Episode 26 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 26 - عورت - قلب حسین وڑائچ

29-6-14 بوقت : 5:30بجے صبح
جو عورت اپنے خاوند کو شکست فاش کی تمنا پالتی ہے وہ اپنی مردہ زندگی کو سہارا دیتی ہے ۔
###
7-7-14 بوقت : 8بجے شام
اُس عورت کے لئے خاص جہنم ہے جو نیک اور ذمہ دار خاوند کو روحانی ‘ قلبی اور ذہنی اذیت دیتی ہے … جو اُس کی جائز ضروریات حلال کمائی سے پوری کرتا ہے … شکوہ باز عورت کا ایمان ناقص اور یقین کمزور ہوتا ہے ایسی عورت عذاب خانہ میں زندگی بسر کرتی ہے … سب کچھ ہوتے ہوئے جو شکوہ کرتی ہے … وہ بیوی نما ہوتی ہے … بیوی وہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے گھر راحت اور مسرت کدہ ہو … نا کہ جہنم کدہ … !!!
###
جس گھر میں حیاء دار عورت ہے وہاں کبھی فساد نہیں ہو گا … ! بے حیاء عورت گھر کا سکون برباد کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

###
خاوند کی نظر میں جو عورت گِر جائے ساری زندگی رسوائی والی زندگی بسر کرتی ہے … بے شک وہ دولت مند ہی کیوں نہ ہو ‘ خاوند عورت کے وقار کا نام ہے ۔
###
14-7-14 بوقت : 5بجے صبح
عورت باورچی خانہ کا حسن ہے ‘ خوبصورتی ہے ‘ سیرتی ہے ‘ عمدگی ہے بلکہ باورچی خانہ کی زندگی ہے … جس عورت نے باورچی خانہ نہیں دیکھا اُس کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں … جو صرف بچے بنانے والی مشین ہے اور تربیت نہیں کرتی … احسن سلیقے نہیں سکھاتی … وہ زندگی کی مقروض رہے گی 
عورت وہ کمال ہے جو باورچی خانہ کی ملکہ ہے … جس کے ہاتھ میں ذائقہ ہے … جو قدرتی حسن پہ یقین رکھتی ہے … جو اپنے سے زیادہ اپنے بچوں پہ توجہ دیتی ہے … جس کی عبادت کا نام خدمت ہے … خدمت … عورت کا دوسرا نام خدمت ہے … یہ خدائی خدمتگار ہے یہ بغیر عوضانہ کے گھر کی نگہداشت کرتی ہے ۔
عورت وہ کمال ہے جس کی آنکھوں میں حیاء والا قہر اور دل ریشم سے زیادہ نرم ہو … جو بات کرے تو خاوند کی روح ٹھنڈک محسوس کرے … وہ تپتے صحرا میں ٹھنڈی ہوا کی طرح ہو … جو گھر میں سے سارے خوف نکال دے اور امن کے محلات تعمیر کر دے وہ اصل عورت ہوتی ہے … !!!
عورت کا سارا فیشن اُس کا میاں ہے جو اُس کی ساری ضروریات گھر پر مہیا کرتا ہے … ساری خواہشات اور تمناؤں کا مرکز خاوند کو بنا کر رکھتی ہے وہ سدا سکھی رہتی ہے ۔
جس عورت کی روح گھر کے لئے پریشان نہ ہو وہ گھر نہیں بسا سکتی ۔
###
14-7-14 بوقت : 8بجے صبح
جو عورت مجازی خدا کو راضی نہیں رکھ سکتی وہ خدا کو کیسے راضی رکھے گی جو اُس کے روبرو دیکھا نہیں … عبادت خدا کی کرے مگر راضی مجازی خدا کو رکھے تو سکون اور راحت سے زندگی بسر کرے گی 
###
جو عورت اپنے خاوند کو گناہ سے اور برائی سے نہیں روکتی وہ اُس گناہ اور برائی میں شامل ہوتی ہے ۔
###
عورت جو ہار نہیں مانتی وہ زندگی کی بازی ہار جاتی ہے مگر ضد پہ قائم رہتی ہے … عورت کا زعم اُسے برباد کرتا ہے وہ عورت جو باپ اور خاوند سے روحانی انتقام لیتی ہے … اُس کا انجام کبھی بخیر نہیں ہوتا … !!!
###
14-7-14 بوقت : 5بجے سہ پہر
گھروں میں عورتوں کے فسادی رویے جوانمردوں کو بزدل بنا دیتے ہیں … بے حیاء عورت مرد کو لاجواب کر دیتی ہے … عزت نفس کی حفاظت نہایت مشکل ہے ۔
###
جو عورت بیٹوں کی پرورش نسوانی بنیادوں پر کرتی ہے وہ کبھی دلیر اور بہادر نہیں ہوتے … وہ مرد میدان نہیں بنتے … وہ نام و نشان نہیں بناتے … جو جوہر نسوانی میں پلتے ہیں … بیٹا باپ پہ اچھا اور بیٹی اچھی ماں پہ اچھی … !!!
###
بے تحمل عورت کبھی شریک حیات سے تعاون نہیں کرے گی … احمقانہ رویے اُس کے نزدیک بے معنی ہیں … اِن لہجوں کو وہ اپنے وقار میں شامل کرتی ہے۔
###
14-7-14 بوقت : 7بجے شام
ماں گھر کے ناگوار ماحول کے درمیان ایک دیوار ہوتی ہے جب یہ دیوار گر جائے تو گھر برباد ہو جاتا ہے ۔
###
15-7-14 بوقت : 7بجے صبح
جس عورت کو اپنے والد اور اپنے خاوند کا احساس نہیں وہ یہ کہے کہ اُسے بچوں کا بہت احساس یہ بدمزہ جھوٹ ہے ‘ بے فائدہ … عورت جو حد سے زیادہ عقل مند ہو جائے وہ نہایت احمق ہو جاتی ہے پھر اُس کے نزدیک نہ خاوند اور نہ ہی والد قابل احترام رہتے ہیں … وہ ہر رشتہ کو عقل کی کسوٹی پر پرکھتی ہے نا کہ نگاہ احترام سے … !!!
###
16-7-14 بوقت : 3بجے صبح
صبر اور شکر عورت کی میراث ہے … ! عورت جب عدم برداشت کا شکار ہو گی … اُس وقت ذلیل و خوار ہو گی … عورت جو ضد کرے گی وہ تباہ ہو گی … خواہ حضرت نوح  کی بیوی ہو … ! عورت کا وقار اُس کے حسن میں نہیں … حسین رویوں میں ہے ۔
###
ازدواجی زندگی میں غیر سنجیدہ رویے ترک کر دو … یہ کسی وقت بھی حادثہ کا باعث بن سکتے ہیں … حسن مزاج دیگر بات ہے مگر غیر معیاری گفتگو گھر میں بھی نہیں ہونی چاہئے … گھر فنگس زدہ ہو جاتے ہیں … گھر کے ماحول کو جتنا صاف اور شفاف رکھو گے اتنا پرُ سکون ہو گا … گھر کو مسجد کی طرح سمجھو آپ کا ہر عہد عبادت میں شمار ہو گا … اور گھر عورت کی وجہ سے گھر ہے اور بے گھر کسی عورت کی وجہ سے ہے … ازدواجی زندگی کو جتنا حسین اور آسان بناؤ گے اتنی زندگی اور موت آسان ہو گی … دنیا ازدواجی زندگی کا نام ہے … !!!
###
جس بیٹی کا اچھے باپ کے ساتھ مزاج کا تصادم ہے اُس کی اپنے خاوند کے ساتھ ہمیشہ جنگ رہے گی … وہ کبھی چین اور سکون سے زندگی بسر نہیں کرے گی … وہ اختلافات کے دوران مرے گی … زندگی اُس کی عذاب کدہ میں بسر ہو گی … !!!

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich