا عظم کو بتائے کہ اگر نواز شریف بننے کا شوق ہے تو اسی کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھنا ہو گا ۔
 اپوزیشن لیڈروں سے جیلیں بھرنے ،اس کے منصوبوں کا اپنے نام سے افتتاح کرنے، خزانہ بھرنے کے لیئے عوام پر بے جا ٹیکس لگانے اور جھوٹے معاشی اعداد و شمار عوام کو بتانے سے نہ تو یہ مذکورہ پانچ خصوصی اقتصادی زونز آباد ہو سکیں گے اور نہ ہی عمران خان کے، نواز شریف بننے کا خواب پورا ہو سکے گا ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا بلاگ کے لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین بلاگز :