Matlashi By Naeem Shah

Read Book Matlashi By Naeem Shah in Urdu. This is Afsanay Book, and available to read online for free. Download in PDF or read online in multiple episodes. Also Read dozens of other online by famous writers.

متلاشی - نعیم شاہ

دیباچہ
میرا گزشتہ پچیس سال سے اس کتاب کو لکھنے کا ارادہ تھا لیکن سال پہ سال گزر نے کے باوجود کامیاب نہ ہو سکا تھا۔ اسے نہ لکھ سکنے کے باعث عمر کے ساتھ ساتھ میرے دل پر بوجھ بھی بڑھتا جا رہا تھاکہ میں نے اپنی اس اہم ذمہ داری کو پورا نہیں کیا۔ بچپن سے ہی چیزوں،لوگوں، رویوں کے متعلق باریکیوں سے سوچنے کے باعث بعض دفعہ میرے ذہن میں ایسے خیالات پیدا ہوتے جو اہم ہوتے، جن میں اشارے ہوتے۔جن کے بارے میں مجھے محسوس ہوتا کہ انھیں تحریری صورت میں محفوظ کرنا ضروری اور مجھ پر فرض تھا۔ لیکن میں اپنی مصروفیات یا سستی کے باعث ایسا نہ کرپاتا اور وہ خیالات چند دن میرے ذہن میں رہنے کے بعددوبارہ غائب ہو جاتے اور میرے دل پر انھیں ضائع کر دینے اور اللہ کی ناشکری کرنے کا بوجھ چھوڑ جاتے۔
قلبِ انسان میں وجود پانے والے یہ خیالات بھی ماؤں کے پیٹ میں وجود پانے والے بچوں کی طرح ہوتے ہیں جنھیں نشونما کے دور سے احتیاط سے گزارتے ہوئے اس دنیا میں لانا ان کی ماؤں پر فرض ہوجاتا ہے۔بدقسمت ہوتی ہیں وہ مائیں اوروہ لوگ جو اپنے اندر وجود پانے والے ان بچوں ، ان خیالات کو اپنی لاپروائی سے دنیا میں لانے سے پہلے ہی کھودیتے ہیں۔ مجھے یوں محسوس ہوتا کہ اگر میں اپنی اس زمہ داری کو پورا کیے بغیر اس دنیا سے رخصت ہوا تو دل پر بہت بوجھ لے کرجاؤں گا۔
چناچہ میں نے اللہ کا نام لے کر بالآخر اپنی اس کوشش کا آغاز کر دیا ۔ یہ کتاب ہماری روز مرہ کی زندگی میں پیش آنے والے چھوٹے چھوٹے واقعات و مشاہدات جن میں ہمارے لیے حقیقتاً ہدایات و اشارے چھپے ہوتے ہیں، پر مبنی ہے۔ ہماری نظروں کے سامنے سے گزارے جانے والے وہ بظاہر معمولی سے واقعات جو دراصل ہماری زندگی اور سوچ میں بڑی تبدیلیاں رونما کرنے کے لیے ہوتے ہیں، ہمیں جگانے کے لیے ہوتے ہیں۔مگر ہم انھیں معمولی اور روٹین سمجھ کر ان پر دھیان ہی نہیں دیتے ۔۔اس کتاب میں ان ہی چھوٹے مگر اہم واقعات کی جانب توجہ مبزول کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔د عا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو بامقصد اور مفید بناتے ہوئے مجھے میرے مقصد میں کامیابی عطا فرمائے۔۔۔ آمین!
نعیم شاہ

Chapters / Baab of Matlashi