پال شموتو لوکھا کی سربراہی میں تین رکنی وفد کاپنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ

سی پیک کے بعد پاکستان بلاشبہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جنت بننے جا رہا ہے ،بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے‘الفا ٹیکنالوجیز کے سینئر نائب صدر

بدھ 21 جون 2017 17:08

پال شموتو لوکھا کی سربراہی میں تین رکنی وفد کاپنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معروف ترین امریکی کمپنی الفا ٹیکنالوجیز انکارپوریشن نے پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیاہے۔ الفا ٹیکنالوجیز کے سینئر نائب صدر پال شموتو لوکھا کی سربراہی میں تین رکنی اعلی ترین وفد نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کیا۔

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ہارون شوکت نے امریکی وفد کا استقبال کیا اور انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے موجود مواقع کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔امریکی وفد نے پنجاب میں سکیورٹی کی صورتحال پر اطمنان کا اظہار کیا اور بتایاکہ ان کی کمپنی دنیا کے بیشتر ممالک میں قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں گراں قدر سرمایہ کاری کررہی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سربراہ ہارون شوکت نے امریکی وفد کو بتایا کہ پنجاب اس وقت سرمایہ کاری کے لئے موزوں ترین مقام ہے اور یہاں منافع کی شرح گزشتہ سالوں کے دوران تیزی کے ساتھ بہتر ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جاتی ہیں۔ امریکی وفد کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت پلان سے لے کر کاروبار کے عملی آغاز تک سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرتا ہے۔

پال شموتولوکھا نے اپنی کمپنی کا مکمل تعارف پیش کیا اور بتایا کہ ان کی کمپنی توانائی سے متعلق انتہائی جدید، سستی اور قابل قدر سہولیات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا وہ قابل تحسین ہے۔

پال شموتو لوکھا نے کہا کہ سی پیک کے بعد پاکستان بلاشبہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جنت بننے جا رہا ہے اور یہی موقع جب یہاں سرمایہ کاری کیلئے موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی کمپنی یہاں کثیر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے ۔امریکہ کی سابق سفیر اور الفا ٹیکنالوجیز کی سینئر مشیر ٹیریسٹا شیفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں تاہم اب وقت آ گیا ہے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے معاشی تعاون کو بڑھایا جائے ۔

شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک میں باہمی تجارت و سرمایہ کاری کا حجم بڑھا کر تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کروایا جا سکتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے سربراہ نے امریکی وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے وہ ان کی ہر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔

Browse Latest Business News in Urdu