Episode 5 - Hilal E Kashmir (Naik Saif Ali Janjua Shaheed) By Anwaar Ayub Raja

قسط نمبر 5 - ہلالِ کشمیر (نائیک سیف علی جنجوعہ شہید) - انوار ایوب راجہ

 بسم اللہ الرحمن الرحیم

دنیا کی ہر باضمیر قوم اپنے شہدا کو یاد رکھتی ہے اور ان کے عظیم کارنامے آ ئند ہ نسلوں کو منتقل کرتی ہے۔ وطن کے محافظوں کی قربانیوں کا تذکرہ زندہ رکھتی ہے۔ اس مقصد کے لیے شہروں، سڑکوں، چوراہوں، اداروں اور عمارتوں کے نام شہیدوں سے منسوب کیے جاتے ہیں۔ شہداء کی تصاویر ان کے کارناموں کے ساتھ آویزاں کی جاتی ہیں۔
انہیں اعزازات دیے جاتے ہیں۔ ان کی شجاعت پر فلمیں بنتی اور کتابیں لکھی جاتی ہیں۔ اس لیے کہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو آزادی، حریت اور قومی وقار کو اپنی جان سے عزیز رکھتے ہیں۔ وہ اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر دیتے ہیں۔ ہر ملک کا قومی ضمیر ایسے شہیدوں کو بار بار یاد کرتا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے کارناموں کا جذبہ زندہ رہے۔

(جاری ہے)

انوار ایوب راجہ نے کشمیر کے دلیر سپوت نائیک سیف علی شہید کی سوانح عمری تحریر کرکے قومی فرض ادا کیا ہے۔
 
انہوں نے نہ صرف شہید کی ابتدائی زندگی کے بارے معلومات جمع کیں بلکہ معرکہ کشمیر میں ان کی بہادری اور جواں مردی کی داستان بھی تفصیل سے لکھی ہے۔ نائیک سیف علی شہید کو کشمیر کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہلال کشمیر بھی عطا کیا گیا۔ ایسے دلاور فرزندان کشمیر کی قربانیوں کے باعث ہی آج جموں و کشمیر کے ایک حصے پر آزاد پرچم لہراتا ہے۔
انوار ایوب را جہ کا پیرایہء تحریر سادہ، رواں سلیس اور جذبوں سے معمور ہے۔
وہ واقعات کو مناسب جزئیات کے ساتھ مہارت سے قلم بند کرتے ہیں۔ 
امن کی شدید خواہش کے باوجود ہمیں ہر لمحہ دفاع وطن کے لیے تیار رہنا پڑتا ہے۔ کمزوری جارحیت کو دعوت دیتی ہے۔ تھیوری کی سطح پر مطلق امن پسندی وجود رکھ سکتی ہے لیکن اس تھیوری پر مدار رکھ کر حقائق سے آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں۔ ہم ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں جرم ضعیفی خود سزا بن جاتا ہے۔
بنا برایں ، انوار ایوب راجہ نے کشمیر کے جری فرزند اور دھرتی ماں کے دلیر سپوت کو جو خراج تحسین پیش کیا ہے اس کی تحسین کرنا لازم ہے۔ یہ کتاب جہاں شہید کی سوانح حیات ہے وہیں تاریخ کا ایک ورق بھی ہے جس سے ہمیں اس زمانے کے حالات و واقعات سے آگاہی بھی ہوتی ہے۔ 
یہ کتاب پیام حریت بھی ہے اور آزادی کی نقیب بھی۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام اپنا حقِ خودارادیت حاصل کر کے اپنے مستقبل کا خود تعین کریں گے۔
ان کا یہ حق بین الاقوامی برادری سے تسلیم شدہ ہے۔ 
میں انوار ایوب راجہ کو اس اہم کتاب کی اشاعت پر مبارک پیش کرتا ہوں اور ان سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ اسی طرح مٹی کی محبت میں سرشار رہیں گے۔

میجر شہزاد نیر(شاعر)
 گوجرانوالہ
 اکتوبر 2017ءء

Chapters / Baab of Hilal E Kashmir (Naik Saif Ali Janjua Shaheed) By Anwaar Ayub Raja