Episode 1 - Harf Harf Haqeeqat By Wasif Ali Wasif

قسط نمبر 1 - حرف حرف حقیقت - واصف علی واصف

حرفے چند
واصف علی واصف کے صوفیانہ نثر پاروں کا تیسرا مجموعہ قارئین کرام کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ان کی ایسی ہی تحریروں کے دو مجموعے بعنوان ”دل دریا سمندر“ اور ”قطرہ قطرہ قلزم“
شائع ہو کر قبول عام کی سند حاصل کر چکے ہیں۔
زیر نظر مجموعہ میں واصف علی واصف کے ان مضامین کو یکجا کیا ہے۔ جو ان کے وصال (۱۸ جنوری ۱۹۹۳ء) سے قبل تقریباً دو ڈھائی سال کے عرصے میں اشاعت پذیر ہوئے اور حسب سابق روزنامہ ”نوائے وقت“کے صفحات کی زینت بنتے رہے۔
لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ان بصیرت افروز اور ایمان پرور تحریروں سے اکتساب فیض کیا اور بڑے ذوق و شوق سے ان کا مطالعہ کرتے رہے۔
اس کتاب کی طباعت اور تزئین کے تمام مراحل واصف علی واصف کی زندگی میں مکمل ہو گئے تھے ۔

(جاری ہے)

لیکن ان کی علالت کے باعث طباعتی عمل میں بار بار رکاٹ پڑتی رہی۔ مقام افسوس ہے کہ یہ کتاب صاحب کتاب کی زندگی میں طبع نہ ہو سکی اور اب یہ پس مرگ (Posthumous) تصنیف کی حیثیت سے پیش کی جا رہی ہے۔

اس کتاب کا عنوان یعنی ”حرف حرف حقیقت“واصف علی واصف نے خود ہی تجویز کر دیا تھا۔ ان کی اس انداز کی کتب کے سہ لفظی عنوانات جز اور کل کے وصل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس داستان وصل کو خوبصورت علامات کے پیرائے میں بیان کیا گیا ہے۔ صوفیانہ ادب کا محور و مرکز یہی داستان رہی ہے اور دور حاضر کے صوفی باصفا  بے مثل درویش اور صاحب اسلوب ادیب واصف علی واصف نے بھی اسی روایت کو نئی آب و تاب کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔
یہ تعارف نہیں بلکہ چند معروضات ہیں ۔ جن کا تعلق کتاب کی طباعت سے ہے۔ امید واثق ہے کہ واصف صاحب۔ کی دیگر تصانیف کی طرح ان کی یہ کتاب بھی طالبان حق اور مسافران راہ سلوک کیلئے مینارہٴ نور ثابت ہو گی۔
محمد اکرام چغتائی

Chapters / Baab of Harf Harf Haqeeqat By Wasif Ali Wasif