Episode 47 - Hilal E Kashmir (Naik Saif Ali Janjua Shaheed) By Anwaar Ayub Raja

قسط نمبر 47 - ہلالِ کشمیر (نائیک سیف علی جنجوعہ شہید) - انوار ایوب راجہ

معرکہ پیر کلیوا

بڈھا کھنا، پیر کلیوا، دراوہ اور بھمبر گلی کی پہاڑیاں شرقاً غرباً اور شمالاً جنوباً کچھ اس طرح پھیلی ہوئی ہیں کہ یہ ایک دوسرے کی حفاظت بھی کرتی ہیں اور جدا جدا بھی ہیں۔ ندی نالوں کے ذریعے باہم ملی ہوئی قدرت کا شاہکار یہ پہاڑیاں عمودی نہیں بلکہ چپٹی ہیں اور چڑھائی کے اختتام پر ایک سطح مرتفع کا منظر پیش کرتی ہیں۔
علاقہ کی بناوٹ اور زمینی خدوخال کی وجہ سے یہ پہاڑیاں دشمن کے لئے وبال جان بنیں اور ان پر بیٹھے اللہ کے مجاہدوں نے چن چن کر دشمن مارے اور ان کی قوت کو پاش پاش کردیا۔

دشمن کا منصوبہ

دشمن نوشہرہ اور راجوری پر قبضے کے بعد تمام چھینے ہوئے علاقے واپس لینے کی جستجو میں تھا چونکہ تب تک حکومت پاکستان نے فیصلہ نہیں کیا تھا کہ کشمیر میں فوجی مداخلت کی جائے یا کہ نہیں۔

(جاری ہے)

جو کمانڈر اور فوجی دستے پونچھ مینڈھر، مظفرآباد اور بھمبر میں آئے تھے انہیں بھی حکم ملا تھا کہ وہ کسی قسم کی جنگی کاروائیوں میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ جو کچھ مجاہدین کریں صرف اس کی رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوائیں۔
ظاہر ہے کہ جب میدان خالی ہواور لڑنے والے کمزور اور ناتواں ہوں اور دیکھنے والے فیصلہ کرنے کی ہمت سے عاری گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہوں تو دشمن اس کا فائدہ کیوں نہ اٹھائے۔
چنانچہ دشمن نے بڈھا کھنا اور پیرکلیوا کا علاقہ ایک بھر پور کاروائی کے لئے منتخب کیا۔ اس منصوبہ کی کامیابی سے دشمن کو خاطرخواہ فائدہ حاصل ہوسکتا تھا چونکہ مینڈھر کو قبضہ میں لینے کے بعد وہ تین سمتوں میں پھیل کر مجاہدین کی کامیابیوں کو سردست ناکامی میں بدل سکتا تھا۔ مینڈھر کی فتح اور اسے مستقر بنا کر وہ ایک ہی وقت میں کوٹلی، کھوئیرٹہ اور شمال میں ہجیرہ کی طرف پیش قدمی کرتا اور عقب سے ہوتا ہوا آزاد کشمیر کے تمام علاقوں کو ایک دوسرے سے کاٹ کر غیر محفوظ کردیتا۔

Chapters / Baab of Hilal E Kashmir (Naik Saif Ali Janjua Shaheed) By Anwaar Ayub Raja