جاپانی حکومت نے ریٹائرمنٹ و پنشن وصولی کی عمر میں اضافے کی تجویز منظور کرلی

اتوار 18 فروری 2018 13:40

ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء)جاپانی حکومت نے کام کرنے والی آبادی کی شرح میں تیزی سے کمی اور بزرگ افراد کی فلاح و بہبود پر اٹھنے والے بھاری اخراجات کے باعث ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے اور پنشن کی وصولی 70 سال تک کی عمر میں شروع کرنے کی تجویز منظور کرلی۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق ملک میں کام کے قابل آبادی میں تیزی سے کمی ہورہی ہے دوسری جانب بزرگ افراد کی فلاح و بہبود اور انھیں سہولتوں کی فراہمی پر ہرسال بھاری اخراجات کرنے پڑتے ہیں جس کے باعث حکومت نے ان کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے اور انھیں پنشن کی وصولی کے لیے 60 سے 70 سال کی عمر کے دوران کوئی بھی وقت منتخب کرنے کا آپشن دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ 3.4 ملین سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر موجودہ سطح 60 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کی تجویز ہے جسے ضروری قانون سازی کے بعد اپریل 2020 ء سے لاگو کرنے کا منصوبہ ہے۔ابتدائی طور پر ملازمین کو آپشن دیا جارہا ہے کہ وہ پنشن کی وصولی کے لیے اپنی مرضی سے 60 سے 70 سال عمر کے درمیان کا کوئی عرصہ منتخب کرلیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی آبادی 127 ملین نفوس پر مشتمل ہے جو آئندہ چار عشروں تک کم ہوکر 88 ملین پر آجانے کا خدشہ ہے۔

Browse Latest Business News in Urdu