نہیں ہے نا امید اقبال اپنی کشت ویراں سے

Nahi Hai Na Umeed Iqbal Apni

میمونہ رحمت منگل 22 اکتوبر 2019

Nahi Hai Na Umeed Iqbal Apni
میڈم!نماز کا وقت ہو گیا ہے، میں نماز پڑھنے جاؤں؟
لیکچر کے دوران ایک طالب علم نے کھڑے ہو کر اجازت  طلب کی۔ اس کی نظریں گھڑی پر تھیں یُوں لگ رہا تھا کہ ایک  لمحہ کی بھی دیر اُس کا بہت بڑا نقصان کر دے گی۔  میں نے اُسے اجازت دی اور طلباء کا پورا گروپ اللہ کے حضور حاضری کو چل دیا۔ پڑھنے میں یہ کوئی برسوں پرانی بات لگ رہی ہوگی لیکن ایسا ہر گز نہیں ہے، پچھلے ہی برس کا واقعہ ہے جب میری تعیناتی ملک کی ایک نامور یونیورسٹی میں تھی۔

طالب علم کے اس ایک سوال نے مجھے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا۔
ہم ہمیشہ یہی سوچتے رہتے ہیں کہ ہمارے بچے کچھ اچھا نہیں کررہے، ہمارے بچے بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں ہماری نسلیں تباہ و بربادی کے دہانے پر ہیں، بڑوں کا ادب نہیں کرتے، بچوں کو بات کرنے کی تمیز نہیں ہے وغیرہ وغیرہ مگر! ایک سیکنڈ رکیے اور اپنی سوچ کو ایک نیا زاویہ دیجیے۔

(جاری ہے)

آپ بینک جاتی ہیں تو آج بھی آپ کو خاتون ہونے کے ناطے ترجیح دی جاتی ہے، آپ کسی مال میں جاتے ہیں تو بچے، بوڑھوں کو رستہ دینے میں دیر نہیں کرتے،  بڑوں  کا احترام آج بھی بچے کرتے ہیں، گزرتے ہوے استاد نظر آجائے تو سلام لازمی کرتے ہیں اور رش ہو تو راستہ دیا جاتا ہے۔ بات یہ نہیں کہ ہم غلط تجزیہ کررہے ہیں مگر حقیقت تو یہ ہے کہ ہم بیس فیصد برائی کو  اسی فیصد اچھائی پر حاوی سمجھ لیتے ہیں اور ناامیدی کی عینک کو اپنی آنکھوں سے اتارنا  ہی نہیں چاہتے، ہم اپنا دماغ استعمال کرنے کے بجائے میڈیا کی نظر سے دیکھتے ہیں۔


ہمارے بچے ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور یہی  تو ہیں ہمارا مستقبل ۔
آپ یونیورسٹی میں جائیں گے تو آپ کو  جہاں جدید تراش خراش  میں ملبوس طالبات نظر آئیں گی وہیں آپ کو باپردہ  بھی ملیں گی، آپ کو حی علی الفلاح کی آواز پر  لبیک کہتے ہوے یونیورسٹی کے پرئیر  ہال اور مسجد  بھرے ہوے  بھی ملیں گے اور ایسے دیانتدار طلبہ بھی دکھائی دیں گے   جو ٹیسٹ میں کوئی سوال نہ آنے پر  وہ سوال تو چھوڑ دیتے ہیں مگر نقل نہیں کرتے۔


ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کی اچھائیوں کی تعریف کریں ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ یہ حماد صافی، حارث خان، ہارون طارق، موسٰی فیروز، فیضان اسلم صوفی، ایک لمبی فہرست ہے اور یہ ہمارے بچے ہی تو ہیں، ہمارا مستقبل! ایک دفعہ مایوسی کی گرد سے اٹی ہوئی عینک صاف کر کے تو دیکھیے آپ کو طمانیت ضرور محسوس ہوگی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا بلاگ کے لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین بلاگز :