Episode 26 - Saat So Saal Baad ( Imran Khan Niazi Tareekh Ke Aaine Mein ) By Anwaar Ayub Raja

قسط نمبر 26 - سات سو سال بعد (عمران خان نیازی تاریخ کے آئینے میں) - انوار ایوب راجہ

1973ءء میں میر خیر بخش مری نے بلوچ سرداروں کو باہم ملا کر بغاوت کی۔ اکبر بگٹی سمیت بہت سے نامور سردار اس بغاوت میں شریک نہ ہوئے اور صلح کی کوشش کرتے رہے ۔ افغانستان اور روس کے علاوہ برطانوی خفیہ اداروں نے اس بغاوت میں حصہ لیا اور بھارت کی مدد سے باغیوں کو اسلحہ سپلائی کیا۔ عراق اور مصر نے بھی باغیوں کی حمایت کی مگر بڑی کامیابی نہ ہوئی۔
کوہلو ، دُکی ، بارکھان ، خضدار اور دیگر مقامات پر باغیوں نے فوج کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کیں اورجانی نقصان پہنچایا ۔ لیفٹیننٹ جنرل راجہ محمد اکبر خان اورمیجر جنرل عبداللہ سعید کی کمان میں فوج نے سخت کاروائیوں کے ذریعے باغیوں کو کچل دیا۔ آپریشن شمالانگ کے بعد باغیوں کی کمر ٹوٹ گئی اور وہ کسی بڑی کارروائی کے قابل نہ رہے۔

(جاری ہے)

اس بغاوت میں کمیونسٹ اورسوشلسٹ نظریات کے حامل پنجابی اور پختون طلباء نے پہلی بار حصہ لیا ۔

مشہور صحافی اور دانشور نجم سیٹھی اور تاریخ دان احمد رشید دو ران آپریشن گرفتار ہوئے مگر جنرل ضیاء الحق نے ان کی معافی قبول کرتے ہوئے ان کی جان بخشی کر دی ۔ نجم سیٹھی گروپ نے لندن میں رہتے ہوئے پاکستان مخالف تحریک چلائی اور اپنے اخبار کے ذریعے بلوچستان کے باغی سرداروں جنرل شیرف ( شیرومری ) علی گل ٹھنگیانی اور دیگر کے کارناموں کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔
وزیراعظم ذواالفقار علی بھٹو مرحوم نے اس بغاوت کی پشت پناہی پر خان عبدالولی خان اور دیگرکو حید آباد قلعے میں بند کر دیا۔ حیدر آباد میں ان لوگوں کاٹرائل جاری تھا کہ بھٹو کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا اور جنرل ضیاء الحق نے حیدر آباد ٹربیونل کے خاتمے اور قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا۔ 2004ءء میں نواب اکبر بگٹی اور خبر بخش مری کے پوتے ہر بیارمری نے بغاوت کی ۔
مری، بگٹی کے علاقوں میں فراری کیمپ قائم کیے اور روس ، امریکہ ، بھارت ، اسرائیل اور افغانستان سے اسلحہ وایمونیشن کے علاوہ تربیت یافتہ افراد کی مدد بھی حاصل کی۔ قلات کے پرنس سلیمان نے بھی ان کی حمایت کی اور لندن جا کر پراپیگنڈہ مہم شروع کردی۔ بلوچ لبریشن آرمی کا قیام عمل میں آیا جسے تحریک طالبان پاکستان (TTP) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔
دوران آپریشن اکبر بگٹی اپنی پناہ گاہ میں دب کر ہلاک ہوگئے اور اُ ن کا پوتا افغانستان بھاگ گیا ۔ شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں جنرل راحیل شریف اور جنرل باجوہ نے کامیاب آپریشن کیے اور دہشت گردوں کا صفایا کر دیا۔ پاکستان مخالف علماء ،دانشوروں،سیاستدانوں اور صحافیوں کے علاوہ بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں نے ملکر پختون تحفظ موومنٹ کے نام سے پاکستان مخالف تنظیم کی بنیاد رکھی جسے سوشل میڈیا اور ویسٹرن میڈیا کے علاوہ بھارتی اور افغان میڈیا نے پوری قوت سے اجاگر کیا۔
پاکستان آرمی اور اس کے اداروں نے انتہائی صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دانشور انہ سوچ کے ذریعے اندرونی اور بیرونی میڈیا کی یلغار کا مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کی پراپیگنڈہ مہم کا نوے فیصد اثر نہ صرف زائل کر دیا بلکہ ان کا بھیانک چہرہ عوام کے سامنے عیاں کرنے میں بھی کامیابی حاصل کر لی۔باوجود اس کے یہ مہم جاری ہے اور آنے والے دور میں کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔ 

Chapters / Baab of Saat So Saal Baad ( Imran Khan Niazi Tareekh Ke Aaine Mein ) By Anwaar Ayub Raja