کاروباری برادری کو وی بوک سسٹم میں ای پیمنٹ کے متعلق قیمتی معلومات ملیں گی‘ملک طاہر جاوید

لاہور چیمبر مسلسل حکومت کو یہ باور کرانے کی کوشش کررہا ہے ٹیکسیشن سسٹم میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں

بدھ 17 جنوری 2018 17:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ڈائریکٹوریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن نے مشترکہ طور پر "وی بوک سسٹم میں ای پیمنٹ کی سہولت" کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد کیا جس کا مقصد کاروباری برادری کو اس سسٹم کے بارے میں معلومات مہیا کرنا تھا۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، کلکٹراپریزمنٹ جمیل ناصر خان، ڈائریکٹر ریفارمز واجد علی، یو ایس ایڈ کے نمائندہ حسن ثاقب ، لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ اور دیگر ماہرین نے اس موقع پر خطاب کیا۔

سیمینار کے شرکاء نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری برادری کو وی بوک سسٹم میں ای پیمنٹ کے متعلق قیمتی معلومات ملیں گی۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ لاہور چیمبر مسلسل حکومت کو یہ باور کرانے کی کوشش کررہا ہے کہ ٹیکسیشن سسٹم میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، لاہور چیمبر نے ہمیشہ ڈیوٹیوں و ٹیکسوں کی شرح میں کمی اور ان کی آن لائن ادائیگی کی سہولت مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا جنوری کے آخر میں لانچ کے لیے تیار یہ سسٹم بڑا قابل ستائش قدم ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ کاروباری برادری کو ایسی سہولیات مہیا کرنے سے ان کا اعتماد بڑھے گا، ٹیکس نیٹ کو وسعت ملنے گی اور ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا لہذا ایسی سہولیات کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔ کلکٹر اپریزمنٹ جمیل ناصر خان نے کہا کہ وی بوک سسٹم میں ای پیمنٹ کی سہولت کا اجراء ایک انقلابی قدم ہے جو ایسے مزید اقدامات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات دینے کے لیے ایسے اقدامات اٹھائے جاتے رہیں گے۔

Browse Latest Business News in Urdu