Episode 17 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 17 - عورت - قلب حسین وڑائچ

10-3-14 بوقت : 5:10بجے صبح
دنیا کے وجود کی اصل ضرورت عورت ہے … روحانی لذات کا دوسرا نام ” عورت “ ہے ۔
###
عورت کو چاہئے شادی اُس سے کرے جو اُسے چاہتا ہے نا کہ اُس سے جو اُسے نہیں چاہتا اور وہ اُسے چاہتی ہے … دونوں کا ہم مزاج اور ہم عصر ہونا زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔
###
عورت پر تم اعتبار نہیں کرو گے تو وہ تم پر اعتبار کیوں کرے گی … بے شک عورت ناقص العقل ہے مگر یاد رکھو جب تک تمہاری عقل میں اُس کا حصہ نہیں ہو گا آپ کی عقل پوری نہیں ہو گی … عورت کو بے شک بھید نہ دو مگر اپنے راز میں سے کچھ تو اُسے دو وہ تو سارے اپنے راز تمہیں دے چکی ہے … کان اُس کے کچے ہیں مگر تم اپنے پکے کانوں کا خیال رکھو … تم بات ایسی مت کرو جس کا وہ بتنگڑ بنائے … عورت قابل احترام ہے اِس کے بغیر مرد کو چین نہیں … اِسے اعتماد دو کہ تم عقلمند ہو اگر زندگی میں آسانیاں چاہئیں ۔

(جاری ہے)

###
10-3-14 بوقت : 6بجے صبح
باورچی خانہ عورت کا جہاد کا میدان ہے جہاں آدھی زندگی کی جنگ لڑتی ہے … جوانی میں اِس میں داخل ہوتی ہے اور اُس وقت تک اِس میدان میں رہتی ہے جب تک بڑھاپا اِسے شکست نہیں دے دیتا … نیک اور ذمہ دار عورت کے لئے باورچی خانہ عبادت گاہ ہے … ! شیر مادر اور چنگیر مادر بچے اور ماں کے درمیان محبت کے رشتے کو مضبوط کرتے ہیں … ماں ماڈل ‘ اسمبلی اور کلب کی ممبر ‘ گاڑی اور ڈرائیور ہو ‘ روانہ شاپنگ کرے ‘ ملبوسات ڈیزائنر ہو تو بچے معاشرہ کو کیا دیں گے … بے راہ روی … جب ماں خدا کو یاد نہ کرے تو بچے کیوں کریں گے … عظیم ماں باورچی خانہ کا حسن ہوتی ہے ‘ ماں باورچی خانہ کا ایمان ہے … سب کے ساتھ برابر کا سلوک … جو عورت باورچی خانہ ہی میں سو جاتی ہے اُس سے بڑی کوئی عبادت گزار نہیں اور جو عورت بڑی عبادت گزار سمجھتی ہے مگر ہاتھ میں ڈوئی نہیں پکڑتی وہ اپاہج ہے … غیر ذمہ دار اور عورت صفت سے محروم ہے ۔
عورت وہ عظیم ہے جو بال بچوں کی راہداریوں میں گم ہو جائے نسل کی پرورش میں کھو جائے … عورت کی ساری زندگی عبادت ہے اور ساری زندگی پیدل سفر میں ایک چھوٹے سے گھر میں گزار دیتی ہے جیسے ایک محنت کش کاشتکار اپنے ہی کھیت میں زندگی میں کروڑوں میل سفر کرتا ہے … میری نظر میں دونوں کا سفر حج ہے ‘ جہاد ہے … نما ز ہے … عورت کا حسن باورچی خانہ کھا جاتا ہے مگر باورچی خانہ کو حسن بخش دیتی ہے … حسین بناتی ہے ۔
###
10-3-14 بوقت : 7بجے صبح
عورت غیر مغرور اور مرد مغرور ہونا چاہئے اِس طرح مابین صلح کے امکانات زیادہ ہیں … مغرور عورت گھر نہیں بسا سکتی بلکہ پورا خاندان تباہ کرتی ہے … مرد اگر عورت کا دل توڑ دے تو خود اندر اور باہر سے بکھر جاتا ہے … عورت کے دل میں مرد کے لئے جو احترام ہے اگر مرد کے دل میں بھی اتنا ہی ہے تو علیٰحدگی کا معاملہ بے معنی ہے … اگر عورت صابر ہے تو مرد کو اِس سے ناجائز فائدہ نہیں اٹھانا چاہئے … مرد سپیرے کی طرح ہو تو سمجھ لو عورت ناگن کی طرح ہے … عورت کا غرور اُس کی تباہی ہے اور مرد کی عاجزی اُس کا روحانی حسن … !!!
###
حیاء کے لباس میں عورت دیوی لگتی ہے … عورت اگر ایک پوری عورت ہے جیسی جبلت خدا نے اُسے عطا کی ہے تو وہ ایک حلاوت ہے ‘ نگہت ہے ‘ اندھیرے میں روشنی ہے ‘ ہدایت کے لئے نور ‘ سماعتوں کے لئے موسیقی ہے ‘ روح کے لئے چین ‘ دل کے لئے اطمینان ‘ نفس کے لئے سکون ‘ ضمیر کے لئے راحت … اگر اپنی امانت اور خاوند کی دیانت کی حفاظت کرتی ہے ۔
عورت ایسا خواب ہے جو مرد روزانہ دیکھتا ہے … ! مرد کے تخیل پہ حکمرانی کرتی ہے … ایک نغمہ مستانہ ہے … اِس کے پاس آنسوؤں کی ایک پاکیزہ ندی ہے جس میں مرد کو ڈبو دیتی ہے … ایسا مزاج رکھتی ہے تاجور کو بے تاج کر دیتی ہے … اور بے تاج کو بادشاہ … بے سپاہ کی سپہ سالار ہے … جھونپڑی کو محل بنا دیتی ہے اور محل کو بے آباد غار اِس کے بغیر دنیا ‘ دنیا نہیں بس یہ آخری بات ہے ۔
###
10-3-14 بوقت : 9بجے دن
وہ عقل مند عورت جو روشن دن میں تاریک راہوں پر چلے اُس احمق مرد سے بدتر ہے جس کے گناہ حماقت کی بنیاد پر معاف ہوں گے … جتنی زیادہ عقل مند ہو گی اتنے ہی زیادہ غلط فیصلے کرے گی کیونکہ وہ اپنی مرضی اور ضد سے باہر نہیں نکلتی … !!!
###
جو عورت مرد کو فتح کر لیتی ہے وہ دراصل شکست کھا جاتی ہے مرد کی فتح عورت کی کامیابی ہے ۔
###
10-3-14 بوقت : 3:15بجے سہ پہر
طلاق یافتہ عورت کی دوسری شادی عذاب یافتہ ہوتی ہے … وہ بادشاہی مانگتی ہے مگر پھر اُس کی غلامی بھی کوئی قبول نہیں کرتا … طلاق یافتہ کی شادی نہیں ہوتی مجبوری ہوتی ہے … جو عورت شوق پر بچے کی محبت قربان کر دے وہ کبھی زندگی میں سکھ نہیں پائے گی … کمانے والی عورت آدھا مرد اور آدھی عورت ہوتی ہے … نہ گھر کی نہ گھاٹ کی … عورت میں صبر نہ ہو تو وہ حادثے کا شکار ہو جاتی ہے … ساری زندگی تپتے صحرا میں بسر کرتی ہے اور اِسے ٹھنڈا سایہ نصیب نہیں ہوتا … جو سکھ کا مفہوم نہیں جانتی … خاوند کا سایہ سکھ کا سایہ ہوتا ہے جس کو خاوند کا سایہ نصیب ہو اُسے ہی اولاد کا سایہ ملتا ہے ۔
###
عورت ایک ایسی مشکل کتاب ہے مرد ساری زندگی اِسے پڑھتا رہے تو اِسے سمجھنے سے قاصر رہے گا … اِس کے ہر جملہ میں ایک نیا مفہوم ہوتا ہے … بات کر کے مکر جانا اِس کا شیوہ ہے … عورت کا سب سے خوبصورت روپ بیوی ہے جس سے وہ ہر بات کہہ سکتا ہے ۔
###
11-3-14 بوقت : 1:45بجے شب
اولاد کا غم ‘ غموں کا بادشاہ ہے جسے بھلایا نہیں جا سکتا ‘ جب یاد آتا ہے تازہ ہوتا ہے ۔
نافرمان اولاد ہو یا بیوی وہ قابل قبول نہیں خواہ نبی ہی کی کیوں نہ ہو … اسماعیل بھی نبی کا بیٹا تھا اور نوح کا بیٹا بھی نبی کا بیٹا تھا … نوح کی بیوی بھی نبی ہی کی بیوی تھیں اور خدیجة الکبریٰ بھی نبی ہی کی بیوی تھی جسے حضرت جبرائیل سلام بھیجتا تھا … حضرت مریم بھی نبی ہی کی ماں تھیں … !!
ماں کا نیک ہونا اولاد کے لئے فضیلت ہے اور اولاد کا نیک ہونا والدین کے لئے … جو اولاد ماں باپ کی عزت و احترام کا خیال نہیں رکھتی وہ ساری زندگی گرم ریت اور کانٹوں پہ بسر کرتی ہے خواہ اُس کے محلات ہوں اور دولت کے انبار … سکون اُن کے نصیب میں نہیں ہوتا … !!
والدین مہمان ہوتے ہیں اور اولاد میزبان … قدرت کے نظام میں تبدیلی نہیں آتی … اولاد جب والدین بنتی ہے تو سمجھ آتی ہے کیا ہوتے ہیں ‘ اولاد کا دکھ والدین قبر میں ساتھ لے کر جاتے ہیں … اور قبر کا دکھ ہمیشہ رہے گا … !!
اولاد جذبات سے سوچتی ہے اور والدین جذبوں سے ‘ والدین کے جذبات بڑے نازک ہوتے ہیں … ایسے رویے مت رکھو والدین کا منہ بند ہو جائے اور آنکھیں ہونے کے باوجود آپ کو دیکھنا بند کر دیں … ایک گھر میں بیگانوں کی طرح رہیں … اِس عذاب کا بڑا سخت حساب ہوتا ہے ۔
11-3-14 بوقت : 2بجے شب
جو عورت اپنی مرضی سے زندگی بسر کرتی ہے اُس عورت کے مقابلہ میں ناکام ہے جو خاوند کی مرضی کے مطابق زندگی بسر کرتی ہے … وہ یہ کہنے کی حق بجانب ہے اور خوش قسمت ہے جو کہتی ہے کہ جو میرا مالک چاہتا ہے ‘ پسند کرتی ہے میں وہ کرتی ا ہوں یہ اقرار اور جملہ عبادت ہے … عبادت … جو مالک کے کہنے پہ کیا جائے اُس کا ذمہ دار مالک ہے … جو اپنی مرضی سے کیا جائے اُس کا جواب دہ انسان خودہو گا ۔
###
دلیر اور شریف ہے وہ مرد جو بے مزاج ‘ بد مزاج شریک حیات کے ساتھ زندگی بسر اِس بنیاد پر کرتا ہے کہ خدا ناراض نہ ہو … اُس کا حساب آخرت میں خدا آسان کر دے گا … کثرت عورتیں دوزخ کا ایندھن ہیں اور خاص کر وہ جو خاوندوں کی نافرمان اور بددیانت ہیں … جو گھروں کا ماحول خراب کرتی ہیں اور بد اخلاقی کو گناہ نہیں سمجھتیں ۔
###
جو عورت شوہر کو مالک مانتی ہے وہی گھر کی مالک بن کر رہتی ہے ورنہ لونڈی اور غلام بے قدر ۔
###
10-3-14 بوقت : 8بجے رات
عورت اگر عورت ہے بے شک فرعون کی بیوی آسیہ جیسی ہے تو جنت میں جائے گی اور عورت اگر عورت ہے بے شک پیغمبر نوح کی بیوی ہے تو وہ جہنم میں جائے گی … عورت کا کردار معاشرہ میں عظیم تر ہے … اور عورت ہی کا بدتر … !! عورت ہی گھر کی آبادی اور عورت ہی بربادی … عورت اگر صابر اور شاکر نہیں تو گھر جہنم ہے … دوزخ ہے … عذاب خانہ ہے ۔
###
مرد شادی کے بعد شادی شدہ ہو جاتا ہے اور عورت شادی شدھی … مرد اور عورت جب شدہ اور شدھی بن جائیں تو زندگی آسان بسر ہوتی ہے ورنہ عذاب بن جاتی ہے جب ایک دوسرے پر فتحیاب ہونے کی کوشش کی جائے … ایک دوسرے کو شکست دینے کی آرزو کی جائے … زندگی جو بغیر بریک کے گزارتے ہیں وہ حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں … وہ برباد ہو جاتے ہیں … معاملات وہ حل ضرور ہو جاتے ہیں جو مل بیٹھ کر کئے جائیں صرف خود کو سچا قرار مت دو دوسرے کی سچائی پر بھی غور کرو ۔
###
11-3-14 بوقت : 9بجے صبح
جب عورت خاوند کو یہ کہہ دے یہ بچے تمہارے نہیں تو طلاق ہو جاتی ہے ۔
###
11-3-14 بوقت : 5بجے شام
جسے دنیا میں حور صفت بیوی نصیب ہو وہ جنت کی بے لذت زندگی کو کیا کرے گا ۔
###
” ہم “ سب سے پہلے دنیا میں آدم اور حوّا نے مل کر بولا تھا ۔
###
شادی روحانی لذت کا سفر ہے اور ہر انسان زندگی میں اِس سفر کی اشد تمنا رکھتا ہے
###
برُا مرد اپنی زندگی خراب کرتا ہے مگر برُی عورت پورا خاندان برباد کرتی ہے … مرد کردار کا وارث … عورت ناموس کی … !!!
###
جو ماں سارا وقت بچوں پر صرف کرتی ہے وہ اُس کسان کی طرح ہے جو اچھی فصل کے لئے سارا وقت کھیت کو دیتا ہے … !!!
###
جو عورت اپنے خاوند کے وقار کی وارث نہیں دراصل وہ خیانت کار ہے … خاوند کے تلخ مزاج کی ذمہ دار عورت ہے ۔
###
عورت کو چاہئے کسی غیر مرد کے ساتھ غیر سنجیدہ بات مت کرے ورنہ مرد غلط فہمی کا شکار ہو جاتا ہے اور ایسی غلط فہمی کا نقصان عورت کو ہوتا ہے ۔
###
12-3-14 بوقت : 1:45بجے شب
شادی سے پہلے جو اپنی ہونے والی بیوی سے محبت ہوتی ہے ویسی شادی کے بعد نہیں رہتی اور شادی کے بعد جو بیوی سے محبت ہوتی ہے وہ دیوار قبر تک رہتی ہے بلکہ مرنے کے بعد بھی … !!!
###
بیوہ اور مطلقہ عورت اگر کہے کہ میں نے محبت کی دوسری شادی کی ہے تو یہ فطرت کا بے وجود جھوٹ ہے … ذات کے ساتھ دھوکا ہے … نفس کے ساتھ فریب ہے … ایسی عورت کے دل پر ندامت کا اک داغ رہتا ہے ۔
###
برُے اخلاق اُس عورت کی اولاد میں ضرور ہوں گے جو اپنے خاندان سے وراثت میں لے کر آتی ہے … شادی کرتے وقت ایسے ماحول سے پہلے آگاہی ضروری ہے … جو شادی سے پہلے اپنے تعلقات بنا سکتی ہے اُس کے شادی کے بعد بھی کہیں نا کہیں رہتے ہیں … خیانت کرنے والا خیانت چھوڑ نہیں سکتا
###
ذمہ دار اور دین دار شوہر کے ساتھ جو عورت خیانت کی مرتکب ہو گی وہ زندگی بھر سکھی نہیں رہے گی … بے چینی اُسے اندر سے کھا جائے گی … وہ زندگی میں ادھوری رہے گی … اُس کے اندر جنسی انتشار رہے گا … !
###
عورت کو چاہئے شوہر جب غصہ میں ہو وہ خاموش رہے اور جب اُس کا غصہ اتر جائے تو نہایت حلیمی سے اِس کا سبب دریافت کرے اِس طرح ماحول اور حالات بہتر ہوتے ہیں … غصہ پر بحث مزید غصہ کا باعث ہے 
###
جو مجازی خدا کی شان میں گستاخی کرتی ہے وہ خدا کی شان میں کرتی ہے اور جو مجازی خدا کی خدمت کرتی ہے وہ حقیقی خدا کی عبادت کرتی ہے … جو مجازی خدا کی دیانت والی کمائی میں سے فضول خرچ کرتی ہے وہ محبت کے خزانہ میں ڈاکہ ڈالتی ہے … !!!
###
کامیاب لوگوں کی شادی اکثر کامیاب نہیں ہوتی … کامیاب لوگ اپنا زیادہ وقت کامیابی کے لئے کامیابی میں گزار دیتے ہیں اور شادی کامیابی کے لئے وقت مانگتی ہے … تعاون کی ضرورت ہے … خاوند کے پاس دینے کے لئے وقت ہونا چاہئے … اور کامیاب تھوڑے وقت میں زیادہ کامیابی کا متمنی ہوتا ہے اِس وجہ سے میاں بیوی کے درمیان اختلافات کا فاصلہ بڑھتا جاتا ہے … !
###
عورت کی کتاب سے پہلے غلطی نکالنے سے اپنی کتاب کھول کر ضرور پڑھو اُس میں کون کون سی غلطی ہے … عورت کی چھوٹی سی غلطی کی بڑی سی سزا تجویز کرتے ہو اور اپنی بڑی سی غلطی کو معمولی سمجھتے ہو … یہی رویے گھروں کو مثل جہنم بنا دیتے ہیں … ویرانے محبت سے گلستان بن سکتے ہیں … گلستان محبت کے بغیر اجڑ جاتے ہیں ۔

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich