Episode 28 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 28 - عورت - قلب حسین وڑائچ

10-3-14 بوقت : 5:10بجے صبح
شادی سے پہلے والی محبت میں کمی آ سکتی ہے … شادی کے بعد جو محبت پروان چڑھتی ہے وہ سدا جوان رہتی ہے … محبت ایک دفعہ کا نام ہے دو دفعہ کی محبت دفع … ! محبت بوڑھی ہو جائے تو زمانہ بدل جاتا ہے … بوڑھا ہو جاتا ہے … جواں ہے محبت … حسین ہے زمانہ … سدا بہار محبت فطرت سے کرو اگر سدا خوش رہنا ہے ۔
###
13-3-14 1-15 بجے نصف شب 
جس گھر میں ساس بہو اکٹھی رہتی ہیں وہاں برتن زیادہ ٹوٹتے ہیں کیونکہ دونوں کا غصہ برتنوں پہ نکلتا ہے …!
###
عورت اور مرد کا بطور میاں بیوی تقدیر کا رشتہ ہے … جو عورت سٹیٹس تلاش کرتی ہے وہ زندگی میں کبھی سُکھ نہیں پائے گی اور ہمیشہ تذزب کا شکار رہے گی … عورت کا سٹیٹس مرد کی بالادستی کو تسلیم نہ کرنے کا نام ہے ۔

(جاری ہے)

###
اچھی ماں سب اچھائیوں کی ماں …!!! خدا نے جب عورت کو اولاد کا حق دیا ہے تو ، اس سے بڑا دنیا میں کوئی حق ہے ” اے پتر ہٹاں تے نہیں وکدے “ ” تو لبدی پھریں بازار کڑے “
###
عورت کی زیارت فطرت کا تماشا ہے …!
###
13-3-14 2-30 بجے نصف شب 
مرد نشان عزم … عورت مثال حسن … مرد صنف طاقت … عورت صنف نازک … مرد سلطان … عورت رانی … مرد حکمران … عورت سلطنت … !
مرد اور عورت ایک بکھیڑا … مرد جزر … موسموں کی طرح کبھی بہار کبھی خزاں … مزاجوں میں گری سردی … کبھی باد باراں کبھی حبس جاں کبھی سورج کی گری کبھی بادلوں کی چھاؤں …کبھی چاند کی روشنی کبھی گپ اندھیرا… کبھی باد صبا کبھی مرمر … کبھی جنت کا منظر کبھی دوزخ کی آگ … یہ مردوزن رویے دنیا کا حسن بے کراں … سرد نشان عزم شاں … عورت اُس کی زندگی میں پریوں کی طرح … سمجھو میرے دوست … سمجھو دنیا فقط میاں بیوی کا نام …!!!
###
عورت مرد کی سوچوں پر سب سے زیادہ اثر افروز ہوتی ہے وہ اُس پانی کے قطرہ کی مانند جو آہستہ آہستہ پتھر میں سوراخ کر دیتا ہے …
###
ماں بچوں سے سب سے زیادہ پیار کرتی ہے حالانکہ اُسے بچوں کے باپ سے زیادہ پیار رکھنا چاہیے ، حکم ماننا چاہیے جس کی وجہ سے خاوند اور اولاد جیسی نعمت نصیب ہوتی ہے … جو لذت لا زوال ملی ہے …!
###
عقل مند بیوی احمق شوہر کے اوپر سایہ ہوتی ہے …!
###
دنیا کے تماشا کی روح کا نام ” عورت “ ہے ۔
###
عورت کا ایمان دنیا کا امن ہے … اگر اُس کی ذات دیانتدار ہے تو کرہ پر گناہ کیسا … !!!
###
عورت وہ عظیم نشہ ہے جو خالق نے مرد کے لئے پیدا کیا اور اِسے جائز قرار دیا بلکہ لازم … یہ نشہ عالم بے خودی میں لے جاتا ہے ۔
###
مرد ہو یا عورت جو اپنے بالوں کی رنگت تبدیل کرتے ہیں وہ بد ترین احساس کمتری کا شکار ہوتے ہیں … وہ قدرتی حسن کو پامال کرتے ہیں اُن کے چہروں کا نور زائل ہو جاتا ہے … یہ بھی دل خوش کرنے کا اک رویہ ہے … یا کمزور سوچ … وقت برباد ‘ پیسے برباد ‘ قدرتی حسن برباد … خدا ناراض ‘ جو اُس کا دیا ہوا ہے اُسے اُس طرح سمجھو … !!!
###
11-8-14 بوقت : 4بجے صبح
ایسے شوہر کے ساتھ جو عورت زندگی بسر کرتی ہے جس میں شرعی اور غیر شرعی سارے عیوب ہوں ‘جنت اُس کے حق مہر کا حصہ ہے … اُس کا صبر کوہ احد سے افضل ہے … اُس کے گھر کا سارا سفر طواف کعبہ ہے … لمحہ لمحہ زندگی جہاد میں شمار ہو گی … جو اپنے فرائض میں غفلت نہیں کرے گی … جو ایسے شخص کے بچوں کی اعلیٰ تربیت کرے گی … جو صبر اور شکر والی عبادت میں ہمہ وقت مصروف رہے … !! ایسی عورت کا جزا کا دن دنیا میں شروع ہو جاتا ہے … !
دیکھو میرے دوست ! ہم اپنے اعمال اپنے بنائے ہوئے ترازو پر تولتے ہیں … اِس بات میں بھی کوئی وزن نہیں کہ ہم اپنے اذہان میں نیکو کاروں اور گنہگاروں کے حلیے فکس کر لیں ‘ نہ جانے وہ اندر سے کیسے ہیں … نورانی چہرے ‘ لمبی عبائیں ‘ نمونہ باز قبائیں اور رنگ دار عجیب عمامے … نیم گلابی ‘ نیلی اور سفید اور کالی چادریں ‘ ہاتھ میں لمبی تسبیح ‘ عقب میں جان چھڑکنے والے عقیدت مندوں کا ہجوم … مگر ضمانت کون دے کہ وہ انسان کتنے ہیں اُن میں انسانیت کتنی ہے … انسانی جسموں کی فصیل بنا کر زندگی بسر کرتے ہیں … مگر نہیں جانتے مرنا ایک طرح ہے … !!!
لوگو ! زمین کے نیچے بہت نیچے سب کا مقام ایک جیسا ہے … وہاں ایک جہاں لا تعداد صدیوں سے آباد ہے اور زمین کے اوپر بسنے والوں کو اُن کی خبر نہیں … نور سے منور وہی قبر ہو گی جنہوں نے نور بھری زندگی بسر کی ہو گی وہ مرد ہو یا عورت … بس اتنی اور تھوڑی سی بات ہے جس کی سمجھ میں آ جائے۔
 
###
19-8-14 بوقت : 6بجے صبح
جو مرد باورچی خانہ میں زیادہ وقت گزارتا ہے اُس میں ایک عورت چھپی ہوتی ہے … اُس میں عورت کی روح کی طرح ایک بے چین روح ہوتی ہے … پھر مردانہ صفات بانجھ ہو جاتی ہیں اور پھر کھانوں میں نقص نکالتا ہے … عورتوں کی طرح بحث کرتا ہے اور خود کو مرد نامراد تصور کرتا ہے … ایسے مرد کی کسی بات پہ اعتبار مت کرو اور اِس کے عہد کو فضول جانو … اے صاحب شناس لوگو ! مرد کاروبار میں اور عورت باورچی خانہ میں خوب لگتے ہیں ۔
###
19-8-14 بوقت : 6:25بجے صبح
عورت اگر اپنی ذات کو پہچان لے تو یہ عظمت کا وہ بلند مینار ہے کہ انسانیت کی بستی میں اِس سے اونچا کسی کا مقام نہیں … یہ پیغمبروں اور ولیوں کی ماں ہے نہ خود پیغمبر نہ ولی … اِس سے بڑھ کر اِس کی عظمت اور کیا ہے ؟ نیک عورت نیک نسل کی ضمانت ہے … نیک گھرانے کی … نیک خاندان کی ۔
###
مرد کی حُسن حِس کا نام ” عورت “ہے … !!!

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich