Episode 8 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 8 - عورت - قلب حسین وڑائچ

21-8-12 بوقت: 8:30بجے صبح
مجازی خدا
عورت اُس کی ملکیت ہے جس پر اُس کا ایمان ہے جس نے روبرو گواہان محبت کی قیمت وصول کی ہے جسے شریعت میں ” حق مہر “ کہتے ہیں … محبت کا حق جس نے قبول کر لیا ہے … وہی نیک سیرت ہے جو اپنی کھیتی کی حفاظت کرتی ہے … ورنہ بنجر زمین اور سوکھے درخت کے متشابہ … عورت کی خوبصورتی لباس فاخرانہ ‘ زیورات ‘ میک اپ نہیں باطن کا پرُ نور ہونا اُس کا حسن حقیقی ہے … سیرت کا پاکیزہ ہونا … حیاء کا مضبوط ہونا … کردار کا قلعہ نما ہونا ‘ فولاد سے زیادہ مضبوط مگر مجازی خدا کے لئے نرم دل … بچوں کے لئے محبت بھرا دل ۔
معاشرہ کی اصلاح کے لئے عورت کاکردار بڑا اہم ہے … دراصل کردار ہی سارے معاشرہ کا حسن عظیم ہے … کردار کا حسن انسانیت کا حسین چہرہ ہے … انسان کے سارے حواس اُس کے کردار کے سچے گواہ ہوں گے تو انسانیت سرخرو ہو گی اور یہ پاک باز عورت کے رویوں کی مرہون منت ہے ۔

(جاری ہے)

عورت کا سارا حسن اُس کے مجازی خدا کے لئے ہے جو مجازی خدا کو پسند ہے وہی اُس کا سرمایہ حیات ہے … وہی اُس کا اطمینان ہے … راحت جاں ہے … داستاں حیات ہے عورت کی بخشش کے لئے خدا کی عدالت میں مجازی خدا کی گواہی قابل قبول ہو گی … جس نے اُس کی کھیتی کی حفاظت کی وہ سکھی رہے گی … عورت کا سارا ایمان ‘ یقین اور ایقان اُس کا مجازی خدا ہے جو اُس کی پوری پوری ذمہ داری اٹھاتا ہے … حقوق پورے کرتا ہے خدا کے بعد اُس کا سب سے بڑا سہارا ہے … عورت کے لئے ٹھنڈا سایہ ہے ۔

###
عورت پن عورت کا سرمایہ حیات ہے … شرم و حیاء حسن سیرت ہے وفا اور کردار زیور نایاب … پیار اور محبت مقصد حیات … صبر اور حوصلہ پاکیزہ امانت … ذمہ داری اور خانہ داری شعور فطرت … چادر اور چاردیواری حسن خیال ہے … عورت مقام عظمت کی پاسدار … ورنہ … ورنہ خوار … !!! در خوار … اگر وہ عورت پن سے محروم ہے ۔
###
عورت کا ظاہری نقاب بے معنی ہے جب تک اُس کا باطن اجلا صاف اور شفاف نہیں … عورت کا کردار ہی اُسے حور کا درجہ دیتا ہے اور مرد کا سچا کردار فرشتوں سے افضل ہے … دونوں کا مشترکہ پاکیزہ اثاثہ انسانیت ہے … !!!
###
مرد کا سب سے قیمتی اثاثہ اُس کی وفا شعار بیوی ہے جس کے پاس ساری امانتیں اُس کے خاوند کی ہیں اور اُس کے سارے وجود کا مالک اُس کا مجازی خدا ہے ۔
ماسوائے جان کے جو اُس کے پاس خدا کی امانت ہے … یہی دنیا میں حوروں جیسی ہے اور ایسے خاوند کی یہ دنیا جنت جیسی ہے … باقی سارے غم عارضی ہیں … !! وہ روزگار کا ہو یا اولاد ہے … عورت کی تسلی مرد کے لئے خدا کے بعد سب سے زیادہ حوصلہ مند رویہ ہے ۔
###
14-12-12 بوقت: 1بجے شب
مرد کے صلب میں اگر کوئی زندگی ہے تو رحم مادر میں بھی کوئی زندگی انتظار کرتی ہے … عورت دنیا کی زندگی ہے … شفیق عورت سارے معاشرہ کی ماں ہے … !
###
خالق تیرا بھی مزاج عجیب ہے فیصلہ کچھ اور کرتا ہے اور عمل کے لئے کچھ اور کہتا ہے … جنت ماں کے قدموں میں رکھی ہے اور عورت کے لئے مرد کو مجازی خدا کہتا ہے … اگر عورت کو صبر دیا ہے تو مرد کو شکر عطا کر … حوصلہ دے … مرد مجازی خدا بن کر دکھائے اور عورت جنت کی حور … تابعداری … تابعداری … خدمت گزاری … خدمت … عورت کی بھاری ذمہ داری … !!
###
دانا بیوی خاوند کا اثاثہ ہے اور دانا عورت معاشرہ کا … ! دانائی اور حکمت انسانیت کا … ! دانا لوگوں کی باتیں ماحول کو زندہ رکھتی ہیں … !!
###
17-12-12 بوقت: 4بجے سہ پہر
عورت ‘ ایثار اور قربانی کا اصل نام ہے عرف عام میں اِسے عورت کہتے ہیں … یہ ہمیشہ دوسرے کے سایہ میں زندگی بسر کرتی ہے ۔
###
24-12-12 بوقت: 3بجے آخری شب
کائنات کا سب سے بڑا جھوٹ ” میں عورت سے نفرت کرتا ہوں “ عورت کے وجود میں ایک کائنات ہے اور اُس کا نام ” دنیا ‘ ‘ ہے … مرد کے سارے جذبات کی دھڑکنوں کو اکٹھا کیا جائے تو عورت کا وجود بنتا ہے … جس نے یہ کہا کہ اے مرے اللہ ” میرے دل سے عورت کی محبت نکال دے “ اُس نے کائنات کی عظیم نعمت سے انکار کیا … اور خدا کے ساتھ سب سے بڑا دھوکا … جو زمانوں سے بے نیاز اور دل کے نقطہ فواد کے راز سے آگاہ ہے … اُس نے عورت کی خلقت کو دنیا قرار دیا ۔
###
ماں کو ماں رہنا چاہئے بے شک وہ ساس بن جائے … نہ جانے ساس بننے کے بعد ماں کیوں نہیں رہتی … نفرت کے لہجے میں محبت کا اظہار کتنا افسوسناک ہوتا ہے … ساس ماں بن جائے تو بہو بیٹی بن جائے گی … اِس رشتے کا ناپاک رویہ معاشرہ میں زہر اور کینسر ہے ۔
###
پگڑی اور جوتے کا تعلق مضبوط نہ ہو تو مرد کی شخصیت متاثر کن نہیں ہوتی … عورت کے ہاتھ اور پاؤں صاف نہ ہوں تو اُس کا لباس متاثر کن نہیں ہوتا … اگر دونوں ایک دوسرے کے مزاج شناس نہ ہوں تو دونوں کی زندگی بدمزہ … !! اِن معاملات کو نکاح کی طرح لو … سمجھے … !!
###
عورت کا عورت رہنا اور مرد کا مرد بننا بڑا مشکل ہے … جو عورت صفات مردانہ کا دعویٰ کرے وہ عورت نہیں رہتی اور جو مرد ‘ مردانہ فیصلے نہ کرے وہ مرد نہیں رہتا … دونوں کے درمیان فیصلہ قوت فطری ہے ۔
###
جو عورت اپنے بچوں کے باپ کی انمٹ محبت سے محروم ہے اُس کی زندگی ادھوری ہے … عورت کی زندگی کا حسن مجازی خدا کی نظر میں پاکیزگی ہے … اُس کی مزاج شناسی … رویوں کی پہچان … !! اُس عورت کا کوئی نہ گھر ہوتا ہے نہ در ہوتا ہے جس کا مجازی خدا در بدر ہوتا ہے … !!
###
31-1-13 بوقت: 7بجے صبح
عورت ‘ عورت بن کر سوچے اور مرد ‘ مرد بن کر سوچے … عورت مرد بن کر سوچے اور عورت مرد بن کر سوچے تو گھریلو تنازعات ختم ہو جائیں … یہ ایک دوسرے کے مسائل اور مشکلات کو نہیں سمجھتے بلکہ ایک دوسرے پر سبقت لینے کے عمل سے گزرتے ہیں … ماحول دراصل مزاج شناسی کا مظہر ہے … ایک دوسرے کے مزاج کو پانے کی ضرورت ہے … ! مزاج کی ساری تلخیاں دراصل ہمارے اپنے ہی رویوں کی وجہ سے ہیں … !!
###
عورت وہ انسان نما حیوان ہے بگڑ جائے تو اُسے سدھایا نہیں جا سکتا … سمجھایا جائے تو سمجھتی نہیں … سارے رویے اپنی مرضی کے حق میں جائز قرار دیتی ہے … ایسی سیرت والی عورت کا علاج گہری چپ ہے … سمجھنے‘ سمجھانے والا کلیہ اِس پر لاگو نہیں ہوتا مگر اِن کی تعداد کثیر نہیں ہوتی ۔
###
حسن بھی ہو اور سیرت بھی تو وہ عورت زمین پر اتری ہوئی حور ہوتی ہے ‘ حیاء کا زیور جس کی پسند … شوہر پرستی جس کا مشغلہ … تابعداری جس کی جبلت کا حصہ … چادر اور چاردیواری جس کا مقام مقدس … !!!
###
عورت کے لئے سب سے خوبصورت جگہ باورچی خانہ ہے اور خوبصورت لباس حیاء کی چادر … خوبصورت رویہ خاوند سے محبت … خوبصورت فطرت بچوں کی تربیت … باقی … سب مشغلے اور ذہنی عیاشی اور عذاب … جس کا انتخاب عورت خود کرتی ہے ۔
###
4-2-13 بوقت:3بجے رات
نہ عورت خاص ہوتی ہے نہ مرد خاص ہوتا ہے ‘ رویے اور مزاج خاص ہوتے ہیں … فرق صرف عام اور خاص ہے … ماحول سازگار رہتا ہے جہاں ہم مزاج اور مزاج شناس ہوتے ہیں … جہاں ایک دوسرے کا خاص خیال رکھتے ہیں ۔
##
4-2-13 بوقت: 8:15بجے صبح
جس گھر میں عورت نہ ہو وہ گھر نہیں ہوتا اور جس گھر میں مرد نہ ہو وہ گھر نہیں ہوتا اور جس میں دونوں ہوں مگر اُن میں انسانیت نہ ہو تو گھر تو ہوتا ہے مگر بربادی اور تباہی کے لئے … دونوں میں سے ایک کا انسان ہونا ضروری ہے تا کہ آدھا گھر بچ جائے محفوظ رہے … وہ آدھا گھر میں اُسے اولاد کانام دوں گا مگر لوگ … لوگ دولت اور بڑے بڑے محلات کو گھراور اُس میں رونق سمجھتے ہیں … یہ تو تباہ اور مفرور ذہنوں کی پیداوار ہے … !
لوگو ! گھر وہ ہوتے ہیں جہاں مزاج شناس میاں اور بیوی رہتے ہیں جہاں ذمہ دار اولاد اور مہربان والدین ہوں … جہاں سارے ایک دوسرے کے مزاج شناس ہوں … وہی خدا کے عذاب سے محفوظ رہتے ہیں ورنہ سب کی موجودگی میں بے آباد اور برباد ہو جاتے ہیں ۔
سمجھدار عورت گھر کا اصل سرمایہ ہے جس کی آغوش میں اولاد پرورش پاتی ہے … جو معاشرہ کے کام آتی ہے … وہی اولاد دراصل زندگی کا سرمایہ ہے گھر خواہ بڑا ہو یا چھوٹا ‘ دولت زیادہ ہو یا کم دل میں سکون اور اطمینان لازم ہے اور وہ کسی خاص وجہ سے ہوتا ہے … بس وہ خاص وجہ ہمارے اپنے ہی خاص رویوں سے حاصل ہوتی ہے … وہ رویے ہمارے اپنے مزاج ہیں … جس کو خالق جائز دولت دے ‘ نیک اولاد دے ‘ سکون اور اطمینان کی دولت سے نواز دے تو سمجھ لو وہ سچا خدا کا شکر گزار ‘ حمد نواز ‘ تابعدار ہے یقین مانو وہ اپنی ذات میں کوئی دیگر ہے ۔
###
جس معاشرہ میں ماں کے دل میں بچے نہ رہیں اور بچوں کے دل میں ماں نہ رہے وہ کتنا بھی دل کش اور حسین کیوں نہ ہو اُس میں رہنے کا فطری لطف نہیں رہے گا … زندگی تو گزر جائے گی مگر اُس سے انصاف نہیں ہو گا … وہ معاشرہ محبت سے خالی ہوتا ہے … وہاں خود پرستی کا رواج عام ہوتا ہے سب اپنا اپنا خیال رکھتے ہیں … کون ماں باپ کون سی اولاد … فقط رشتوں کی ایک رسم … لعنت بھیجو … !!
###
جس عورت کو مجازی خدا پسند نہ کرے اُسے خدا پسند نہیں کرتا اور جس مجازی خدا نے عورت کی خوبیوں کو نہیں پہچانا اُس سے بڑا بدنصیب خدا کی نظر میں کوئی نہیں … ! محبت وہ پل صراط ہے جہاں سے گزر کر زندگی جنت میں داخل ہوتی ہے ۔

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich