Episode 18 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 18 - عورت - قلب حسین وڑائچ

12-3-14 بوقت : 6:30بجے صبح
رفیقہ حیات وہ عورت ہے جو اپنی ہر خواہش اور آرزو اپنے میاں پر قربان کر دے اور صلہ کی تمنا نہ رکھے بلکہ ایسے سمجھے کہ یہ رویے اُس نے عبادت پر قربان کئے ہیں … ایسی عورت زندگی میں کبھی دکھ نہیں اٹھائے گی … !
###
جھوٹ بول کر جو عورت اپنی غلطی خاوند سے نہیں چھپاتی اُس میں اصلاح کا عمل جاری رہتا ہے اور ایک وقت آتا ہے خاوند اُس کا ہو کر رہ جاتا ہے ۔
###
اطمینان بخش زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اعتماد کا رشتہ کبھی نہ ٹوٹے … بھروسہ سب سے بڑا رشتہ ہے ۔
###
گھر عورت کا جہاد کا میدان ہے … ساری زندگی جو گھر میں حالت میں جہاد میں رہتی ہے وہ شہید ہے … شہید جو ایک لمحہ بھی اپنے فرائض سے غفلت نہیں بھرتتی … !
###
نہ شوہر بیوی کا مذاق اڑائے اور نہ بیوی شوہر کا ورنہ گھر مذاق خانہ بن جائے گا اور بچے میدان مذاق کے کھلاڑی … وہاں سنجیدگی اور حمیدگی کبھی در نہیں آئے گی … ماحول کبھی پاکیزہ نہیں ہو گا … انسانیت کبھی پروان نہیں چڑھے گی … ذہن بنجر اور ناہموار زمین کی طرح ہوں گے … بیابان … خود رو جنگل کی طرح … ساری زندگی مذاق بازی میں گزر جائے گی ۔

(جاری ہے)

###
12-3-14 بوقت : 7بجے صبح
خانہ اُس وقت خراب ہوتا ہے جب عورت کا خانہ خالی ہو اور وہ سمجھے بھرا ہوا ہے … انتقام سے … بے راہ روی سے … حماقت سے … ضد سے … احساس برتری سے … عدم تعاون سے … فیشن اور میک اپ سے … کلب اور محفلوں سے … وہ سمجھے کہ زندگی گھر سے باہر ہے ‘ گھر قید خانہ ہے … خاندان زندان ہے تو پھر خانہ کبھی آباد نہیں ہوتا بے شک دولت کی فراوانی ہو اور رہائش گاہ محل نما … لوگو ! بے شک تم بے حد ہو جاؤ مگر عورت کو حد میں رکھو بلکہ تم بھی حد میں رہنے کی کوشش کرو ‘ اگر خانہ آبادی چاہتے ہو اور زندگی میں آرام اور سکون … !!!!
###
ہر عورت کا گھر کسی نہ کسی مرد کے دل میں ہوتا ہے اور ہر مرد کے دل میں کوئی نہ کوئی عورت گھر بنا کر رہتی ہے … دل والا گھر کبھی خالی نہیں ہوتا … کوئی نا کوئی مہمان آ جاتا ہے یا کوئی کسی مدت کے لئے کرایہ دار … جو نہ کچھ دیتا ہے نہ لیتا ہے فقط گھر کی توڑ پھوڑ کر کے چلا جاتا ہے … !
اے مرد و زن ! اپنے گھروں کی حفاظت ایمان سے کرو … اسی ایمان کا یوم حشر حساب ہو گا … دنیا والی زندگی اِسی حفاظت سے آسان ہوتی ہے ۔
###
13-3-14 بوقت : 3بجے شب
میاں اور بیوی دنیا کے دو مسافر ہیں جو اکٹھا سفر کرتے ہیں … مگر اکٹھے زندگی کی گاڑی سے اترتے نہیں ۔
###
جو بیوی پر غصہ اتارتے ہیں اُن کو اپنے آپ پر غصہ نہیں آتا۔
###
دنیا میں سب سے زیادہ اگر مرد نے کوئی سوچا ہے تو عورت کے بارے میں اور سب سے کم اگر اُسے کوئی علم حاصل ہوا ہے تو عورت کے بارے میں … شطرنج کے 32مہرے ہیں اور ایک ارب چالیں ہیں … مگر عورت ایک ہے جس کے پاس ارب چالیں ہیں … چاہے تو جنت کو دوزخ بنا دے اگر چاہے تو دوزخ کو جنت
###
دنیا کے تماشا کی روح کا نام ” عورت “ ہے ۔
###
عورت کا ایمان دنیا کا امن ہے … اگر اُس کی ذات دیانتدار ہے تو کرہ پر گناہ کیسا … !!!
###
عورت وہ عظیم نشہ ہے جو خالق نے مرد کے لئے پیدا کیا اور اِسے جائز قرار دیا بلکہ لازم … یہ نشہ عالم بے خودی میں لے جاتا ہے ۔
###
15-3-14 بوقت : 2:35بجے شب
عورت کی خواری اُس کی کار مختاری اور خود مختاری … مرد کا نیم سایہ بھی اُس کی زندگی کی ٹھنڈک کے لئے کافی ہے … اکیلی اور تنہا عورت بچھڑی ہوئی کونج کی طرح ہے … ہر کوئی اُس کا شکاری … محتاج عورت خود مختار سے بہتر زندگی بسر کرتی ہے جس کے ساتھ مرد کا نیم سہارا ہے … مرد کی ذمہ داری عورت کے مسائل کا حل ہے … عورت اُس وقت تباہ و برباد اور بے راہ ہوتی ہے جب باپ کے گھر میں باپ کے فیصلے کے خلاف چلتی ہے اور خاوند کے گھر میں اِس کے خلاف … عورت کا ہر فیصلہ مرد کے مقابلہ میں کمزور ہوتا ہے ۔
مرد بد تمیز قابل برداشت ہے عورت ناقابل برداشت جو اپنی بد تمیزی کو عقل مندی سے تعبیر کرتی ہے … جو ہمیشہ اپنی مرضی کرتی ہے وہ کبھی سکھی نہیں رہتی … جو پابندی کو قید سمجھتی ہے ۔ مرد کی پابندی عورت کے لئے آسانیاں پیدا کرتی ہے اُس کی ذمہ داری کم ہو جاتی ہے ۔ چادر اور چاردیواری میں اُس کی آبرو محفوظ ہے … طاقت اور زعم کا غلط استعمال مرد ہو یا عورت دونوں کے لئے نقصان دہ ہے … اِن کے رویوں میں توازن نہایت ضروری ہے … عورت کی ہار میں جیت ہوتی ہے … مرد کی فتح کا اقرار عورت کے لئے باعث فخر ہونا چاہئے ۔
###
15-3-14 بوقت : 7بجے صبح
جو عورت ساری زندگی اپنی مرضی کرتی ہے اُس کا آخیر بڑا خراب ہوتا ہے … اُس کے اپنے ہی رویے اُس سے انتقام لیتے ہیں … وہ اپنوں کے درمیان بیگانہ بن کر موت کے منہ میں جاتی ہے اُس کی موت کا کسی کو افسوس نہیں ہوتا ۔
###
جو ماں بچوں کے گناہ چھپاتی ہے دراصل وہ خود اُن گناہوں میں شامل ہوتی ہے … ماں کا سخت گیر ہونا ضروری ہے … ماں کی نرم مزاجی بچوں کی زندگی تباہ کر دیتی ہے … جو ماں بچوں کے غلط رویوں کو اُن کے باپ سے چھپاتی ہے وہ اپنے بچوں کی دشمن ہے … دشمن … بچے کی اول تربیت ماں کی گود اور اُس کے رویے ہیں … ماں کے کردار کا عکس بچوں میں ہوتا ہے کیونکہ وہ زیادہ وقت ماں کے پاس گزارتے ہیں … ایک عمر تک بچوں پہ کڑی نظر رکھو پھر بے شک آزاد چھوڑ دو وہ خراب نہیں ہوں گے ۔
###
15-3-14 بوقت : 8بجے صبح
ماں تربیت یافتہ ہو تو قوم تربیت یافتہ ہوتی ہے … بچے مہذب اور سمجھدار ہوتے ہیں … ذمہ دار اور برخوردار ہوتے ہیں … ماں اجڈ ‘ بے سمجھ ‘ آوارہ مزاج ‘ فیشن کی دل دادا ‘ غیر مہذب ‘ غیر سنجیدہ ‘ غیر حمیدہ اور فہمیدہ ہو تو بچے کب انسان بنتے ہیں … پہلے ماں کو ٹھیک ہونا چاہئے … برُے کو مارنے سے پہلے برُے کی ماں کو مارو تا کہ برُے پیدا نہ ہوں ۔
###
بے اولاد عورت ایک دکھ لے کر قبر میں جائے گا … اولاد والی ہزار دکھ ۔
###
19-3-14 بوقت : 4:45بجے صبح
جس گھر میں وفاشعار اور مزاج شناس بیوی ہے وہ گھر شبستان راحت کدہ ہے جس میں خاوند ری چارج ہوتا ہے … دانا بیوی خاوند کو تازہ دم رکھتی ہے تا کہ گھر میں اداسیوں کا سایہ نہ ہو … !
###
20-3-14 بوقت : 6بجے صبح
عور ت کا مقام مرد کی نظر میں جتنا بلند ہو گا وہ اُتنی ہی پرُوقار ہو گی اور جو مرد سے بلند ہو کر اپنا مقام بناتی ہے دراصل وہ رسوائی کا ایک نام ہے جو مرد عورت کے حوالے سے پہچانا جائے وہ مرد نہیں ہوتا … عورت کی پہچان اُس کی نسبت ہے … !!
###
عورت تپتے صحرا میں زندگی گزارلے اگر اُسے باپ کا ٹھنڈا سایہ اور اُس کے بعد خاوند کا نصیب نہ ہو … جس کا باپ اور خاوند نہ ہو اُسے بے سہارا کہہ لو … باقی سہارے فریب ہیں … باپ اور خاوند حساب نہیں رکھتے … !! نہ ہی احسان کرتے ہیں ۔
###
عورت کے رویوں میں مرد کی زندگی کی ساری خوشیاں ہیں … عورت مرد کی زندگی میں بہار کی مانند ہے اور گھر میں خوشبو کی مانند … !!!
###
20-3-14 بوقت : 7:40بجے صبح
جب مرد کی زندگی میں صرف نیک عورت کی خواہش رہ جائے تو سمجھ لو اُس پہ خدا راضی ہے اور جب عورت کی زندگی میں ایسے مرد کی … !!
###
میاں اور بیوی کے درمیان ایک عمرانی معاہدہ ہے جس میں احساس کی اہمیت بڑی اہم ہے اِن دونوں کے درمیان جب احساس ختم ہو جائے تو یہ علیحٰدگی کے مترادف ہے بے شک ساری زندگی ایک چھت کے نیچے بسر کریں … ایک دوسرے کو دل سے نکال دینے کا نام طلاق ہے … میاں اور بیوی کے درمیان رشتہ ختم ہوتا ہے اُن میں سے پیدا ہونے والوں سے پیار اور محبت ختم نہیں ہوتی
ملّاں کی طلاق کا مفہوم اور ہے اور لغت انسانیت میں طلاق اور شئے ہے … نکاح ایک معاہدہ عمرانی ہے … عہد توڑنے کا اور اُسے نہ نبھانے کا نام طلاق ہے … نکاح ٹوٹتا نہیں توڑا جاتا ہے روبرو گواہان کے جن کے روبرو یا جیسے روبرو گواہان ہوتا ہے ۔
###
22-3-14 بوقت : 6بجے صبح
عورت ایک ایسی جنس ہے جو محبت بھی ٹوٹ کر کرتی ہے اور نفرت بھی … خواہ اُس کا کوئی دوست ہو یا خاوند … خاوند بننے کے بعد محبت کرنے والی عورتیں زیادہ تر نفرت اور ناپسندیگی کا شکار ہو جاتی ہیں … خواہ اُن کے خاوند دنیا کے دولت مند ترین اور اعلیٰ ترین معیار زندگی پر فائز ہوں … عورت جب نفرت پہ آ جائے تو ہر چیز ٹھکرا دیتی ہے جیسے محبت پر … !!
عورت ایک مشکل ترین کتاب ہے اور پیچیدہ داستان … جو اِسے پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کرتا ہے اُس کے ادراک کے دریچے کھلنے کی بجائے ٹوٹ جاتے ہیں … یہ نہ پکڑے جانے والی مچھلی کی طرح ہے … !!!
عورت جس کا مزاج اور سماج میچ نہ کرے اُس سے کبھی شادی مت کرو … زندگی بھر کا عذاب … غربت اور امارت کو مت دیکھو … آپ ایک دوسرے کو سمجھتے کتنے ہیں یہ ضروری ہے اور اِس کی بنیاد علاقائی تہذیب اور رسم و رواج ہیں … پہناوا ‘ گفتگو کا انداز ‘ کھانا ‘ رہن سہن نہایت اہمیت رکھتے ہیں ۔
عورت کا مرد پر اور مرد کا عورت پر اعتماد ختم ہو جائے تو دونوں کی زندگی حادثات کا شکار ہو جاتی ہے … یہ اِس وقت ہوتا ہے جب آپ مطمئن نہ ہوں کہ آپ کا معیار زندگی میں توازن نہیں ۔
صرف جنس پرستی رشتہ نہیں … روح پرستی ہے … روح اگر کسی کھانے پر نہ مانے تو وہ مت کھاؤ تمہارے جسم کو اِس کی ضرورت نہیں … رشتے روح کے ہوتے ہیں … جسم کے رشتے بنتے اور ٹوٹتے ہیں … بہر حال … !!!
انسان کو اپنی ذات میں انصاف پسند اور سچا ہونا ضروری ہے مرد ہو یا عورت … مرد اور عورت وہ جنس ہے جس میں محبت اور احساس کا رشتہ ہے ۔
###
جو عورت اپنے خاوند کے کمزور رویوں کا اظہار کسی دوسرے غیر مرد سے کرتی ہے وہ اکثر بے راہ ہو جاتی ہے اور غیر مرد اُسے ورغلا سکتا ہے … شادی شدہ ہو یا غیر شادی شدہ اُسے سخت رویوں کا اظہار اور محتاط رہنا چاہئے … عورت کے کمزور رویوں کی وجہ سے معاشرہ نے اُسے پامال کیا ہے اور بے آبرو … !!
عورت نے اپنے آپ کو مظلوم بنایا ہوا ہے جب خود غلط راستوں کا انتخاب کرتی ہے اور روشن دن میں تاریک راہوں پر چلتی ہے … مضبوط قوت ارادی اور فیصلہ ‘ مرد ہو یا عورت اُس کی زندگی کا سرمایہ ہے … عورت کی آنکھوں میں وہ طاقت ہے مرد کے بازو اُس سے خوف کھاتے ہیں … اُس کی آنکھوں کی زبان سخت اور حیاء دار ہونی چاہیں … عورت ‘ عورت رہے تو مرد ‘ مرد رہتا ہے اور مرد ‘ مرد رہے تو عورت ‘ عورت رہتی ہے … عورت میں مردانہ پن اور مرد میں زنانہ پن دونوں کی تباہی … پجاری بتوں کا احترام کرتا ہے … عورت بے شک پتھر کا بت ہو … مگر عقیدہ میں یہ ضرور ہو کہ اِس بت کا نام کیا ہے ماں ‘ بہن ‘ بیٹی یا بیوی … !!!
###
گھریلو معاملات میں عورت سے مشورہ لو اور باہر کے معاملات میں اپنا خود فیصلہ کرو … گھر کے اندرونی معاملات کے بارے میں عورت مرد سے زیادہ آگاہ ہوتی ہے … اگر عورت چار آنکھیں کھلی رکھے تو گھر کی بربادی اور اولاد کی تباہی نہیں ہوتی … عورت گھر کے اندر کی چوکیدار ہے اور مرد باہر کا رکھوالا … اولاد کے معاملہ میں عورت کی آنکھ میں شرارے اور دل میں پیار اور محبت ہونی چاہئے … اولاد کی تربیت ماں کی ذمہ داری اور اُن کی ضروریات مرد کی ذمہ داری … مرد کے بغیر گھر بے سایہ ہوتا ہے اور عورت کے بغیر ویران … !!!
###
ہر فتح کے پیچھے ایک شکست ضرور ہوتی ہے … ! جیسے ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت … !
###
بگڑی ہوئی عورت کے پاس خدا کا پیغام لے کر اُس کے فرشتے بھی آئیں تو وہ نہیں سدھرے گی … بڑی قیمتی عقل بھی اِسے خرید کر دی جائے تو یہ استعمال نہیں کرے گی … یہ نہ پیار کو مانے گی نہ ڈنڈے کو … یہ دن کی روشنی میں تاریک راہوں پر چلے گی … یہ اپنی خواہش نفسانی کی تکمیل چاہتی ہے انجام کی پرواہ نہیں کرتی … ایسی عورت آخری سانس تک انسانیت کے دائرے میں نہیں آتی … ایسی عورت اپنے مجازی خدا کو بے لاگ سناتی ہے … ہر وقت گھر میں ایک فساد کا میلہ لگاتی ہے … عورت جب فیصلہ کر لیتی ہے تو نظر ثانی اُس کے نزدیک انتہائی جرم ہے … اخلاقی حدود کو پامال کر دیتی ہے … کون خدا ‘ کون مجازی خدا کیسی دنیا … کیسے لوگ … کیا عزت نفس … بس ۔

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich