Episode 15 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 15 - عورت - قلب حسین وڑائچ

بوقت : 5بجے صبح
عورت کی ایک ہی فضیلت اُسے عظمت کی بلندیوں پر پہنچا دیتی ہے … وہ خاوند کی تابعداری ‘ شوہر پرستی … عورت کے انکاری رویے اُسے برباد کرتے ہیں … اُس کی غلط فہمی اُس کی عقل کی قاتل ہوتی ہے … اُس کی زبان پر طعنہ زنی اُس کی دشمن ہے ورنہ عورت … عورت مرد کی زندگی کا حسین خواب نہیں حقیقت ہے … !!
میرا یقین یہ کہتا ہے اگر عورت چاہے تو زمین پر نہ گناہ ہو اور نہ فساد … یہ خدا کی حسین ترین جنس ہے … جنت میں اِسی کا نام حور ہے … دنیا میں یہی جنت اور دوزخ تقسیم کرتی ہے … یہی مردانہ روح کو فتح کرتی ہے … اِسے خالق نے دل موم کرنے والی آواز عطا کی ہے … اِس کی آواز سماعتوں کی زندگی ہے … اِس کے رویوں سے گھر آباد اور برباد ہوتے ہیں … !!
میرا یقین کہتا ہے خدا ارادے توڑتا ہے مگر میں اِس سے انکاری نہیں ہو سکتا کہ مرد کے غلط ارادوں کو یہ فتح کر سکتی ہے اور اِسے اندر اور باہر سے تبدیل کرنے کی اِس کی روح میں قوت ہے … یہ ایک روح پرور جنس ہے اِسی سے نئی روحیں جنم لیتی ہیں … یہی معصوم روحوں کی خالق ہے … افزائش انسانی کی ضمانت … نیک عورت خدا کے کرم کا نام ہے … عورت ہی آبادی اور عورت ہی بربادی … عقل میں آدھی مگر قوت میں پوری اِس کے بغیر مرد کی عمر ادھوری … !!!
###
1-3-14 بوقت : 6:35بجے صبح
عورت کی بخشش کا تعلق عبادت سے کم حکم کی تعمیل سے زیادہ ہے … خدا کے حکم سے پہلے مجازی خدا کا حکم مانے اور عبادت سے زیادہ اُس کی خدمت کرے جو اُس کے لئے رزق حلال کما کر لائے اور اُس کی ہتھیلی پر رکھے … بیوی حکم عدول ہو تو جنت اُس کے لئے ہر گز نہیں خواہ وہ بیوی نبی کی ہو … نبی کا حکم نہ مانے تو ڈوب کر مر جاتی ہے اور بیوی اگر نیک بنے خواہ وہ فرعون کی ہے جنت اُس کے نصیب میں ہے اُس کی گود میں نبی نے پرورش پائی تھی … اُس کی روح میں کلمہ حق اور خدا تھا … جو عورت نبی کی پرورش کرتی ہے خدا اور اُس کا رسول اُس سے ناراض کیوں ہو گا … خدا اُس سے ناراض کیوں ہو گا جس نے بچپن میں نبی کو نہلایا ہو ‘ لباس دھویا ہو ‘ کھانا کھلایا ہو ‘ بوسے دیئے ہوں … کیا یہ سب کچھ اُس نے اپنے خاوند کی اجازت کے بغیر کیا … نہیں !
اے کرہ ارض پر بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانو ! میرا آپ سے سوال ہے کیا جس نے نبی کی کفالت کی ‘ حفاظت کی ‘ اپنا جان و مال اولاد قربان کی اُسے کوئی اجر رسالت نہ ملے گا … جس کی بیوی نے نبی کو اپنے بچوں سے عزیز جانا ؟ جس کی وفات پر نبی رویا ‘ خود لحد میں اتر کر لیٹ کر دیکھا آرام دہ ہے‘ اپنا چولا بطور کفن پہنایا … اگر اُس نے اُس کا کلمہ نہیں بھی پڑھا تو جنت اُس پر واجب ہے … آسیہ کے لئے جنت ہے مگر فرعون کی بیوی تو تھی … !
جو غوروفکر نہیں کرتے اُن کے دل اندھے ہیں … جو فطرت اور حقیقت کو نہیں مانتے وہ بے بصیرت ہیں ‘ بے ادراک ہیں وہ کیا جانیں ولی کون ہے اور ولایت کا کیا درجہ ہے ۔

(جاری ہے)

###
1-3-14 بوقت : 7:15بجے صبح
عقل مند عورت وہ ہے جو خاوند کی بات پر عمل کرتی ہے اور عقل مند مرد وہ ہے جو بے عقل عورت کے ساتھ گزارا کرتا ہے اور کسی دوسرے کو خبر تک نہیں ہونے دیتا … گھر کو برباد ہونے سے بچا لیتا ہے اور اپنے جذبات کی قربانی دے کر سرخرو ہوتا ہے … !!! آخرت میں اُس کا حساب کم ہو گا جو دنیا میں حساب دے کر مرے گا … صبر کا صلہ دنیا میں بھی ملے گا اور آخرت میں اِس سے زیادہ … !! خوبصورت لگے گی وہ عورت جو اپنے بدن کو ایک بڑے سے پردے میں ڈھانپ کر رکھے گی اور اپنی عقل کی حفاظت کرے گی اپنی ذہانت سے … جب وہ کم گفتگو کرے گی اور نظریں جھکا کر چلے گی … بچوں پر کڑی نظر رکھے گی … عقاب کی طرح … !! وہ عورت بڑی فرض شناس ہوتی ہے جو چار دیواری کے اندر زندگی بسر کرتی ہے … شکر گزاری کی منزل پہ جو فائز ہوتی ہے … زندگی بھر صبر سے جو گزار دیتی ہے … !!
عورت کا جتنا ارادہ مضبوط ہوتا ہے اگر اتنا ایمان مضبوبط ہو تو پہاڑوں کو سر کر لے … خاوند کو فتح کرے … دنیا کو جنت بنا دے اور آخرت والی دوزخ کو ٹھنڈا کر دے … عورت ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب کسی مرد کے پاس نہیں بے شک مرد کتنا بھی عقل مند اور صاحب اقتدار ہو … عورت کا محتاج ہے ورنہ زندگی مشکل … !!!
###
مرد اور عورت جوانی میں ایک دوسرے کی ضرورت لازمیہ ہیں اور بڑھاپے میں خواہش … خواہش پوری ہو جائے تب بھی خواہش اور نہ بھی پوری ہو تو بھی خواہش … خواہش میں لذت محسوسیہ نہ ہو تو وہ بے معنی ہے … خواہش میں شدت ہو تو وہ ضرورت ہے ۔
###
2-3-14 بوقت : 5:35بجے صبح
عورت صابر نہ ہو تو وہ بات سمجھ سکتی ہے اور نہ ہی سمجھا سکتی ہے … عورت کی بے صبری ہو یا مرد کی وہ فیصلہ کی انتظار نہیں کرتے اور فیصلہ سننے سے پہلے اپنا فیصلہ سنا دیتے ہیں ۔
###
عورت مرد کی روحانی مشکلات کی معالج ہے … عورت کا حسن روح پر اثر انداز ہوتا ہے … عورت کا حسن جب آنکھوں کے نور میں اترتا ہے تو دل پر اِس کا عکس بن جاتا ہے … ایک عکس حسین ہر مرد کے دل پر ہمیشہ رہتا ہے ۔
###
مرد کی اخلاقی اور روحانی کمزوری کانام ” عورت “ ہے … مونث مذکر کی کمزوری ہے ۔
###
عورت خدا کی پہلی نعمت ہے جو مرد کو عطا ہوئی ۔
###
مرد کو ڈبونے کے لئے عورت کی آنکھوں میں اک سمندر ہے … عورت کے پیار کا ایک اشک مرد کو فتح کر لیتا ہے ۔
###
عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی اور مر دکی کمائی میں عورت کا حصہ ہوتا ہے ۔
###
گھر تباہ ہو تو عورت ذمہ دار … باہر تباہ ہو تو مرد … !!!
###
جب میاں بیوی کو ایک دوسرے کی ضرورت ختم ہو جائے تو نہ میاں مرد رہتا ہے اور نہ ہی بیوی عورت … صرف دو چلتے پھرتے بت … !!!
###
عورت کی آزادی … خاندان کی بربادی … عورت ازم ہی عورت کو تباہی سے بچا سکتا ہے … اُس کے آرگن صرف باورچی خانہ کا حسن ہیں … عورت کے رویوں کو برداشت کرو یہ جہاد ہے … اُسے راہ راست پر لانے کے لئے … خدا نے مساوات کا حکم دیا ہے مگر عورت اور مرد کے درمیان مساوات کا مفہوم یہ ہے … ایک گھر ہے اور ایک باہر ہے … گھر والا باہر چلا جائے تو باہر والا کیا کرے … ! عورت شمع محفل نہیں چراغ خانہ ہے … مرد اور عورت ایک دوسرے کے غلام نہیں حاکم ہیں … !
###
جہاں معاملہ کو طول دینا ہو ‘ جھگڑا کو بڑھانا ہو وہ ذمہ داری عورت کو دے دو … عورت ‘ عورت کو چپ نہیں کرا سکتی مگر عورت مرد کو چپ کرا سکتی ہے خود چپ نہیں رہ سکتی … اگر خاموش بھی ہو جائے تو بھی اندر سے بولتی رہتی ہے … اِس کے خاموش رویے بولنے سے زیادہ اذیت ناک ہوتے ہیں ۔
###
2-3-14 بوقت : 7بجے صبح
عورت کو جو جی چاہے کہہ لو مگر ماں کو کیا کہو گے جس عورت نے تمہیں جنم دیا … کیا اِس سے افضل کوئی فضیلت ہے … عورت نے ہی عورت کو جنم دیا ہے نہ جانے پھر عورت ‘ عورت کی دشمن کیوں ہے ۔
###
کھانے میں لذت نہیں ہوتی پکانے والی کے لمس میں جو لذت ہوتی ہے وہ اُس میں ہوتی ہے … جس کے کھانے میں لذت نہیں سمجھ لو اُس شریک حیات کی روح میں میاں کا پیار نہیں ۔
###
جس دکان پر سیلز وومن ہے وہاں گاہک زیادہ آئیں گے اگر وہ شرح منافع کم رکھے تو منافع زیادہ کمائے گا … سب سے زیادہ سیلز وومن چائنی ہیں … عورت بہترین سیلر ہے ۔
###
عورت کو اپنی خوبیاں پوشیدہ رکھنی چاہئیں اور مرد کو ظاہر کرنی چاہئیں … عورت ظاہر کرے گی تو کمزور ہو جائے گی مرد ظاہر کرے گا تو طاقت ور ‘ قوت پرور اور بلند ہو گا … !!!
###
نہ حسن بوڑھا ہوتا ہے نہ محبت … مرد اور عورت کی نظر اور دل کی کیفیت بوڑھی ہوتی ہے … خواہش اور ضرورت ‘ جذبہ اور جذبات … !!!
###
2-3-14 بوقت : 7:40بجے صبح
وہ عورت کبھی ناکام نہیں ہوتی جو اپنی غلطی مان لے اور شوہر کی غلطی معاف کر دے ۔
###
وہ عورت کامیاب ہے جو کم بولے اور کم شکایت کرے … وہ کامیاب ہے جو دیر سے سوئے اور سب سے پہلے بیدار ہو … جو اختیار رکھتی ہو مگر کفایت شعار ہو … شوہر کی حیثیت پر فخر کرے نا کہ ماں باپ کی … !!!
###
عورت ساس بن جائے تو نہیں رہتی اور بہو بن جائے تو بیٹی نہیں بنتی … اِس طرح عورت ماں بن جائے تو ساس نہیں رہتی اور بیٹی بن جائے تو بہو نہیں رہتی
###
ماں ٹوٹے ہوئے اور بکھرے ہوئے خاندان کا علاج کرتی ہے اور جس سماج میں ماں ہی ٹوٹ جائے اور جگہ جگہ بکھر جائے وہ سماج کتنا بھی ترقی یافتہ ہو جائے وہاں سکون نام کی کوئی شئے نہیں ہو گی … وہاں کوئی ایک دوسرے کا نہ احساس کرے گا نہ مدد کرے گا … ہر کوئی اپنی ذات میں گم ہو گا ۔
###
دنیا کی سب سے عظیم خوشی جو عورت اور مرد کے درمیان یکساں ہے وہ ازدواجی ہے … بلکہ حاصل دنیا ہے خواہ غریب ہے یا امیر … محل میں رہتا ہے یا جھونپڑی میں … پیر ہے یا مرشد … خواہ عام ہے یا خاص … دنیا کا وجود اِس رشتے سے ہے ۔
###
جو عورت خاوند کے حق میں اپنی انا قربان کر دیتی ہے وہ وفا کا محل تعمیر کر لیتی ہے جس میں سکون اور اطمینان سے زندگی بسر کرتی ہے ۔
###
عورت اور مرد دونوں کو ایک دوسرے کا مذاق نہیں اڑانا چاہئے بلکہ احترام کرنا چاہئے اور محتاط رہنا چاہئے … کہیں دونوں کے درمیان شخصیت کی غلط فہمی نہ ہو جائے اور زندگی غلط رویوں کی نظر نہ ہو جائے ۔
###
عورت کی عظمت سے انکار سب سے بڑا کفر ہے … عورت سے عورت اور مرد نے جنم لیا اور عورت نے پیغمبران خدا کو جنم دیا … عورت کے بغیر دنیا کا وجود بے معنی ہے مگر عورت کو خود مختار نہیں ہونا چاہئے اور مرد کو بے اختیار … !!!
###
عورت کو جتنی عظمت اسلام نے بخشی ہے دنیا کے دوسرے کسی مذہب نے نہیں … !! اِس لئے میرے نزدیک اسلام عظیم ہے ۔

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich