Episode 21 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 21 - عورت - قلب حسین وڑائچ

12-4-14 بوقت : 6:15بجے صبح
مظلوم عورت
عورت مظلوم ہے مگر جب خود پہ ظلم ڈھاتی ہے تو ظالم بن جاتی ہے ‘ اپنی مظلومیت کا انتقام دوسرے سے لیتی ہے ۔
عورت ناموس انسانیت ہے مگر جب خود انسانیت کو بے لباس کرتی ہے تو اُس وقت اندھی ہوتی ہے … اپنے ناقص فیصلے کو کامل سمجھتی ہے ۔ عورت کی عظمت میں سماج کی حرمت ہے مگر دانستہ جب اندھے کنویں میں چھلانگ لگاتی ہے تو خود کو مجرم قرار نہیں دیتی … جب اپنی حد سے آگے نکل جاتی ہے۔
عورت پن کی ایک حد ہے اُس سے آگے مرد کی حد ہے اور جب دونوں حد سے بے حد ہو جائیں تو وہاں تباہی کی حد ہے ۔
دونوں میاں اور بیوی ذمہ دار ہیں اگر اولاد خراب ہے یا گھر برباد ہے ‘ صرف ایک قصور وار نہیں … جب ایک دوسرے پر اعتبار اور اعتماد ختم ہوتا ہے تو راستے جدا ہوتے ہیں پھر دونوں حقائق کی منزل کا راستہ بھول جاتے ہیں … سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں … انا کے فیصلے ہوتے ہیں ‘ دونوں خود کو سچا ہونے کی تسلی دیتے ہیں حالانکہ ایک غلط ضرور ہوتا ہے … ہر ایک اپنے آپ کو مظلوم سمجھتا ہے … دونوں طوفانوں اور آندھیوں کی زد میں ہوتے ہیں … تباہی کے بگولوں پر سوار … تپتے صحراؤں کا سفر کرتے ہیں … راستے تلاش کرنا مشکل … !!
عورت شکست مان لے تو مرد معاف کر دیتا ہے مگر مرد شکست بھی مان لے تو عورت معاف نہیں کرتی … اُس کے انتقام میں نفرت کا زہر ہوتا ہے … وہ زہر نیم شیریں … ایسی مظلوم عورت سے ڈرو … !!!
###
13-4-14 بوقت : 3بجے رات
عورت جو عظمت اور عصمت کے معیار پہ قائم رہتی ہے اُس کی اولاد کو خدا نیک بناتا ہے … جو باپ کی نیک اور حلال کمائی کھاتی ہے … جو بھیک مانگ کر بچے پالتے ہیں اُن کے بچے بھیک نہ مانگیں تو اور کیا کریں ۔

(جاری ہے)

جس ماحول میں بچے پروان چڑھتے ہیں وہ ویسے ہی ہوتے ہیں … جو مدرسوں میں خیرات اور ختم ‘ چندہ اور زکوٰة کا رزق کھاتے ہیں کیا وہ سماج کے عظیم انسان بنیں گے … غنڈہ بازی جن کی کمائی ہے … جو کمشن مافیا ہے وہاں انسانیت کی عظمت کا معیار کیا ہو گا ۔
دوسرے کی کمائی پر پلنے والا کبھی کامیاب نہیں ہوتا جو محنت سے جی چراتا ہے … جو دوسروں کا مال چوری کرتا ہے … جو اپنے حلال میں حرام ملاتا ہے … جو کسی کا حق ناجائز کھاتا ہے وہ کیونکر زندگی اپنی بسر کرے گا … کیونکر رات بھر نیند اپنی سوئے گا کیونکر سکون اور اطمینان سے مرے گا … کیونکر قبر میں مطمئن ہو گا … جو دنیا میں دوزخ جیسی زندگی بسر کرے گا ۔
گھر کا حسن جب ماند پڑ جائے تو وہ ویران لگتے ہیں یہ عورت کے حسین رویوں میں ہے … بہترین عورت ہی گھر کے ماحول کو بہترین بناتی ہے … وہ بدبخت اور بے حجاب ہے جو گھر کے ناپاک راز خاوند سے چھپاتی ہے … ایسی عورت کو فروخت کر دو بیشتر اِس کے وہ آپ کا سودا کر دے !
عورت کی پاکدامنی سے حوریں اپنا حجاب بناتی ہیں … تذکرے کرتی ہیں … عورت اُس وقت رسوا ہوتی ہے جب اپنے مقام سے گِر جاتی ہے … چادر اتار دیتی ہے اور چاردیواری سے نکل جاتی ہے ۔
###
13-4-14 بوقت : 4بجے صبح
عورت اُس کا وقار ہوتا ہے جو خاوند کی نظر میں احترام رکھتی ہے ‘ جو اُس کی بات کو حکم خدا سمجھتی ہے … جو خاوند کی بن کے رہتی ہے ‘ جو اپنے مقام سے آگاہ ہوتی ہے جو خدا نے اُسے عطا کیا ہے … جو بہترین ماں ہوتی ہے خدا اُس کے پیار کا حوالہ دیتا ہے ۔
جو گھر میں شیرنی کی طرح بچوں کو پالتی ہے ‘ حفاظت کرتی ہے … ماں کے پاکیزہ جذبات سے جو بچے پروان چڑھتے ہیں وہی اونچی اڑان اڑتے ہیں … کیونکہ سب سے زیادہ وقت بچے ماں کے پاس گزارتے ہیں 
انا پرست عورت خوار ہوتی ہے اور تابعدار ‘ شوہر پرست صدا بہار ہوتی ہے … سارا گھر اُس کا ہوتا ہے … گھر کے سارے پھل اُس کے ہیں … گھر کے سارے پھولوں میں اُس کی خوشبو ہوتی ہے اور انا پرست ‘ نفرت باز ‘ گھر بھرا ہوا بھی ہو تو وہ اکیلی ہوتی ہے مگر وہ اپنے رویوں پہ نظرثانی کمزوری سمجھتی ہے … !
میاں بیوی کا کمزور رویہ نہ صرف اُن کی زندگی برباد کرتا ہے بلکہ اولاد پر بھی اُس کے مضر اثرات ہوتے ہیں ۔
بچے ماں باپ سے سیکھتے ہیں اور پرندے کے بچے بھی … !! میاں بیوی کی محبت بچوں میں محبت کو جوان رکھتی ہے ‘ اُن میں اعتماد پیدا ہوتا ہے ‘ اِس کے لئے ضروری ہے کہ 24گھنٹوں میں ایک دفعہ سب اکٹھے ہوں ۔
عورت کی نظر میں خاوند کی عظمت نہایت ضروری ہے اور مرد کے لئے یہ اہم کہ وہ گھر کے اندرونی معاملات میں بیوی کے مشورہ کو اہمیت دے پھر خاندان کو کوئی خطرہ نہیں ہوتا ورنہ … ورنہ برباد ہو جاتا ہے ۔
###
13-4-14 بوقت : 6بجے صبح
مرد جو عورت کے دل میں گھر بنا کے رہتا ہے اُس کا گھر آباد رہتا ہے اور جس عورت کے دل میں اُس کے خاوند کا گھر ہے ‘ سارے کا سارا گھر اُس کا ہے … خواہ وہ جھونپڑی یا محل ہے … جس گھر میں کوئی عورت نہیں وہ محل بھی ویرانہ ہے … عورت کا جب خانہ خراب ہوتا ہے تو سماج پر اُس کے برُے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔
نیک اور صالحہ عورت کا سارا سماج مقروض ہے کیونکہ اُس کے اصلاح کی وہ ضامن ہے … پاکباز عورت شیطان کے سامنے ایک دیوار ہے … عورت کی آنکھ میں جو حیاء ہے وہ مرد کی قوت بازو سے زیادہ طاقتور ہے … جب وہ اپنی ناموس کی حفاظت کے لئے جان ہتھیلی پر رکھتی ہے تو وہ میدان جہاد میں ہوتی ہے پھر اُس کے جسم سے پھوٹنے والے قطرہ انفعال سے حوریں وضو کرتی ہیں ۔
عورت کا مقام ہی حاجرہ ہے ‘ آسیہ ہے ‘ مریم ہے ‘ خدیجہ  ہے ‘ بنت ِ رسول ﷺ اللہ ہے ‘ مادر علی ولی اللہ ہے جنہوں نے پیغمبروں کی پرورش کی ‘ حفاظت کی … عورت کی نسبت سے یوم حشر پکارا جائے گا یہ اتنا عظمت والا درجہ ہے۔
###
عورت کا دل وہ دولت ہے جو مرد کا نصیب بدل سکتی ہے اور مرد کی دولت عورت کا دل نہیں خرید سکتی ۔
###
18-4-14 بوقت : 6بجے صبح
جو عورت غلطی کر کے خاوند سے معافی نہیں مانگتی ‘ جو اُس کی پوری پوری کفالت کرتا ہے ‘ اُس سے خدا راضی نہیں ہوتا بے شک مغرب کے وضو سے فجر کی نماز ادا کرے … !!!
###
19-4-14 بوقت : 5بجے صبح
شریک حیات جب نامراد ہے … تو ہر صبح موت کا آغاز ہے … جس گھر میں وفا پرست عورت ہے وہ آباد ہے … جس کے بچے ہیں مگر رویے اُس کے بانجھ ہیں … شوہر ہے مگر بیوہ ہے ‘ یہ نامراد ہونے کی دلیل ہے … جس کی اپنی زندگی سے دشمنی ہے … جس کا ہر لمحہ جہنم میں بسر ہوتا ہے … اُس کی موت پر سوتے بھی خشک رہیں گے ‘ صرف شیطان اُس کی موت پر روئے گا ‘ رب شیطان کی نمائندگی کون کرے گا ۔
خدا اُس گھر پہ رحمت کی بارش کرتا ہے جہاں خدمت گزار اور سمجھدار عورت ‘ ذمہ دار اور تابعدار گھر والی ہوتی ہے … جو بڑوں کے ساتھ احترام والے اور بچوں کے ساتھ پیار والے رویے رکھتی ہے … اور خاوند کو سر کا تاج بنا کے رکھتی ہے … جو خاوند سے ہر وقت تکرار میں رہتی ہے وہ ہر وقت عذاب میں رہتی ہے ۔
عورت جہاں مرد کے لئے باعث راحت ہے وہاں عذاب روح بھی ہے اگر خاوند شناس نہیں اگر اُس میں شکست والا جذبہ نہیں … اگر ضدی نہیں … اگر خاندان کو تقسیم نہیں کرتی ‘ اتحاد پسند ہے تو حکمرانی کرتی ہے جب اپنی حد میں رہتی ہے ۔
دنیا شریک حیات کی وجہ سے جنت بھی ہے اور دوزخ بھی … جو دنیا میں ایسا دوزخ میں ہے اُسے آخرت والی دوزخ کچھ نہیں کہے گی … ہاں !
###
19-4-14 بوقت : 7بجے صبح
عورت کا دل میں گھر ہوتا ہے جس دل میں چاہے اپنا گھر بنا لے ۔
###
19-4-14 بوقت : 11:50بجے دن
قانون اور اخلاقیات کی نظر میں مرد عورت کے مقابلہ میں کمزور ہے … اخلاقی طور پر عورت مضبوط ہو تو مقابلہ میں مرد بزدل ہے … فطرت اخلاقی جرات کی حمایت عورت کے حق میں ہے … سر عام اگر عورت کے ساتھ کوئی زیادتی کی جائے تو مرد کی مخالفت زیادہ مرد کریں گے … عورت زیادتی بھی کرے تو مظلوم رہتی ہے … عورت کو جو حقوق اسلام نے دیئے ہیں وہ اُس کی زندگی کو بہترین اور آسان ترین بناتے ہیں … مرد روزی روٹی کا ذمہ دار ہے اور عورت اولاد کی تربیت کی … !!!
###
20-4-14 بوقت : 5:25بجے صبح
دنیا بنانے اور قائم رہنے کا مقصد عورت اور مرد ایک دوسرے کی ضرورت ہیں … خالق نے اِن دونوں کے درمیان طلب کا ایک عظیم جوہر رکھا ہے جس کے استعمال پر یہ تصرف رکھتے ہیں … انسان کی ساری خواہشات ‘ مصروفیات ‘ رعنائیاں ‘ خوشیاں اور غم یہ جوہر برداشت کرتا ہے … افزائش نسل کے لئے یہ ہمیشہ پرُ امید رہتا ہے اور زندگی کی طلب کی دُعا کرتا ہے … بستر مرگ پر بھی پرُ امید ہوتا ہے … موت دیکھ کر بھی یقین نہیں کرتا … انجام دیکھ کر بھی ظلم سے باز نہیں آتا … مرد اور عورت کی ایک دوسرے میں زندگی ہے … کائنات کی سب سے عظیم تفریح کا نام ازدواجی رشتہ ہے … ایک دوسرے کے بغیر آدھی زندگی بسر کرتے ہیں ۔
###
20-4-14 بوقت : 7بجے صبح
جو عورت اپنی ازدواجی زندگی بہترین اصولوں پر گزارے گی اُس کا صلہ اُسے اولاد کی صورت میں ملے گا … اور بدترین گزارنے والی کو اُس کا … ساری زندگیاں ایک عورت کے گرد گھومتی ہیں جسے ” ماں “ کہتے ہیں … ہر عورت کی ناموس کا ذمہ دار مرد ہے … اِسی کی ماں ہے ‘ بیوی ہے ‘ بہن ہے ‘ بیٹی ہے … مگر گالیاں عورت کے نام کی ہیں یہ کتنا مکروہ رواج ہے … جس کا کوئی گناہ نہیں سب گالیاں اُس کے نام کو ہیں اِس لئے کہ وہ عورت ہے … !!!
###
 22-4-14 بوقت : 7بجے صبح
کچھ لوگوں کے شادی کے سہرے لکھے جاتے ہیں مگر شادی کے بعد وہ مرثیہ نما نظمیں بن جاتی ہیں … اِس کا نام فریب ِ ثانی ہے … زندگی تو ہے ہی چھوٹی سی مگر مزید سکڑ جاتی ہے … دل کے غبار کے سارے اخراج بند ہو جاتے ہیں … فریق ثانی کی محتاجی جب آڑے آتی ہے … شریک حیات جب غریق حیات بن جاتی ہے … ! 
خیال اپنا اپنا ہے مگر میرا خیال ہے کہ اللہ تعالیٰ جس حال میں رکھے اُس حال میں خوش رہو … یہ رویہ سب سے بہترین ہے ” یہ وقت بھی نہیں رہے گا “ یہ کلیہ زندگی میں آسانیاں پیدا کرتا ہے … !!
###
23-4-14 بوقت : 6:30صبح
عورت کی پوری عقل اُس کی اپنی زندگی کو کھا جاتی ہے اِس لئے خالق نے اُسے ناقص العقل رکھا ہے … گواہی آدھی … حصہ آدھا … عقل آدھی … ورنہ یہ مرد کے مقابلے میں کھڑی ہو جاتی تو نظام قدرت میں خلل پڑتا … خالق نے اِسے صنف نازک بنایا ہے اور مرد کو مرد آہن ۔
مرد کے ذہن پر عورت حکمرانی کرتی ہے اور عورت کے ذہن پر مرد … یہ ایک دوسرے کی کائنات ہیں … ایک دوسرے کی زندگی ہے … دونوں ایک دوسرے کے لئے زندہ رہنے کی خواہش کو اولیت دیتے ہیں … سانس الگ الگ لیتے ہیں مگر دکھ سانجھے محسوس کرتے ہیں … !!
جو دل پیار اور محبت سے خالی ہے وہ انسانی نہیں حیوانی دل ہے … دل خواہشات کا ایک خزینہ ہے … سب سے عظیم خواہش مرد کے لئے عورت اور عورت کے لئے مرد … جب ایک دوسرے کی عقل کو تسلیم کر لیں … گھر کی حکمرانی اور باہر کی ذمہ داری … !
بچوں کو جنم عورت نے دیا ہے مگر دنیا میں باپ کے نام سے پکارے جائیں اور آخرت میں ماں کے نام سے اٹھایا جائے گا … کیونکہ عیسیٰ بن مریم ہے … ! جو لوگ عیسیٰ  کو اللہ کا بیٹا کہتے ہیں وہ کیسے لوگ ہیں جنہوں نے اللہ کے بیٹے کو سولی پر چڑھا دیا اور اللہ نے اپنے بیٹے کو نہ بچایا … ماں بڑی عظیم معصومہ تھی جب لوگوں نے پوچھا یہ بچہ کس کا ہے … جب پوچھا تو بچے نے جواب دیا … کیا … میں صاحب کتاب پیغمبر ہوں …!

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich