Episode 16 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 16 - عورت - قلب حسین وڑائچ

4-3-14 بوقت : 4بجے صبح
جب خالق نے آدم سے حوّا کو پیدا کیا تو فرشتوں نے آدم کو مبارک بادیں دیں … آدم  بھی صاحب اولاد ہو گیا … !! بیٹی ہو یا بیٹا عورت کی محبت دونوں میں یکساں ہوتی ہے … دونوں اُس کے وجود کا حصہ ہیں ۔
###
عورت کے صبر میں یہ فضیلت ہے کہ وہ تنہا اور اکیلی زندگی بسر کر سکتی ہے مگر مرد عورت کے بغیر تنہا اور اکیلا بے مصرف درخت کے مانند ہے جو نہ سایہ دے نہ ثمر دے …!!
###
عورت کے لئے چاردیواری ضروری ہے مرد کے لئے نہیں … عورت کے لئے سایہ ضروری ہے مرد بغیر سایہ کے رات بسر کر سکتا ہے ۔
###
بیوی کے رویوں میں جنت ہے ۔ مرد گھر میں داخل ہو تو ایسے معلوم ہو وہ جنت میں آ گیا ہے مگر بیوی کے روپ میں اُسے حور نظر آئے … حور صرف خوبصورتی نہیں … خوب سیرتی ہے … اُس کے مزاج میں تابعداری عبادت کی طرح ہو … !!
###
عورت اپنے رویوں سے شوہر کو عظیم بناتی ہے … خاوند کو بھی ایسے رویوں کا حساب دینا چاہئے 
###
عورت وہ خوبصورت اور قابل قبول ہے جس کی خاوند کی نگاہ میں عظمت ہے … وہ نہیں جو دولت مند اور صاحب اقتدار کی اولاد ہے ۔

(جاری ہے)

###
جس کی اولاد خوب سیرت ہے وہ ماں خوبصورت ہے خواہ وہ ادنی لباس میں ہے یا عام سے گھر میں … خواہ اُس کا خاوند آفیسر یا عام سا ہنر مند … عام سا مزدور یا معمولی کاشتکار … اولاد والدین کی قدر و قیمت ہے۔
###
مرد اور عورت کا یہ سب سے بڑا جھوٹ ہے کہ مرد کے دل پر کسی عورت کا سایہ نہیں اور عورت کے دل میں کوئی مرد نہیں … مرد اور عورت کے دل ایک دوسرے کے گھر ہیں … !!
###
4-3-14 بوقت : 5بجے صبح
عورت کے بغیر جو مرد کہے زندگی بڑے مزے سے گزر رہی ہے یہ کائنات کا سب سے بڑا جھوٹ ہے … خواہ وہ گوتم بدھ ہی کیوں نہ ہو ۔
###
عورت اور مرد کا گھر میں چھوٹا موٹا تکرار زندگی کی علامت ہے … گھر ‘ گھر ہونا چاہئے قبرستان نہیں ۔
###
عورت کے لئے بہتر ہے حقوق مانگنے سے پہلے فرائض پورے کرے … اولاد کی تربیت کی اولین ذمہ دار عورت ہے جس کے ساتھ بچے زیادہ وقت رہتے ہیں۔
###
جب مرد اور عورت اپنے مابین پسند کو ترجیح دیتے ہیں تو پھر ایک دوسرے سے علیٰحدگی پسند کیوں ہو جاتے ہیں … جذبات اور جذبے فاصلوں کا سبب بنتے ہیں ۔
###
انسانیت سب رویوں کی ماں ہے … جب ماں ہی مر جائے تو وہ سماج کب زندہ ہوتا ہے ۔
###
عورت کا گھر وہ ہوتا ہے جہاں وہ اپنی مرضی کرتی ہے ۔
###
کتاب زوجیت پڑھنا سب سے مشکل ہے … ہر مرد اور عورت کے پاس ہے مگر کوئی بتا نہیں سکتا اُس نے کیا پڑھا اور کیا سیکھا … زندگی کی مشکل ترین دستاویز ہے … !!
###
5-3-14 بوقت : 1:50بجے شب
انسانیت اُس وقت تک تباہ ہوتی رہے گی جب تک عورت اِس کی اصلاح کا بیڑہ نہیں اٹھائے گی … عورت لفظ کی لطافت سے صرف اسلام نے آگاہ کیا ہے ۔
مرد نے عورت کو سمجھا ہے فقط اک جسم کائنات کا اک شہکار ہے خدا کی قسم
###
عورت وہ خوشبو ہے جو دنیا کے ہر پھول میں ہے … وہ لفظ ہے جس سے محبت اخذ ہوتی ہے … وہ جنس ہے جس کے بغیر زندگی بے معنی اور بیکار ہے … وہ صفت ہے جو خدا کو سب سے زیادہ پسند ہے اِس لئے ستر ماؤں کی قسم کھاتا ہے ۔
###
جو عورت ہار پسند ہے وہ وقار پسند ہے … مرد کا مقابلہ عورت کو زیب نہیں دیتا … !!!
###
جن باہنوں نے لوری نہیں دی وہ عورت کی باہیں نہیں … !!
###
عورت کی شرافت اور حیاء مرد کی طاقت سے زیادہ قوت پرور ہوتی ہے … حیاء کا خوف مرد کو عورت سے دور رکھتا ہے ورنہ یہ وحشی درندہ عورت کا ہر روز شکار کرتا ۔
###
مادہ قوت نر قوت کی حیاء کی ضمانت ہے ۔
###
6-3-14 بوقت : 5بجے صبح
دنیا مرد اور عورت کی اک طویل ‘ عمیق اور خوفناک کہانی ہے جس کا مفہوم نہ مرد جانتا ہے نہ عورت کو اِس کہانی کا علم ہے … صرف اتنا جانتے ہیں کہ وہ دنیا میں آئے ہیں … یہ نہیں جانتے مقصد کیا ہے ۔
مرد اور عورت اگر علیٰحدہ علیٰحدہ ہوں تو اِن کے وجود بے معنی اور اگر اکٹھے ہوں تو ایک دوسرے کے لئے عذاب بھی اور علاج بھی … دنیا دونوں کا مشترکہ اثاثہ ہے مگر ہر ایک کا دعویٰ الگ الگ … مرد کا دعویٰ ہے کہ عورت کی خوشگوار زندگی کا انحصار اُس کے رویوں پر ہے اور عورت کا موقف کہ میں مرد سے زیادہ عقلمند ہوں بس یہ تکرار ہے جس نے سارے سماج میں بے چینی پھیلائی ہوئی ہے ۔
مرد اور عورت کی ذمہ داری الگ الگ ہے ‘ جب یہ دونوں اپنی حدود میں رہیں گے تو نظام دنیا بہترین چلے گا … یہ ساری بد نظمی اور زمین پر فساد انسانوں کا اپنا پیدا کردہ ہے … کوئی شیطان نہیں اور سب کا نمائندہ شیطان ہے … اگر انسان سچے دل سے خدا کے حکم پر چلے جو زندگی اور موت کا ‘ رزق کا مالک ہے تو دنیا کا کوئی مسئلہ نہیں جو قابل حل نہ ہو … انسان کی اپنی ناقص منصوبہ بندی اُس کے خلاف خود ایک محاذ ہے … وہ جو کام ‘ فعل اور عمل کرتا ہے اُس کے انجام کی خبر نہیں … کہانی پیچیدہ نہیں اِس کے مفہوم کو سمجھتا کوئی نہیں … !!
اے خدایا ! بتا تو ذرا یہ دنیا اور یہ مرد اور عورت کا وجود کیا ماجرا ہے … اگر پیدا کیا ہے تو فنا کیوں کرتا ہے … ہمیں یقین کی منزل پہ فائز کر دے … یہ مہربانی فرما … میں کہانی کے مفہوم کو سمجھ سکوں 
###
6-3-14 بوقت : 5:30بجے صبح
مرد اور عورت کی چاہتوں کے سوتے جب خشک ہوتے ہیں تو اُن میں اختلاف پیدا ہوتے ہیں … اکٹھے رہتے ہوئے بھی روحانی طور پر الگ الگ رہتے ہیں … ایک ہوتے ہوئے دو ہوتے ہیں … جب شادی کی مسرتیں دم توڑ دیتی ہیں … ! جب میاں بیوی احساس کھو دیتے ہیں تو اُن کے درمیان ایک خلیج پیدا ہوتی ہے اگر وہ پرُ نہ کی جائے تو وقت کے ساتھ ساتھ وسیع ہوتی جاتی ہے … توانائیاں ضائع ہو جاتی ہیں اور انسان زندگی سے تھک جاتا ہے … مسرتوں اور راحتوں کا رس خشک ہو جاتا ہے … زندگی کے اختتام پر سوچنا شروع کرتا ہے … یکجائی کی جگہ تنہائی لے لیتی ہے … جذبہ قربانی ختم ہو جائے تو مرد اور عورت کا وجود بے معنی ہو جائے … محبت کے تمام تحفے بے اثر ‘ کوئی سرگوشی نہیں … کوئی مسکراہٹ نہیں … کوئی چھوٹی سے چھوٹی خوشی نہیں جو ایک دوسرے سے شیئر کریں … جب رویے بدل جائیں تو سمجھ لو سب کچھ بدل گیا ہے ۔
اے مرد و زن زندگی کے اطمینان بخش پہلو تلاش کرو … اپنی اپنی کمزوریوں کا کھلے دل سے اقرار کرو … اپنے جذبات قربان کرنے کا جذبہ پیدا کرو تو زندگی سے مسرتوں کو کشید کر سکو گے … ازدواجی زندگی خوشگوار نہ ہو تو دنیا دوزخ ہے … کوئی تو دل چسپ موضوع ہو جس پر میاں بیوی چند لمحے خوشگوار گزار سکیں … تلخ لہجے اور رویے ‘ دولت کا جنوں ہماری زندگیوں میں زہر ہیں … شادی کی شہنائی کو فراموش مت کرو … شب عروسی ‘ شب وحشت اور شب تنہائی کو یاد رکھو … یہ بھی تمہارے عدم کے ساتھی ہیں … جب تم تھے اور جب تم نہیں ہو گے … یہ یقین ہمیں خوشیاں دیتا ہے ۔
###
13-3-14 بوقت : 3 بجے آخری شب 
دنیا کی سب سے عجیب اور کمال پہیلی کا نام عورت ہے … جس کے پاس بھی اس پہیلی کا کیسا جواب ہے وہ درست ہے … جیسا بھی ہے کتاب دنیا کو عنوان ”عورت “ ہے…
###
5-3-14 بوقت : 6:55 بجے صبح
عورت سے پردہ کراؤزندہ لاش کو کفن مت پہناؤ …!
###
اگر آدم کوحواّ شجر ممنوعہ کا پھل کھانے پر آمادہ کر سکتی ہے تو کیا زمانہ کی عورت آدمی کو شجر ممنوعہ کا پھل کھانے سے منع نہیں کر سکتی … گناہ دونوں مرد اور عورت مل کر کرتے ہیں …!گناہ فطرت انسانی کا ایک جبر ہے…!
###
مادہ قوت نر قوت کی حیاء کی ضمانت ہے ۔
###
5-3-14 بوقت :3 بجے شب
عورت نہ ہوتی تو مرد گونگا ہوتا … بیوی نہ ہوتی تو دل کی بات کسی سے نہ کرتا …بچے نہ ہوتے تو پیار نہ ہوتا … لباس نہ ہوتا تو ننگا ہو تا … عورت میں حیاء نہ ہوتی تو مرد بے حیاء ہوتا … عورت کی حیا کا اثر روح پر ہوتا ہے اور روح کا بوجھ ہر کوئی اٹھا نہیں سکتا …!!!
###
8-3-14 بوقت : 9بجے صبح
جو خاوند کے ہوتے ہوئے بیوہ اور بچوں کے ہوتے ہوئے بانجھ ہے اُسے عورت مت کہو … عورت نما ہے … حماقت کی آخری حد پر … ایسی عورت کی دنیا جہنم … گھر کے ہوتے ہوئے بے گھر … ساری زندگی اپنے آپ کو اذیت دینے میں گزار دی … خدا اور مجازی خدا سے بغاوت کرنے والی … یہ بد نصیبی ہے جس کا وہ خود انتخاب کرتی ہے اور الزام دوسروں پر دیتی ہے ۔
###
پر کشش اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے یہ نہایت اہم ہے کہ شریک حیات اور آپ کے درمیان انتہائی محبت آمیز رویے ایک سرمایہ کی طرح ہوں … چند ایسے لمحے ہوں جب آپ مسکراہٹوں کا تبادلہ کھلے دل سے کریں جس سے آپ کے فشار خوں میں خوشیاں ہوں … کبھی کبھی خوشگوار ماحول اور موسم میں اپنی ماضی کی یادوں کو دوہراہیں … یہ زندگی کی معرفت اور روح کی تازگی کے لئے ضروری ہے … آپ انتشار خیال کو چند لمحوں کے لئے ایک طرف رکھ دی … شادی کی مسرتوں کے سوتے خشک مت ہونے دیں روز مرہ کی الجھنوں سے چند لمحے محبت کے لئے وقف ضرور کریں اگر زندگی کی رعنائیوں کو زندہ رکھتا ہے … یہ روحانی توانائی کے لئے ضروری ہے ورنہ انسان وقت سے پہلے تھک جاتا ہے اور بوڑھا ہو جاتا ہے … زندگی بوجھ بن جاتی ہے … کامیاب ازدواجی زندگی کے لئے یکجائی نہایت اہم ہے ۔
###
سونا عورت کی کمزوری ہے مگر سونے کے پنجرے میں قید ہونا اُسے گوارہ نہیں … آزادی سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہے … آزاد فضا مرد اور عورت کے لئے یکساں ضروری ہے ۔
###
عورت بن کر سوچو گے تو عورت کی سمجھ آئے گی … مرد بن کر سوچو گے تو کتاب عورت کے ایک ورق کی سمجھ نہیں آئے گی … اِس کے ہر ورق پر فریب کی ایک کہانی ہے … مگر اِس کی سمجھ اِسے خودبھی نہیں … یہ روشن دن میں بھی راستہ بھول جاتی ہے … اور خوفناک اندھیرے میں بھی ڈرتی نہیں لگتا جب یہ کوئی فیصلہ کر لیتی ہے تو اُس پر عمل درآمد سے اِسے کوئی روک نہیں سکتا … عورت بن کر سوچنا مشکل ہے اور عورت کا مرد بن کر … ورنہ یہ دنیا کے مسائل نہ ہوتے … اِن دوستونوں پر دنیا کھڑی ہے … !!!
###
9-3-14 بوقت : 4بجے شب
ایک دفعہ مرد نے عورت کو جنم دیا پھر ہمیشہ سے عورت نے عورت اور مرد کو جنم دیا … عورت نے ظالم ‘ فاسق اور فاجر پیدا کئے جنہوں نے عورت کی توہین کی اوررسوا کیا ‘ اُس کی عظمت اور عصمت کو پامال کیا اور عورت ہی نے پیغمبروں کو جنم دیا … عوت ہی نے موسیٰ کو پیدا کیا اور اِسی نے ہی فرعون کو … ابراہیم بھی عورت ہی کی اولاد ہے اور نمرود بھی عورت ہی کی پیدا کردہ … خدا کسی کو ظالم ‘ فاسق اور فاجر پیدا نہیں کرتا نہ ہی زنا کار ‘ بدکار ‘ نشہ باز اور جوا باز یہ پیدا ہونے کے بعد بنتا ہے اِس لئے کسی کو ماں کی گالی مت دو … ماں عورت ہے اور کوئی ماں نہیں چاہتی اُس کی اولاد بری ہو … برُی اولاد ہی ماں کے کردار پر حرف ہے مگر کبھی کبھی کوئی ماں بھی اولاد اور خاوند کے لئے باعث ندامت ‘ شرمندگی اور طعنہ ہے … عورت کبھی کبھی حوروں کے روپ میں بھی ہوتی ہے اور کبھی شیطان کی نانی اماں … عورت کے کردار میں مرد کا حصہ ہوتا ہے اور مرد کے کردار پر عورت کا اثر۔
۔۔۔
سماج میں گالی وہ فعل ہے جس کا سدا نقصان ہے اور عورت ہر گالی کا مرکزی کردار … کیا ماں بہن ‘ بیوی ‘ بیٹی صرف گالی کے لئے پیدا کی گئی ہیں … عورت بھی جب گالی دیتی ہے تو وہ بھی بد نصیب عورت ہی کا نام لے کر دیتی ہے … مگر دیکھو عورت ہی معاشرہ کا حسن ہے کیونکہ اِس نے ہی مرد اور عورت کو جنم دیا ہے ۔
###
9-3-14 بوقت : 5:45بجے صبح
زنانہ اور مردانہ روحیں الگ الگ ہیں … عالم ارواح میں ہی اِن کی تخلیق کا فرق ہے اِس وجہ سے اِن کے مزاج ‘ رفتار ‘ گفتار اور لباس الگ الگ ہیں … اِن کی آوازوں میں کش ثقل ہے … بلکہ ہر ذی نفس کے نر اور مادہ کی جبلتوں میں فرق ہوتا ہے یہ نظام قدرت کا معجزہ ہے … !!
مرد اور عورت کی روحوں کے ملاپ سے تیسری روح جنم لیتی ہے عدم ‘ سے وجود میں آتی ہے … ایک وجود سے ایک جرثومے کی صورت میں دوسرے وجود میں داخل ہو کر ایک جسم بنتا ہے اور اُس جسم میں جو روح داخل ہوتی ہے وہیں پر اِس کے نر اور مادہ کا تعین ہو جاتا ہے یہ کمال مطلق ہے … نظام قدرت ہے … نظام دنیا اور آخرت ہے … فنا اور بقاء ہے … گھر اور قبر ہے … لباس اور پھر کفن ہے جو اِس سے انکار کرتا ہے وہ مشرک ہے … !!
خالق ذوالجلال نے عورت اور مرد کو بنا کر تمام لذات کو اُن میں اکٹھا کر دیا ہے اور پھر اپنے پیار اور محبت میں سے معمولی سا بیج اِن میں منتقل کر دیا ہے … کبھی قہار اور جبار ‘ کبھی حلیم اور صابر ‘ کبھی تندو تیز کبھی نرم مزاج … کبھی تابعدار کبھی باغی ‘ کبھی خدا سے راضی کبھی ناراض ‘ کبھی شکر گزار کبھی نا شکرا … واللہ کائنات کا یہی سب سے حسین رنگ ہے … اِسی لئے زندگی کی دعا مانگتا ہے خدا کو راضی کرنے کے لئے تو نہیں … !!!

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich