گزشتہ ایک ہفتے میں 14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں6فیصد تک کمی ،چکن اور گوشت سمیت 8 کی قیمتوں میں 6فیصد سے زائد اضافہ

حساس اعشاریوں میں افراط زر میں .03فیصد کمی ہوئی جس کا سب سے زیادہ فائدہ 8 ہزار روپے آمدنی والے غریب ترین طبقے کو پہنچا

ہفتہ 10 فروری 2018 21:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) ملک میں چینی گھی، ٹماٹر، دالوں کی قیموں میں کمی کا سلسلہ برقرارہے اورگزشتہ ایک ہفتے میں 14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں6فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اس دوران چکن اور گوشت سمیت 8 اشیاء کی قیمتوں میں 6فیصد سے زائد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جن کچن آئٹمز کی قیمتوں میں 6فیصد تک کمی ہوئی ان میں چینی، گھی، پیاز، انڈے، ٹماٹر، دال چنا، دال مسور، دال مونگ، آٹا، سرخ مرچ، کوکنگ آئل اور گھی سمیت ایل پی جی سلنڈر بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ادارے کے مطابق اس دوران 8اشیا کی قیمتوں میں6 فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے، جن میں کیلا، گوشت، مرغی، لہسن اور گڑ مہنگے ہوئے ۔حساس اعشاریوں میں افراط زر میں .03فیصد کمی ہوئی ہے جس کا سب سے زیادہ فائدہ 8 ہزار روپے آمدنی والے غریب ترین طبقے کو پہنچا ہے جس کیلئے مہنگائی میں .13فیصد کمی ہوئی ہے۔ اس دوران 12 ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے .09فیصد ، 18 ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے .06فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اس دوران 35 ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی میں .03 اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے طبقے کیلئے .01فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

Browse Latest Business News in Urdu