Zakhera andozoon ke khilaf grand operation

Zakhera Andozoon Ke Khilaf Grand Operation

ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گرینڈ آپریشن

آزاد بلوچستان کے نعرہ سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو تقویت ملے گی

اظہر سلیم مجوکہ
آزاد بلوچستان کا نعرہ لگانے سے یقینا ملکی سلامتی تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو تقویت ملے گی لہٰذا اپوزیشن کے 11 جماعتی گٹھ جوڑ کو اس حوالے سے بڑی سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حقوق کی بات کرنے والے اپنے بڑوں سے پوچھیں انہوں نے بلوچوں کے لئے خود کیا کیا؟۔
بلوچستان میں تاریخی ترقی ہو رہی ہے،جلسے میں ہونے والی تقاریر سے ثابت ہو گیا کہ پی ڈی ایم دراصل بی جے پی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔بیگم مریم صفدر کا سیاسی قد یہی ہے کہ وہ مستقل نا اہل ،سزا یافتہ اور اشتہاری سابق وزیراعظم کی صاحبزادی ہیں۔مریم اور بلاول کی سربراہی میں یہ منافق ٹولہ چاہے جو کر لے این آر او نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی ہدایت پر سائنس کالج میں بی ایس بلاک کی تعمیر جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین کلین پنجاب وژن پر کام کر رہے ہیں جس کی کامیابی میں طلبا و طالبات کو کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔اس میں کوئی دورائے نہیں ہیں کہ نئی نسل وطن عزیز کے درخشاں مستقبل کی امید ہے،مشکلات دنیا کے ہر سسٹم کا حصہ ہیں ان سے نبرد آزما ہونا بہادری ہے۔قدرت زندگی میں ہر انسان کو آگے بڑھنے کا چانس دیتی ہے۔
اللہ رب العزت نے انسان کو دیگر مخلوقات سے علم اور سمجھ بوجھ کی بناء پر عظمت و برتری عطا فرمائی ہے۔
انسانی زندگی کا اہم مقصد اپنے آپ کو علم ،سمجھ بوجھ سے آراستہ کرنا ہے۔طلبہ قوم وملت کے نگہبان و پاسبان ہوتے ہیں اور مستقبل کے معاشرے کی تشکیل میں یہ کلیدی کردار انجام دیتے ہیں۔جدید دور کی ضروریات کے پیش نظر اپنا تعلیمی معیار بلند کرنا ہو گا۔طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویڑن جاوید اختر محمود نے اپنے مادر علمی سائنس کالج دورہ کے موقع پر کیا۔
سائنس کالج میں کمشنر کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ ایک کامیاب طالب علم اور انسان کے لئے اپنے کام اور امور کی احسن تکمیل کے لئے تحقیق،علم کا لازمی طور پر خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے اگر طالب علم ان دو باتوں کا خیال رکھنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تب ناکامی ان کا مقدر بن جاتی ہے وہ طلبہ ہوں یا دیگر افراد،جب ان دو امور پر عمل پیرا ہو جاتے ہیں تب وہ اپنے علم و مہارت میں کمال و عروج حاصل کر لیتے ہیں۔

حکومت پنجاب نے کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبائی سطح کے ان مقابلوں کی میزبانی ملتان بھی کرے گا۔صوبہ پنجاب میں انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ڈویژنل گیمز کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں،شیڈول کے مطابق گیمز نومبر اور دسمبر میں کرائی جائیں گی۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت کھیلوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم،چیف آفیسر تحصیل کونسل اقبال خان، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ڈویژنل چیمپئن شپ کرانے کی ہدایت کی ہے،ان کھیلوں میں ٹچ ایبل اور نان ٹچ ایبل سمیت 17 گیمز شامل ہیں۔

عامر خٹک نے کہا کہ گیمز پر آنے والے اخراجات میٹروپولیٹن کارپوریشن اور تحصیل کونسل برداشت کرے گی،گیمز میں اتھلیٹکس،والی بال،ویٹ لفٹنگ،بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس،رستم پاکستان سطح کی کشتی کے مقابلے،کبڈی،ریسلنگ،کراٹے اور فیملی فن ریس کے کھیل بھی شامل ہیں،فٹ بال،باسکٹ بال ،باکسنگ اور میٹ ریسلنگ کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے،فٹ بال اور باسکٹ بال کے صوبائی سطح کے مقابلوں کی میزبانی ملتان کرے گا جب کہ چیمپئن شپ میں شامل حتمی کھیلوں کا فیصلہ حکومت پنجاب کرے گی۔
جنوبی پنجاب میں گرانفروشوں کے خلاف مہم کے دوران نرخنامے آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور پرائس مجسٹریٹس کی طرف سے گرانفروشوں کی گرفتاریوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے،گزشتہ دنوں سینکڑوں دکانداروں کو گرفتار اور گرانفروشوں پر لاکھوں روپے جرمانے بھی کئے گئے ہیں، تحصیل ملتان سٹی میں 33،صدر 5،شجاع آباد21اور جلالپور پیر والا میں 22دکانداروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اشیائے ضرور یہ،سبزی اور فروٹ کی قیمتیں میں کمی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ہدایت اللہ خان نے ڈپٹی سیکرٹری ماحولیات کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے بولی کے عمل کو مانیٹر کیا اور سبزی و فروٹ کے تھوک اور پرچون قیمتوں پر منافع کی شرح بارے معلومات حاصل کیں،ٹماٹر کی طلب،رسد اور سٹوریج بارے دریافت کیا اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ہدایات بھی دیں،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی سیکرٹری سے آڑھتیوں نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹماٹر افغانستان اور ایران سے درآمد کیا جا رہا ہے،بارڈر پر انٹری کے مسائل کی وجہ سے منڈی میں ٹرکوں کو پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے،آڑھتیوں نے کہا کہ تاخیر کی وجہ سے ٹماٹر کی کوالٹی بھی متاثر ہو جاتی ہے،حکومت بارڈر پر ٹماٹر سے لدے ٹرکوں کی انٹری کا نظام سہل بنائے،اس بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ خان اور ڈپٹی سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر اور سیکرٹری ماحولیات کو رپورٹ ارسال کر دی ہے۔

Browse More Business Articles